'حسن جہاں' کے کردار کو نبھایا نہیں جیا ہے، کبریٰ خان
پاکستان کی نامور اداکار کبریٰ خان اس وقت 'الف' نامی ڈرامے میں کام کررہی ہیں جس میں ان کے ہمراہ احسن خان نے اہم کردار نبھایا۔
اس ڈرامے میں کبریٰ خان نے 'حسن جہاں' نامی کردار نبھایا ہے جو ایک خطاط کے عشق میں مبتلا ہوکر شوبز سے کنارہ کشی کرلیتی ہے۔
مزید پڑھیں: کبریٰ خان خود سے بڑے حمزہ علی عباسی کی ماں بنیں گی
کبریٰ خان کو اپنے کردار کی وجہ سے مداحوں اور تجزیہ کاروں دونوں کا ہی مثبت ردعمل موصول ہورہا ہے۔
اس حوالے سے اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے 'حسن جہاں' کے کردار کو اپنی زندگی کا سب سے خاص کردار قرار دیا۔
کبریٰ خان نے اس پوسٹ میں اپنے کردار کی ایک تصویر بھی شیئر کی اور لکھا کہ 'حسن جہاں، میں نے حسن جہاں کا کردار نبھایا نہیں بلکہ اس کردار کو جیا ہے، ہر اداکار اپنی زندگی میں ایک ایسا کردار ضرور ادا کرتا ہے یا کسی ایسے اسکرپٹ کا ضرور انتخاب کرتا ہے جو اس کی زندگی تبدیل کردے'۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ 'حسن جہاں میرے لیے وہی ایک لمحہ ثابت ہوا، اس کردار نے مجھے ہمت دی، ایمان، صبر اور بےلوث ہونا سکھایا، یہ کردار ہمیشہ میرا ایک اہم حصہ رہے گا'۔
یہ بھی پڑھیں: 'قلب مومن کی کہانی بہت حد تک میرے ذاتی سفر کی عکاس ہے'
کبریٰ خان کے مطابق 'یہ ایک تقریر لگے گی، لیکن جو پیار مجھے ملا اور جو سبق میں نے سیکھا وہ کسی بھی ایوارڈ سے بہت بڑھ کر ہے'۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں ڈرامے کی ٹیم میں موجود احسن خان، عمیرہ احمد، پہلاج حسن، ثنا شہناز اور حسیب حسن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
پوسٹ کے آخر میں کبریٰ خان نے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ وہی سب سے بہترین منصوبہ بندی کرسکتا ہے۔
خیال رہے کہ 'الف' ڈرامے کی کہانی عمیرہ احمد نے تحریر کی، اس ڈرامے کی ہدایات حسیب حسن نے دی۔
اس ڈرامے میں حمزہ علی عباسی اور سجل علی نے اہم کردار نبھائے۔
'الف' میں حمزہ علی عباسی 'قلب مومن' نامی مغرور اور بے باک فلم ساز کا کردار نبھارہے ہیں جبکہ سجل علی 'مومنہ سلطانہ' نامی ایک ایسی لڑکی کے روپ میں نظر آئیں جو اداکارہ بننے کی خواہشمند ہیں۔
اس ڈرامے کا او ایس ٹی (اوریجنل ساؤنڈ ٹریک) شجاع حیدر اور مومنہ مستحسن نے گایا جبکہ اس کی کمپوزیشن خود شجاع حیدر نے دی ہیں۔
واضح رہے کہ 'الف' حمزہ علی عباسی کے کیریئر کا آخری ڈراما ہے، اس ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ہی حمزہ علی عباسی نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔