عراق: فائرنگ اور بم دھماکوں میں 28 افراد ہلاک
بغداد: عراق میں جمعرات کے روز بم دھماکوں اور فائرنگ میں کم از کم 28 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
دن کا مہلک ترین واقعہ مرکزی مقدادیہ میں پیش آیا جہاں ایک مصروف بازار کی پارکنگ میں کھڑی ایک گاڑی میں دھماکہ ہوگیا جسکے نتیجے میں 14 افراد مارے گئے۔
ادھر بغداد کے امیریہ ضلع کے ایک باغ میں شادی کی ایک تقریب میں بم دھماکہ ہوگیا جس کی زد میں آکر چار افراد چل بسے۔
بغداد میں چار مختلف فائرنگ کے واقعات میں چار نوجوانوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ مدین میں سرک کنارے بم دھماکے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔
عسکریت پسندوں نے شمالی شہر موصل میں ایک پولیس اہلکار کو ہلاک کردیا جبکہ سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک بچہ مارا گیا۔
تشدد پر نظر رکھنے والے ایک گروپ 'عراق باڈی کاؤنٹ' کے مطابق جولائی کے مہینے میں اس جنگ زدہ ملک کے اندر 750 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
2006ء اور 2007ء کے فرقہ وارانہ تشدد کے بعد سے عراق میں اس طرح کی واقعات میں کمی آئی ہے تاہم حکومت کو ناکام ثابت کرنے کے لیے عسکریت پسند ابھی بھی سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔