نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان چوتھے ٹی ٹوئنٹی کا فیصلہ بھی اضافی اوور میں
نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں بھی سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا جہاں ایک مرتبہ پھر میچ کا فیصلہ اضافی اوور میں ہوا اور بھارت نے فتح کے ساتھ سیریز میں 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں میزبان نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت نے مقررہ اوورز میں پانڈے کی نصف سنچری کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔
اسٹار اوپنر روہت شرما کو چوتھے میچ میں آرام دیا گیا تھا اور ان کی جگہ سیمون کو ٹیم میں شامل کیا گیا لیکن وہ صرف 8 رنز بنا سکے جبکہ کپتان ویرات کوہلیبھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے اور صرف 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی 3 وکٹیں 52 رنز پر گر چکی تھیں تاہم چوتھی وکٹ کی شراکت میں اسکور 75 رنز تک پہنچا اور راہول 39 رنز بنا کر ٹم ساودھی کی وکٹ بن گئے جس کے بعد آل راؤنڈر پانڈے نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔
مزید پڑھیں:نیوزی لینڈ کو تیسرے میچ میں شکست، بھارت کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فیصلہ کن برتری
پانڈے اور شاردل ٹھاکر نے بھارت کو اسکور 165 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ سینی نے 11 رنز بنا کر پانڈے کا ساتھ دیا۔
بھارت نے مقرررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 165 رنز بنائے، پانڈے 50 رنز اور سینی 11 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ساودھی نے سب سے زیادہ 3 اور بینیٹ نے 2 وکٹیں حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں مارٹن گپٹل 22 کے مجموعی اسکور پر پویلین سدھارے جس میں ان کا حصہ صرف 4 رنز تھا جس کے بعد کولن منرو اور سیفرٹ نے بہترین بیٹنگ کی اور ٹیم کا اسکور 96 رنز تک پہنچایا۔
منرو نے 47 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے جس کے بعد ٹام بروس صفر پر آؤٹ ہوئے تاہم روس ٹیلر نے 24 رنز بنا کر سیفرٹ کا ساتھ دیا اور ٹیم کا اسکور 159 تک پہنچا دیا۔
سیفرٹ 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کا اسکور آخری اوور میں 163 رنز تھا اور جیت کے لیے تین گیندوں میں مزید 3 رنز درکار تھے لیکن ٹھاکر نے صرف دو رنز دیے اور دو وکٹیں حاصل کرکے میچ کو ایک مرتبہ پھر برابر کردیا۔
یہ بھی پڑھیں:نیوزی لینڈ دوسرا ٹی20 بھی ہار گیا، بھارت کو سیریز میں 0-2 کی برتری
نیوزی لینڈ کی ٹیم 7 وکٹوں پر 165 رنز بنا سکی جبکہ بھارت کے ٹھاکر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اضافی اوور میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ پر 13 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کی جانب سے سیفرٹ اور کولن منرو نے بیٹنگ کی اور آؤٹ ہونے والے بلے باز منرو تھے۔
بھارت کی جانب سے اضافی اوور بمراہ نے کیا اور ایک وکٹ کے عوض 13 رنز دیے جس کو ان کے بلے بازوں راہول اور کوہلی نے ساودھی کے اوور میں باآسانی حاصل کرلیا۔
راہول نے پہلی ہی گیند پر چھکا مارا اور دوسری گیند کو 4 رنز کے لیے میدان سے باہر بھیج دیا جس کے بعد آؤٹ ہوگئے تاہم کوہلی نے پانچویں گیند پر چوکا مار کر چوتھا میچ جیت لیا۔
بھارت کے شاردل ٹھاکر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
خیال رہے کہ بھارت نے تیسرے میچ میں اضافی اوور میں روہت شرما کی شان دار بلے بازی کے باعث کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کی تھی اور چوتھا میچ جیت کر اپنی برتری میں اضافہ کردیا۔