• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

ملک ریاض بحریہ آئیکون ٹاور ریفرنس کیس میں طلب

شائع February 8, 2020
یہ پہلا ریفرنس ہے جس میں ملک ریاض کو ملزم نامزد کیا گیا ہے — فائل فوٹو: رائٹرز
یہ پہلا ریفرنس ہے جس میں ملک ریاض کو ملزم نامزد کیا گیا ہے — فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بحریہ آئیکون ٹاور کراچی سے متعلق کرپشن ریفرنس میں بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض، ان کے داماد زین ملک اور دیگر نامزد ملزمان کو طلب کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 13 فروری کو طلب کیے گئے دیگر افراد میں سابق سینیٹر یوسف بلوچ، ڈاکٹر ڈنشا انکل سریا، لیاقت قائم خانی، وقاص رفعت، غلام عارف، خواجہ شفیق، عبدالسبحان میمن، جمیل بلوچ، افضل عزیز، سید محمد شاہ، خرم عارف، عبدالکریم پلیجو اور خواجہ بدیع الزمان شامل ہیں۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر 13 فروری کو ریفرنس پر باضابطہ کارروائی کا آغاز کریں گے۔

واضح رہے کہ بحریہ آئیکون ٹاور کیس جعلی اکاؤنٹس کیس کا ہی ایک حصہ ہے، یہ پہلا ریفرنس ہے جس میں ملک ریاض کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ملک ریاض ایک کھرب روپے کے اراضی اسکینڈل میں ملزم نامزد

ریفرنس کے مطابق ملزمان نے باغ ابنِ قاسم سے متصل رفاہی پلاٹ کو غیر قانونی طور پر الاٹ کرکے بحریہ ٹاؤن نے ٹاور تعمیر کیا ہے، جس سے قومی خزانے کو ایک کھرب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

واضح رہے کہ یہ بلند و بالا عمارت کراچی میں بحیرہ عرب کے ساحل کے نزدیک واقع ہے جس کی 62 منزلیں ہیں اور اس میں سے 40 منزلیں مختلف استعمال کی ہیں۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے احتساب عدالت کے رجسٹرار کے پاس ریفرنس دائر کیا تھا جو جانچ پڑتال کے بعد رجسٹرار آفس نے احتساب عدالت کے انتظامی جج محمد بشیر کو بھجوایا تھا۔

معمول کے طریقہ کار کے مطابق، ابتدائی کارروائی میں عدالت تمام ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرتی ہے اور اگلے مرحلے میں ملزمان پر فرد جرم عائد کی جاتی ہے اور پھر باضابطہ ٹرائل شروع ہوتا ہے۔

بحریہ ٹاؤن کی قانونی ٹیم کے سینئر وکیل نے کہا کہ یہ ریفرنس ملک ریاض کے لیے کوئی بڑا مسئلہ نہیں، انہوں نے کہا کہ پراپرٹی ٹائیکون درخواست ضمانت دائر کرسکتے ہیں کیونکہ ان کے خلاف ثبوت کمزور ہیں۔

سینئر وکیل نے کہا کہ حال ہی میں قومی احتساب آرڈیننس میں ترمیم سے متعلق نافذ کیے گیے صدارتی آرڈیننس سے بھی ملک ریاض کو فائدہ ہوسکتا ہے۔

وکیل کے مطابق ملک ریاض پلی بارگین کے تحت بری ہوسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ پلی بارگین کے تحت نیب کو متفقہ رقم ادا کرنے کے بعد ملزم رہا ہوسکتا ہے، تاہم اس معاہدے کے تحت ملزم سرکاری عہدہ نہیں رکھ سکتا کیونکہ پلی بارگین سے سزا معاف نہیں ہوتی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈان تحقیقات: بحریہ ٹاؤن و دیگر کی بے لگام لالچ

وکیل نے کہا کہ ملک ریاض انتخابات میں حصہ لینے یا سرکاری عہدہ رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے تو پلی بارگین سے ان کے کاروباری منصوبوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس جون میں سندھ ورکس اینڈ سروسز کے سابق سیکریٹری سجاد عباسی کو آئیکون ٹاور کیس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا جو بعد میں وعدہ معاف گواہ بن گئے تھے۔

عدالت میں دیے گئے بیان میں انہوں نے بتایا تھا کہ وہ جب ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ریونیو تعینات تھے تو اس وقت انہوں نے یہ رفاہی پلاٹ ڈاکٹر ڈشنا انکل سریا کو فروخت کیا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈاکٹر ڈشنا انکل سریا نے یہ پلاٹ ملک ریاض کو فروخت کیا جنہوں نے اس پر بحریہ آئیکون ٹاور کی تعمیر کی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Engineer Feb 09, 2020 07:45pm
No one is speaking his undue increase 35 % charges on Bahria Town Karachi. There is gang mafia known as Bahria Town.

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025