• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارت نے اقوام متحدہ کے سربراہ کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش مسترد کردی

شائع February 17, 2020
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی تھی — فائل فوٹو: اے ایف پی
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی تھی — فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'تیسرے فریق کے ثالثی کی کوئی گنجائش نہیں ہے'۔

یاد رہے کہ انتونیو گوتریس نے یہ پیش کش ایک روز قبل اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کی تھی اور اقوام متحدہ کے سربراہ نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کا احترام کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کیا تھا۔

انہوں نے ثالث کی حیثیت سے اپنے کردار کی پیش کش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس مقصد کے لیے ان کے 'اچھے دفاتر' استعمال کیے جاسکتے ہیں، پاکستان اور بھارت کے تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے عسکری و زبانی کشیدگی کو کم کرنے کی ضرورت پر زور بھی دیا تھا۔

مزید پڑھیں: کشمیریوں پر مظالم کے خلاف ترک صدر کا مذمتی بیان لائق تحسین ہے، وزیراعظم

بھارتی اخبار دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے ان کی اس پیشکش کو گزشتہ رات مسترد کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کی وزارت امور خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے دعوٰی کیا کہ '(جموں و کشمیر) کے مسئلے پر جس کو توجہ دینے کی ضرورت ہے وہ غیر قانونی اور زبردستی پاکستان کے زیر قبضہ علاقوں کو چھڑانے کا ہے، مزید امور اگر کوئی ہے تو دو طرفہ بحث کی جائے گی، تیسرے فریق کے ثالثی کا کوئی کردار یا گنجائش نہیں ہے'۔

دی ہندو کے مطابق رویش کمار کا کہنا تھا کہ 'بھارت کو امید ہے کہ انتونیو گوتریش بھارت کے خلاف سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قابل اعتبار مستقل اور ناقابل واپسی اقدام اٹھانے پر زور دیں گے'۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے الزام لگایا تھا کہ پاکستان، مقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسندوں کی پشت پناہی کرکے بھارت کے خلاف 'پراکسی وار' میں ملوث ہے جبکہ پاکستان نے اس الزام کی بار بار تردید کی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب بھارت نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کو مسترد کیا ہے۔

جولائی 2019 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 70 سالہ پرانے تنازع کو حل کرنے کے لیے بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی اور اس پیش کش کو امریکا نے دہرایا بھی تھا تاہم بھارت نے اسے مسترد کردیا تھا۔

گزشتہ ہفتے بھارت نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی مقبوضہ کشمیر کے عوام کی غیر متزلزل حمایت کے بیان پر رد عمل دیتے ہوے ترکی سے کہا تھا کہ وہ 'بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کریں'۔

انتونیو گوتریس کی ثالثی کی پیشکش

گزشتہ روز اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے پاکستان اور بھارت کے تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'ہم سلامتی کونسل کی قراردادوں کو مؤثر طور پر کشیدگی کم کرنے کی ضرورت کے بارے میں مؤقف اختیار کر چکے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور آزادی کے مکمل احترام کی ضرورت کے لیے ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ لوگوں کو آزادانہ تحریک چلانی چاہیے جیسا کہ پاکستان میں ہے، مجھے امید ہے کہ یہ کام دوسری طرف (بھارت) میں بھی حاصل ہوگا، میں نے اس صورتحال پر اپنے اچھے دفاتر کی پیش کش کی ہے اور ہمارا مؤقف یہ ہے کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کیا جائے'۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین گروپ (یو این ایم او جی آئی پی) کو پوری رسائی دی جانی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز نے 12 گھنٹے میں 2 کشمیری نوجوان شہید کردیے

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ پاکستان میں پہلے ہی موجود ہے اور اسے دوسری طرف بھی ہونا چاہیے'۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ 'سفارت کاری اور بات چیت ہی وہ واحد وسیلہ ہے جو اقوام متحدہ کے میثاق کے مطابق اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل اور امن کے استحکام کی ضمانت دیتا ہے'۔

انتونیو گوتریس نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'میں دونوں ملکوں سے مستقل تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت پر زور دے رہا ہوں'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024