• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا دورہ پاکستان، افغان مہاجرین سے ملاقات

شائع February 16, 2020
انتونیو گوتریس عالمی کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے— فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان
انتونیو گوتریس عالمی کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے— فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان
انتونیو گوتریس سے ملاقات کرنے والے وفد میں افغانستان، یمن اور تاجکستان کے نمائندگان بھی شامل تھے —  فوٹو: بشکریہ ریڈیو  پاکستان
انتونیو گوتریس سے ملاقات کرنے والے وفد میں افغانستان، یمن اور تاجکستان کے نمائندگان بھی شامل تھے — فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں افغان مہاجرین کے وفد سے ملاقات کی اور کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ایسے ممالک میں ہوتا ہے جہاں سب سے زیادہ پناہ گزین موجود ہیں۔

قبل ازیں انتونیو گوتریس افغان مہاجرین سے متعلق عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے نور خان ایئر بیس پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم، دفتر خارجہ اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام نے انتونیو گیوتریس کا استقبال کیا تھا۔

بعدازاں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں افغان مہاجرین کے وفد سے ملاقات کی۔

انتونیو گوتریس سے ملاقات کرنے والے وفد میں افغانستان، یمن اور تاجکستان کے نمائندگان بھی شامل تھے۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ایسے ممالک میں ہوتا ہے جہاں سب سے زیادہ پناہ گزین موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر 27 لاکھ پناہ گزین موجود ہیں جبکہ افغان جنگ سے 24 لاکھ رجسٹرڈ پناہ گزین متاثر ہوئے تھے۔

انتونیو گوتریس نے مہاجرین کی میزبانی پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان آمد سے قبل انتونیو گوتریس نے کہا تھا کہ وہ امن پسندوں کے طور پر خدمات انجام دینے والوں سے اظہار تشکر کریں گے۔

مزید پڑھیں: اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے دورہِ پاکستان کا امکان

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ 'پاکستان، دنیا بھر میں اقوام متحدہ کی امن پسند کوششوں میں سب سے زیادہ مستقل اور قابل اعتماد تعاون کرنے والوں میں سے ایک ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'میں پاکستان جارہا ہوں جہاں میں امن کے لیے خدمات سرانجام دینے والوں کا شکریہ ادا کروں گا'۔

اپنے دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 'افغان مہاجرین کی پاکستان میں موجودگی کے 40 برس' مکمل ہونے سے متعلق عالمی کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

ان کے ترجمان اسٹیفن دوجریک نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں معمول کی بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ اسلام آباد میں 17 فروری سے شروع ہونے والی 2 روزہ کانفرنس 4 دہائیوں سے زائد عرصے سے لاکھوں افغان مہاجرین کی ملک میں موجودگی سے متعلق پاکستان کی سخاوت کا اعتراف ہوگا۔

مذکورہ کانفرنس حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کا کمیشن برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی جانب سے منعقد کی جارہی ہے، اس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان معاشی بحران کی زد میں ہے، اقوامِ متحدہ

عالمی کانفرنس میں امریکا کے مختلف سینئر حکام بھی شرکت کریں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان کے مطابق دورہ پاکستان کے دوران انتونیو گوتریس کی جانب سے وزیراعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔

ترجمان نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے اور پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق تقریب سے خطاب کریں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 17 فروری کو صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے۔

18 فروری کو وہ لاہور کا دورہ کریں گے جہاں وہ طلبہ سے ملاقات کریں گے اور پاکستان کی انسداد پولیو مہم سے متعلق تقریب سے خطاب کریں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سکھوں کے اہم مذہبی مقام گوردوارہ کرتار پور صاحب کے دورے کے لیے کرتارپور بھی جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان سیکریٹری جنرل نے کہا تھا کہ انتونیو گوتریس دورے کے دوران مقبوضہ کشمیر کے متنازع علاقے کا دورہ نہیں کریں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بدھ (19 فروری) کو دورہ مکمل کرکے واپس نیویارک جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024