ایپل کا نیا 'سستا' آئی فون مارچ میں متعارف کرائے جانے کا امکان
ایپل کی جانب سے 'سستا' آئی فون مارچ کے آخر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق نئے نوول کورونا وائرس سے چینی سپلائی متاثر ہونے کے باوجود ایپل مارچ میں آئی فون ایس ای 2 (یا آئی فون 9) کو پیش کرنا چاہتی ہے۔
ایپل کی جانب سے 17 فروری کو ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس کے نتیجے میں چین میں مانگ میں کمی اور سپلائی کی مشکلات کے باعث جنوری سے مارچ تک کی سہ ماہی کے دوران آمدنی کے اہداف کا حصول ممکن نہیں۔
کمپنی کے مطابق آئی فون تیار کرنے والے مراکز کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے مگر پروڈکشن کی رفتار توقع سے کم ہے۔
مگر اس نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمپنی تاحال 400 ڈالرز کے آئی فون کو پیش کرنے کے ارادے سے پیچھے نہیں ہٹی۔
یہ نیا فون 2016 کے آئی فون ایس ای کا اپ ڈیٹ ورژن ہوگا جس کا ڈیزائن اور فیچرز بہت زیادہ بہتر ہوں گے۔
یہ سستا آئی فون 4.7 انچ اسکرین کا ہوگا جبکہ اس کا ڈیزائن آئی فون 8 سے ملتا جلتا ہوسکتا ہے مگر اس میں آئی فون 11 میں دیا گیا پراسیسر موجود ہوگا۔
اس فون میں 2019 کے آئی فونز کے بیشتر فیچرز موجود ہوں گے جبکہ قیمت کم رکھنے کے لیے سستے ایل سی ڈی ڈسپلے کو استعمال کیا جائے گا۔
اس میں آئی فون 8 کی طرح بیک پر 12 میگا پکسل کا سنگل کیمرا ہوگا جبکہ فرنٹ پر بھی ایک کیمرا ہوگا۔
اس کے علاوہ 3 جی بی ریم کے ساتھ 64 سے 128 جی بی اسٹوریج کے آپشنز دیئے جائیں گے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فون مارچ میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے کیونکہ گزشتہ چند برسوں سے ہر سال مارچ میں ایپل کی جانب سے ایک ایونٹ کا انعقاد ہوتا ہے جس میں مختلف اعلانات کیے جاتے ہیں۔
گزشتہ سال ایپل ٹی وی پلس اور ایپل کارڈ کو متعارف کرایا گیا تھا، 2018 میں ایک سستا آئی پیڈ اور 2016 میں آئی فون ایس ای کو پیش کیا گیا تھا۔