مائیکرو سافٹ کے کروم جیسا نیا براؤزر اب صارفین کے لیے دستیاب
ایک سال کی تیاری کے بعد مائیکرو سافٹ نے آخرکار اپنے نئے ایج براﺅزر کو ونڈوز اور میک آپریٹنگ سسٹم کے لیے پیش کردیا ہے۔
درحقیقت مائیکروسافٹ نے اپنے ویب براﺅزر کو اب کروم جیسا بنادیا ہے اور اس مقصد کے لیے گوگل کرومیم نامی رینڈرنگ انجن کا استعمال کیا گیا جو کہ گوگل اپنے براﺅزر کے لیے استعمال کررہا ہے۔
آسان الفاظ میں یہ نیا ایج براﺅزر گوگل کروم کی طرح ہی ویب سائٹس کے لیے کام کرے گا اور اسے ان مسائل کا سامنا نہیں ہوگا جو اس وقت دیگر براﺅزر کو ہوتے ہیں۔
مائیکرو سافٹ ایج میں ان براﺅزر ایکسٹینشز کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے جو اس وقت گوگل کروم کے لیے دستیاب ہیں بس کروم ایکسٹینشز کو براﺅزر ایسسز انسٹال کرتے ہوئے دینی ہوگی۔
یہ پہلے کے مائیکروسافٹ ایج سے مختلف ہے جو کمپنی نے اپنے براﺅزر انجن پر تیار کیا تھا۔
اگر آپ کے کمپیوٹر میں اوریجنل ایج یا ایج بیٹا ورژن موجود ہے تو یہ نیا ورژن اسے اوور رائٹ نہیں کرے گا۔
اس لنک پر جا کر آپ ونڈوز یا میک او ایس کا انتخاب ڈاﺅن لوڈ مینیو میں کرسکتے ہیں، یہ براﺅزر ونڈوز 10 کے لیے دستیاب ہے مگر چونکہ یہ کرومیم پر تیار کیا گیا تو اسے ونڈوز 8.1، 8 اور 7 پر بھی انسٹال کیا جاسکتا ہے، حالانکہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز 7 سپورٹ باضابطہ طور پر ختم کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ایج کو آئی او ایس اور اینڈرائیڈ پر بھی ڈاﺅن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
لنک کھولنے پر ڈاﺅن لوڈ بٹن پر کلک کریں اور Accept پر کلک کرنے کے بعد ڈاﺅن لوڈنگ کا عمل شروع ہوجائے گا، اگر یہ خودکار طور پر لانچ نہ ہو تو ڈاﺅن لوڈز فولڈر میں انسٹالیشن فائل اوپن کریں اور پھر براﺅزر انسٹال کرلیں۔
انسٹال ہونے پر یہ براﺅزر خودکار طور پر اسٹارٹ اپ ہوجائے گا، اگر آپ کے پاس کروم موجود ہے تو ایج کی جانب سے بک مارکس، آٹوفل ڈیٹا اور ہسٹری گوگل براﺅزر سے امپورٹ کرنے کا پوچھا جائے گا۔
اس کے علاوہ کسٹمائز امپورٹ بٹن سے فائرفوکس سے بھی ڈیٹا امپورٹ کیا جاسکتا ہے۔