• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے حکومت اور اپوزیشن ہم آواز

بھارتی مظالم کا سامنا کرتے عوام کی حمایت کے لیے متعدد شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور تقاریب منعقد کی گئیں۔
شائع February 5, 2020

ملک بھر میں 5 فروری کو (آج) یومِ یکجہتی کشمیر کے طور پر بھرپور جوش و جذبے اور اس امید کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ ایک دن کشمیروں کو ان کا حق خودارادیت ضرور ملے گا۔

اس سلسلے میں ملک بھر میں عام تعطیل ہے، مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور متعدد تقاریب منعقد کی گئیں جس میں کشمیروں کے ساتھ روا رکھے گئے ظلم اور جبر کی مذمت اور مسئلہ کشمیر، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس بھارت کے کشمیر کو وفاقی اکائی بنانے کے یکطرفہ اقدام کے بعد یہ پہلا یومِ یکجہتی کشمیر ہے جسے حکومت نے بھرپور طریقے سے منانے اور کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے کا عزم کیا تھا۔

اس سلسلے میں وزیراعظم پاکستان، صدر مملکت، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی وزرائے اعلیٰ اور صوبوں کے گورنرز کے علاوہ وفاقی وزرا نے اپنے پیغامات کشمیریوں کے نام کیے۔

پاکستان مسئلہ کشمیر ہر دستیاب فورم پر اٹھاتا رہے گا، وزیراعظم و صدر مملکت کا پیغام

کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے خصوصی دن پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ گزشتہ برس 5 اگست کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کے ذریعے بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی براہ راست خلاف ورزی کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر ہر دستیاب فورم پر اٹھاتا رہے گا اور پاکستان اور اس کی عوام کشمیروں کو ہر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت دنیا کے سامنے انتہا پسند ہندوانہ بالادستی پر عملدرآمد کرنے والے ملک کے طور پر بے نقاب ہوگیا ہے جس نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق اور آزادی کو سلب کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ ختم کرنے اور مواصلاتی بندش فوری طور پر ختم کرنے اور بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔

پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، آزاد کشمیر کے صدر و وزیراعظم کا پیغام

آج کے خصوصی دن کے موقع پر صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے خصوصی پیغام میں کہا کہ کشمیری مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کر دیا تھا، ہمیں اس تاریخی فیصلے پر فخر ہے کیونکہ اہل پاکستان نے آزمائش اور مشکل کے ہر لمحے میں کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا، پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ظلم و جبر کا ایسا کوئی ہتھکنڈہ نہیں چھوڑا جو بے گناہ اور بے سروسامان کشمیری عوام پر آزمایا نہ گیا ہو لیکن کشمیری عوام جرات، پامردگی اور حوصلے سے اپنے موقف پر قائم ہیں، انہوں نے اپنے نصب العین کو نہیں چھوڑا، وہ کسی بھی صورت میں اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی افواج، خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے اور کٹھ پتلی حکومت کی پالیسی کی وجہ سے وہاں پر ایسے قوانین کا نفاذ کیا گیا، جس سے وہاں پر لوگوں کے بنیادی حق سلب کیے گئے ہیں وہاں پر کشمیریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے جس کی مثال مہذب دنیا میں نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ ہزار ہا معصوم لوگ اس وقت جیلوں میں بند ہیں اور ہزاروں افراد شہید کردیے گئے جن کا ان کے لواحقین کو بھی علم نہیں ہے، بے شمار گمنام قبریں قابض بھارتی فوج کی سفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

میں ریاست جموں وکشمیر کے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتا ہوں اور انہیں یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام آپ کی پشت پر کھڑے ہیں۔

مسئلہ کشمیر صرف علاقائی تنازع نہیں، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پوری قوم مسئلہ کشمیر پر متفق ہے اور پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، مسئلہ کشمیر صرف ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ یہ 80 لاکھ لوگوں کی خودارادیت کا مسئلہ ہے، بھارت لاک ڈاؤن اور منفی پروپیگنڈا سے کشمیر کی آزادی کی آواز کو نہیں دبایا جاسکتا۔

اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے قومی اسمبلی میں خصوصی بحث کا انعقاد کیا گیا اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے متفقہ قرارداد منظور کی گئی ہے، پاکستان کی پارلیمنٹ ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پارلیمان مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کے مظالم کے خلاف پاکستان کی حکومت اپنی سفارتی جنگ لڑتی رہے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ریاست کے جدید اصولوں اور عوام کے خود ارادیت کے بنیادی حق کی نفی ہے۔

بھارتی مظالم سے جذبہ آزادی ماند نہیں پڑے گا، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

یوم یکجہتی کشمیر پر ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے پیغام دیا کہ پوری قوم اور قیادت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ریاستی مظالم سے جذبہ آزادی ماند نہیں پڑے گا، جمہوری ممالک کی پارلیمانوں کو بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنی ہوگی، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اقوام عالم کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔

جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیر خارجہ

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوئی پاکستانی مسئلہ کشمیر پر سودے بازی کا سوچ بھی نہیں سکتا، پاکستان کا بچہ بچہ، تمام سیاسی قیادت اور جملہ ادارے اس جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے خود اپنے دستور کی پامالی کا بھی ارتکاب کیا، اس طرح کشمیریوں کی شناخت اور کشمیر کے تصور کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔

وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کے ‘فیکٹ فائنڈنگ مشن’ کو جموں وکشمیر جانے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ وہاں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے حقائق کو بذات خود جان سکے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کھڑی ہے اور ہم ان کے حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کا قتل عام ہورہا ہے، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد میں کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین ارکان پارلیمنٹ اور مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کا قتل عام ہو رہا ہے اور مظلوم کشمیری عوام مدد کے لیے پاکستانی بہن بھائیوں کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر انتہائی دلیرانہ انداز میں اجاگر کیا گیا، پاکستانی قیادت اور عوام، کشمیریوں کے زخم کو اپنے جسم پر محسوس کرتے ہیں، ہم اپنی آزادی اور وطن کے دفاع کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔

اہل کشمیر پاکستان سے محبت کی سزا بھگت رہے ہیں، وفاقی وزیر امور کشمیر

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اہل کشمیر پاکستان سے محبت کی سزا بھگت رہے ہیں، ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے اور کشمیر بنے گا پاکستان کشمیریوں کے مقبول نعرے ہیں، اہل کشمیر اپنے شہدا کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفن کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اہل پاکستان کی قومی ذمہ داری ہے کہ کشمیری بھائیوں کی آواز بنیں، مسلم امہ بھی بھارت کی جانب سے اہل کشمیر پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑنے کا نوٹس لے اور اقوام عالم کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم پر خاموشی ترک کریں۔

کشمیری اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کے زیرِ قبضہ کشمیر کو طویل عرصے سے دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی جیل میں بدل دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں اور روزانہ دنیا کے اقدامات اٹھانے کا انتظار کرتے ہیں، یہ عمل کا وقت ہے، قبل اس کے کہ 21 ویں صدی کا ہٹلر تاریخ کو دہرائے۔

ہندوستان نے کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے صوبائی وزرا کمشنر کرانی افتخار شلوانی اور اراکین صوبائی اسمبلی کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین کے ساتھ کراچی کے کشمیر روڈ پر کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی میں شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جو ہندوستان نے کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں، ان کے خلاف انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں مقدمہ ہونا چاہیے، قائد اعظم محمد علی جناح کا دو قومی نظریہ آج درست ثابت ہوگیا ہے، گجرات کے قصائی نے جو کشمیری عوام ہر مظالم کیے ان کا اس کو حساب دینا ہوگا۔

جب بھی موقع ملا کشمیریوں کے لیے آواز اٹھائی، وزیراعلیٰ جام کمال

یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ ایک پاکستانی، پڑوسی اور مسلمان ہونے کی حیثیت سے کشمیر کے لیے آواز بلند کرنا ہمارا فرض بنتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام، قیادت، سیاستدانوں اور اداروں کو جب بھی موقع ملا انہوں نے کشمیریوں کے لیے آواز اٹھائی اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس تنازع کے حل کی طرف آگے بڑھنا ہوگا، وفاقی وزیر شیریں مزاری

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ ہمیں اس تنازع کے حل کی طرف آگے بڑھنا ہوگا جس کی کشمیریوں کی نسلوں کو بھاری جانی قیمت ادا کرنی پڑی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں اس وقت تک عمل نہیں ہوسکتا جب تک کشمیر میں اقوامِ متحدہ کی 1951 اور 1957 کی قراردادوں پر عملدرآمد نہ کروایا جائے۔

خطے کے امن کیلئے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ضروری ہے، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خطے کے امن کے لیے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ضروری ہے۔

ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا جواز مواصلاتی روابط منقطع کرنے اور کرفیو کے نفاذ سے باطل ہوگیا ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آج کے دن ہم کشمیری برادری کے ساتھ اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں اور ہر فورم پر ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، پاکستان مسئلہ کشمیر کی حمایت کرتا رہے گا جب تک اس کا حل نہ مل جائے‘۔

بھارتی مظالم کشمیریوں کی آواز خاموش نہیں کروا سکتے، شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کی آواز خاموش نہیں کروا سکتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بے مثال ہمت کے جو ابواب وہ تاریخ انسانی میں رقم کررہے ہیں ہمیشہ جبر کا شکار افراد کو متاثر کرتے رہیں گے اور پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائی بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

نہتے کشمیریوں پر مودی کے مظالم عالمی ضمیر پر بوجھ ہیں، بلاول بھٹو زرداری

اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ نہتے کشمیریوں پر مودی کے مظالم عالمی ضمیر پر بوجھ ہیں، کشمیریوں کی 7 دہائیوں سے جاری جدوجہد کو بھارت دبانے میں ہمیشہ ناکام ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا ہر شہر، گلی اور گاؤں آج ایک آواز ہیں کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں و بہنوں کے ساتھ ہیں، پاکستانی قوم کا دوٹوک موقف ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ اور اٹوٹ حصہ ہے۔