• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف بری

شائع February 3, 2020
سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف—فائل فوٹو: اے ایف پی
سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف—فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور کی احتساب عدالت نے گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف سمیت 8 ملزمان کو بری کردیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کی احتساب عدالت میں جج امجد نذیر چوہدری نے راجا پرویز اشرف کی بریت کی درخواست پر سماعت کی، جہاں سابق وزیراعظم خود پیش ہوئے۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی میں غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق کرپشن ریفرنس میں راجا پرویز اشرف سمیت 8 ملزمان کو نامزد کر رکھا تھا۔

مزید پڑھیں: غیر قانونی بھرتیوں کا کیس:راجا پرویز اشرف کے قابل ضمانت وارنٹ جاری

اس ریفرنس میں سابق وزیراعظم سمیت تمام ملزمان نے بریت کی درخواست دائر کررکھی تھی، راجا پرویز اشرف کی یہ درخواست نیب قوانین میں ترمیم کے بعد دائر کی گئی تھی۔

مذکورہ درخواست پر سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ راجا پرویز اشرف نے ایسے افراد کو نوکریاں فراہم کیں جنہوں نے درخواستیں ہی نہیں دی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ معاملے میں میرٹ کی دھجیاں بکھیر کر نااہل افراد کو سیاسی طور پر نوازا گیا، تحریری امتحان اور ڈومیسائل کی پالیسی کی خلاف ورزی کی گئی۔

نیب پراسیکیوٹر کے مطابق راجا پرویز اشرف پر 437 افراد کو غیرقانونی طور پر بھرتی کرنے کا الزام تھا۔

تاہم عدالت نے درخواست پر نیب پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد راجا پرویز اشرف کے حق میں فیصلہ سنایا اور ان کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے علاوہ سابق ایم ڈی پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی (پیپکو) طاہر بشارت چیمہ، سابق سیکریٹری وزارت پانی و بجلی شاہد رفیع، سابق ڈائریکٹرز بورڈ آف گورنرز محمد سلیم عارف، ملک محمد رضی عباس اور وزیر علی بھائیو بھی ملزمان میں شامل تھے، اس کے علاوہ سابق سی ای او محمد ابراہیم اور سابق ڈائریکٹر ایچ آر حشمت علی کاظمی بھی کرپشن ریفرنس میں ملزمان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: غیرقانونی بھرتیاں:سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پر فردِ جرم عائد

احتساب کے ادارے کی جانب سے یہ ریفرنس 2016 میں احتساب عدالت میں دائر کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو میں راجا پرویز اشرف نے کہا کہ وہ بریت کی درخواست منظور ہونے پر خوش ہیں اور ان کی مہربانی سے آج انصاف مل گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسے مقدمے میں بری ہوا ہوں، جس کا کوئی سر پیر نہیں ہے، تاہم اس دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، ہم اپنے مقدمات کو عدالتوں میں لڑتے ہیں عدالتوں کے ساتھ نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024