• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کبھی کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں رہی، صندل خٹک

شائع February 25, 2020
صندل خٹک کے مطابق مخلص پاکستانی شہری اور ٹک ٹاک اسٹار ہوں — فوٹو: فیس بک
صندل خٹک کے مطابق مخلص پاکستانی شہری اور ٹک ٹاک اسٹار ہوں — فوٹو: فیس بک

ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک اسٹار صندل خٹک کے وکلا نے لاہور کی سیشن کورٹ سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر بحث کرنے کے لیے عدالت سے مہلت مانگ لی۔

صندل خٹک نے لاہور کی سیشن کورٹ میں گزشتہ ماہ 16 جنوری کو ایف آئی اے کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ انہیں ہراساں کر رہا ہے اور وفاقی ادارے کو ایسا کرنے سے روکا جائے۔

ٹک ٹاک اسٹار کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ ایف آئی اے نے انہیں 28 اکتوبر اور 5 نومبر 2019 کو نوٹسز جاری کرکے تفتیش کے لیے پیش ہونے کا کہا۔

ماڈل نے اپنی درخواست میں لکھا تھا کہ انہیں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ ان کے خلاف کس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے ’ہراساں‘ کر رہی ہے، صندل خٹک کی عدالت میں درخواست

اپنی درخواست میں صندل خٹک نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ایف آئی اے کو ان کے خلاف جاری تحقیقات سے متعلق تمام دستاویزات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

صندل خٹک نے کورٹ میں ایف آئی اے کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے—فوٹو: فیس بک
صندل خٹک نے کورٹ میں ایف آئی اے کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے—فوٹو: فیس بک

ٹک ٹاک اسٹار کی درخواست پر عدالت نے ایف آئی اے سے جواب طلب کیا تھا اور وفاقی تحقیقاتی ادارے نے 20 جنوری 2020 کو ہی عدالت میں اپنا جواب جمع کرایا تھا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا تھا کہ ٹک ٹاک اسٹار صندل خٹک کو مبشر لقمان کی درخواست میں لگائے گئے الزامات پر صفائی اور جواب کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

ایف آئی اے نے اپنے جواب میں وضاحت کی تھی کہ اینکر مبشر لقمان نے صندل خٹک کے خلاف انکوائری کے لیے درخواست دی تھی۔

مزید پڑھیں: صندل خٹک کو مبشر لقمان کے الزامات پر جواب کیلئے طلب کیا، ایف آئی اے

ایف آئی اے کے مطابق مبشر لقمان نے اپنی درخواست میں بتایا تھا کہ صندل خٹک نے سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیوز اپلوڈ کی تھیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا تھا کہ مبشر لقمان نے ایف آئی اے کو درخواست دے کر صندل خٹک کے خلاف انکوائری کے استدعا کی گئی تھی، ساتھ ہی عدالت سے درخواست کی گئی کہ ٹک ٹاک اسٹار کی دائر درخواست کو مسترد کیا جائے۔

ایف آئی اے کے جواب کے بعد عدالت نے صندل خٹک سے جواب طلب کیا تھا اور 25 فروری کو ٹک ٹاک اسٹار کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔

صندل خٹک اپنی متنازع ویڈیوز کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں—فوٹو: فیس بک
صندل خٹک اپنی متنازع ویڈیوز کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں—فوٹو: فیس بک

دوران سماعت صندل خٹک کے وکلا نے عدالت میں ٹک ٹاک اسٹار کا جواب جمع کرایا جس میں ماڈل نے ایک بار پھر وضاحت کی کہ وہ کبھی کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں رہیں۔

انہوں نے اپنے جواب میں لکھا کہ وہ مختلص پاکستانی شہری اور ٹک ٹاک اسٹار ہیں اور وفاقی تحقیقاتی ادارہ انہیں بار بار پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مبشر لقمان کا ٹک ٹاک ماڈل صندل خٹک پر 'چوری' کا الزام

صندل خٹک کے وکلا نے ماڈل کا جواب جمع کراتے ہوئے اس پر بحث کے لیے عدالت سے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے ماڈل کے وکلا کو پوری تیاری کے ساتھ آئندہ ماہ 11 مارچ کو طلب کرلیا۔

خیال رہے کہ صندل خٹک ساتھی ماڈل حریم شاہ کے ساتھ متنازع ویڈیوز بنانے کے حوالے سے ملک میں شہرت رکھتی ہیں۔

دونوں ماڈلز کئی سیاسی رہنماؤں اور دیگر اہم شخصیات کے ساتھ متنازع ویڈیوز بناتی نظر آتی ہیں جب کہ حریم شاہ کی دفتر خارجہ میں بنائی گئی ویڈیو نے بھی ملک میں ایک ہنگامہ کھڑا کردیا تھا۔

اس سے قبل دونوں ماڈلز کی اینکر پرسن مبشر لقمان کے نجی طیارے پر بنائی گئی ویڈیوز پر تنازع ہوا تھا جب کہ دونوں ماڈلز دیگر افراد کے ساتھ بھی ویڈیوز بناتی رہتی ہیں۔

صندل خٹک ساتھی ماڈل حریم شاہ کے ساتھ متنازع ویڈیوز بناتی دکھائی دیتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
صندل خٹک ساتھی ماڈل حریم شاہ کے ساتھ متنازع ویڈیوز بناتی دکھائی دیتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024