• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

پاکستان کا کروز میزائل رعد-2 کا کامیاب تجربہ

شائع February 18, 2020

پاکستان نے فضا سے مار کرنے والے کروز میزائل رعد-2 کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس سے ملکی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق رعد 2 فضا سے لانچ کیے جانے والا میزائل ہے جو زمین اور سمندر کے اہداف کو 600 کلومیٹر تک نشانہ بنا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا بیلسٹک میزائل 'غزنوی' کا کامیاب تجربہ

یہ نظام جدید گائیڈنس اور نیویگیشن سسٹم سے لیس ہے جس کی بدولت یہ کمال مہارت کے ساتھ بالکل ٹھیک نشانہ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

میزائل تجربے کی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلان ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج اور چیئرمین نیسکام ڈاکٹر نبیل حیات ملک سمیت اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، اسٹریٹجک فورسز اور اسٹریٹجک آرگنائزیشن کے دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ رعد ٹو کے کامیاب تجربے سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن انجینئرز اور سائنسدانوں کی تکنیکی مہارت، لگن اور جذبے کو سراہا جنہوں نے ہتھیاروں کے نظام کی تیاری اور اس کے کامیاب لانچ کے لیے انتھک محنت کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا بیلسٹک میزائل 'نصر' کا کامیاب تجربہ

انہوں نے اسے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کی جانب بھی ایک اہم قدم قرار دیا۔

صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو میزائل کے کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی۔

ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی جانب سے کامیاب میزائل تجربوں کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ ماہ بھی بھی ایک بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔

پاکستان نے گزشتہ ماہ زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل 'غزنوی' کا کامیاب تجربہ تھا جو 290کلومیٹر تک مختلف اقسام کے وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں بھی زمین سے زمین تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے شاہین ون بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شاہین ون میزائل 650 کلو میٹر تک تمام اقسام کے وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024