• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
شائع February 23, 2020

صرف بالغ افراد کے لیے پرتعیش جہاز ’اسکارلیٹ لیڈی‘ متعارف

اسکارلیٹ لیڈی اپریل 2020 میں سفر کا آغاز کرے گا—فوٹو: ورجن وویگس
اسکارلیٹ لیڈی اپریل 2020 میں سفر کا آغاز کرے گا—فوٹو: ورجن وویگس

بحری جہاز بنانے والی برطانیہ کی ملٹی نیشنل کمپنی ’ورجن وویگس‘ نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ وہ 2020 میں دنیا کا پرتعیش ترین بحری جہاز متعارف کرائے گی جو صرف اور صرف بالغ افراد کے لیے ہوگا۔

اور اب اس کمپنی نے اپنے وعدے کے مطابق پرتعیش ترین بحری جہاز ’اسکارلیٹ لیڈی‘ کو متعارف کرادیا جس پر دنیا کے خوشنصیب لوگ رواں برس اپریل میں پہلا سفر کر سکیں گے۔

ورجن وویگس کی جانب سے متعارف کرائے گئے ’اسکارلیٹ لیڈی‘ نامی پرتعیش جہاز کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر میں سیاحت کے شوقین افراد منتظر تھے۔

بحری جہاز میامی سے سفر کا آغاز کرے گا—فوٹو: ورجن وویگس
بحری جہاز میامی سے سفر کا آغاز کرے گا—فوٹو: ورجن وویگس

جہاز کے مالک برطانوی ارب پتی رچرڈ برانسن نے ’اسکارلیٹ لیڈی‘ کو ایک ایسے وقت میں متعارف کرایا ہے جب کہ دنیا بھر میں بحری جہازوں سمیت فضائی جہازوں پر بھی ’کورونا وائرس‘ کے پھیلنے کا خدشہ ہے اور لوگ مذکورہ وائرس کے ڈر کی وجہ سے سفر کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔

’اسکارلیٹ لیڈی‘ کو نہ صرف پرتعیش جہاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے بلکہ اسے سمندر میں تیرتا ہوا خوابوں کا محل بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسکارلیٹ لیڈی: بالغ افراد کیلئے دنیا کا پرتعیش بحری جہاز

اسکارلیٹ لیڈی کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں صرف اور صرف بالغ افراد کو سفر کی اجازت ہوگی اور اس میں کوئی بھی کم عمر شخص سفر نہیں کر سکے گا، تاہم بالغ افراد کے لیے عمر کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔

بحری جہاز میں 15 منزلیں بنائی گئی ہیں—فوٹو: ورجن وویگس
بحری جہاز میں 15 منزلیں بنائی گئی ہیں—فوٹو: ورجن وویگس

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق اسکارلیٹ لیڈی کا ڈیزائن اس طرح رکھا گیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان سیاح شوقین اس میں سفر کر سکیں۔

کمپنی کا بھی یہی ٹارگیٹ ہے کہ ’اسکارلیٹ لیڈی‘ میں زیادہ سے زیادہ نوجوان بالغان سفر کریں اور اس میں سفر کے لیے بکنگ کا آغاز جلد ہی کردیا جائے گا جب کہ رواں برس اپریل میں یہ تیرتا ہوا خوابوں جیسا محل اپنے سفر کا آغاز کرے گا۔

اسکارلیٹ لیڈی امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی سے اپنے سفر کا آغاز کرے گا اور یہ بحری جہاز 7 ہزار جزائر پر مشتمل علاقے کیریبین تک جائے گا اور جہاز اپنی منزل 5 دن کے اندر طے کرے گا۔

جہاز میں کافی شاپ اور بیوٹی سیلون بھی بنائے گئے ہیں—فوٹو: ورجن وویگس
جہاز میں کافی شاپ اور بیوٹی سیلون بھی بنائے گئے ہیں—فوٹو: ورجن وویگس

ایک لاکھ 10 ہزار ٹن وزنی اس بحری جہاز کی 15 منزلیں ہیں، جب کہ اس میں 1430 کیبنز یا کمرے بنائے گئے ہیں۔

خوبصورت اسکارلیٹ لیڈی میں 78 پرتعیش اور دیدہ زیب ہالز بھی موجود ہیں، جہاں مسافر زندگی کے خوبصورت لمحات کو سکون سے گزار سکیں گے۔

جدید ترین اور ذائقے کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھنے والے ہوٹلز اور کھانوں سے سجے اس بحری محل میں بیک وقت 2770 مسافر سفر کرسکیں گے۔

مزید پڑھیں: مشہور ترین جہاز ٹائٹینک کے وہ اسرار جو بیشتر لوگ نہیں جانتے

جہاں اس بحری جہاز میں تین ہزار کے قریب مسافر سوار ہوسکیں گے، وہیں ان کی خدمت کے لیے 1160 افراد پر مشتمل انتہائی قابل عملہ بھی موجود ہوگا۔

جہاز میں ایکسرسائیز کے شوقین افراد کی خواہشات کا بھی خیال رکھا گیا ہے—فوٹو: ورجن وویگس
جہاز میں ایکسرسائیز کے شوقین افراد کی خواہشات کا بھی خیال رکھا گیا ہے—فوٹو: ورجن وویگس

اس تیرتے محل کی چوڑائی 38 میٹر جب کہ اونچائی 278 میٹر ہے۔

اس محل میں پرتعیش کمرے، باتھ رومز اور نہانے کے لیے ایسے کمرے بھی موجود ہیں، جہاں سے سمندر کو دیکھا جاسکتا ہے۔

’اسکارلیٹ لیڈی‘ میں موجود 1430 کمروں یا کیبنز میں سے مہنگے سے مہنگے کمرے کا کرایہ 19 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا 30 لاکھ روپے ہوگا۔

اسی طرح محل نما اس جہاز کے سستے سے سستے کمرے کا کرایہ 1600 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ڈھائی لاکھ روپے ہوگا۔

جہاز کے کچھ ہال جادوئی منظر جیسے ہیں—فوٹو: ورجن وویگس
جہاز کے کچھ ہال جادوئی منظر جیسے ہیں—فوٹو: ورجن وویگس

کمپنی کے مطابق یہ ان کی جانب سے بنائے گئے پرتعیش تین بحری جہازوں میں سے ایک ہے، جب کہ اسی طرح کے مزید 2 پر تعیش جہازوں کو 2021 اور 2022 میں سیاحوں کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اسکارلیٹ لیڈی میں براہ راست میوزک، ورزش سینٹر سمیت کھلے سمندر کا نظارہ کرنے کا انتطام بھی ہوگا۔

اسکارلیٹ لیڈی کو 1912 میں سمندر میں حادثے کا شکار بن کر تباہ ہونے والے ٹائی ٹینک کے بعد سفر کے لیے سب سے پرتعیش بحری جہاز سمجھا جا رہا ہے جس میں مسافروں کا دل لبھانے کا ہر سامان موجود ہوگا۔

اسکارلیٹ لیڈی کو یورپی ملک اٹلی میں تیار کیا گیا اور اسے سفر پر روانہ کرنے سے قبل اٹلی سے برطانیہ اور پھر امریکی ریاست میامی لایا جائے گا، جہاں سے وہ اپنے سفر کا آغاز اپریل میں کرے گا اور وہ ایک ہفتے سے بھی کم دورانیے میں کیریبین کے جزائر پہنچے گا۔

اسکارلیٹ لیڈی اپریل 2020 میں سفر کا آغاز کرے گا—فوٹو: ورجن وویگس
اسکارلیٹ لیڈی اپریل 2020 میں سفر کا آغاز کرے گا—فوٹو: ورجن وویگس