• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

'میرے پاس تم ہو' کا سیکوئل بھی آسکتا ہے، خلیل الرحمٰن قمر

شائع January 27, 2020
اس ڈرامے میں ہمایوں سعید، عائزہ خان اور عدنان صدیقی نے مرکزی کردار نبھائے — فوٹو: پرومو
اس ڈرامے میں ہمایوں سعید، عائزہ خان اور عدنان صدیقی نے مرکزی کردار نبھائے — فوٹو: پرومو

پاکستان کے نامور مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے اپنے کیریئر میں کئی کامیاب ڈراموں کی کہانیاں تحریر کی تاہم ان کے ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' نے پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری میں نئی تاریخ رقم کردی۔

ویسے تو اس ڈرامے نے اب تک مداحوں کو خوب محظوظ کیا تاہم 25 جنوری 2020 کو سامنے آئی اس ڈرامے کی آخری قسط کو جہاں کچھ افراد نے پسند کیا وہیں متعدد افراد نے اسے تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

جبکہ کئی مداحوں کے لیے اس ڈرامے کا آخر مایوس کن رہا کیوں کہ یہ ڈرامے کے مرکزی کردار 'دانش' کے انتقال پر ختم ہوا۔

مزید پڑھیں: 'میرے پاس تم ہو کی آخر قسط 25 جنوری کو ہی نشر ہوگی'

خیال رہے کہ 'میرے پاس تم ہو' میں دانش کا کردار ہمایوں سعید، مہوش کا کردار عائزہ خان اور شہوار کا کردار عدنان صدیقی نے نبھایا۔

پرومو فوٹو
پرومو فوٹو

اس ڈرامے کی آخری قسط سینما گھروں میں نمائش کے لیے بھی پیش کی گئی جبکہ بڑی تعداد میں شائقین نے ٹیلی ویژن پر بھی ڈراما دیکھا۔

ویسے تو اب اس ڈرامے کا اختتام ہوچکا ہے تاہم ابھی سے اس ڈرامے کے سیکوئل کی خبریں سامنے آنا شروع ہوچکی ہیں جبکہ اب ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے خود بھی اس حوالے سے ایک اہم اعلان کردیا۔

اے آر وائے کے شو میں ڈرامے کی آخری قسط کے حوالے سے دیے گئے ایک انٹرویو میں میزبان نے خلیل الرحمٰن قمر سے ڈرامے کے سیکوئل کے حوالے سے سوال کیا۔

اس پر خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ 'عام طور پر میں اپنے ڈراموں کا سیکوئل تحریر نہیں کرتا لیکن میں سوچوں گا کہ اس ڈرامے کا سیکوئل لکھ دوں'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'میں پہلی دفعہ سوچ رہا ہوں کہ اپنے ڈرامے کا سیکوئل لکھوں'۔

واضح رہے کہ اس ڈرامے کی ہدایات ندیم بیگ نے دی جبکہ حرا مانی، سویرا ندیم، انوشے عباسی، مہر بانو، سید محمد احمد اور رحمت اجمل نے اہم کردار نبھائے۔

اس ڈرامے کی کہانی شادی شدہ جوڑوں کے گرد گھومتی ہے، ڈرامے میں ایک شادی شدہ خاتون کو دوسرے شادی شدہ مرد کے ساتھ تعلقات استوار کرتے ہوئے اور اپنے شوہر سے طلاق حاصل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میرے پاس تم ہو! ‘دانش جانتا تھا سکون صرف قبر میں ہے’

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ مہوش (عائزہ خان) ایک غریب گھرانے کی شادی شدہ خاتون ہوتی ہیں جو پیسوں کی لالچ میں اپنے شوہر (ہمایوں سعید)کو دھوکا دے کر ان سے طلاق لے کر امیر شخص 'شہوار' (عدنان صدیقی) سے تعلقات استوار کرکے ان سے شادی کرنے کی خواہش مند ہوتی ہے۔

دونوں کی شادی سے قبل ہی امیر شخص شہوار کی پہلی اہلیہ ماہم (سویرا ندیم) امریکا سے واپس آجاتی ہیں اور مہوش کو بے عزت کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے امیر شوہر کو جیل بھجوا دیتی ہیں۔

ڈرامے کی آخری قسط میں دانش اپنی سابق اہلیہ مہوش کے گھر ان سے ملنے جاتے تاہم دل کا دورہ پڑنے کے بعد ان کا انتقال ہوجاتا۔

تبصرے (1) بند ہیں

ERUM SIDDIQUI Jan 27, 2020 06:11pm
پس ثابت ہوا ایسا ڈرامہ تب ہی بن سکتا جب 'دانش' مر جاے

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024