پاکستان میں تلور کے شکار کیلئے دبئی کے شاہی خاندان کے فرد کو اجازت نامہ جاری
وفاقی حکومت نے دبئی کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے سیکیورٹی امور کے ذمے دار کو تلور کے شکار کے لیے اجازت نامہ جاری کردیا۔
وزارت کے ڈپٹی چیف آف پروٹوکول محمد عدیل پرویز کی جانب سے جاری کردہ یہ خصوصی اجازت اسلام آباد میں قائم متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کو بھیج دیے گئے ہیں تاکہ اسے آگے شکاریوں تک بھیجا جا سکے۔
مزید پڑھیں: لائسنس کے بغیر تلور کا شکار کرنے کی کوشش پر 7 قطری شہری گرفتار
عدیل پرویز نے اجازت نامے میں تحریر کیا کہ ہم یہ کہتے ہوئے فخر محسوس کر رہے ہیں کہ 20-2019 کے شکار کے سیزن میں تلور کے شکار کے لیے دبئی کے شاہی خاندان کے رکن اور دبئی کے ڈپٹی چیف آف پروٹوکول اینڈ جنرل سیکیورٹی میجر جنرل شیخ احمد بن راشد المکتوم کے لیے حکومت پاکستان نے صوبے میں ضلع عمرکوٹ کے علاقے کی انتظامیہ کو زمین کی فراہمی کے لیے تجاویز بھیج دی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی وزارت خارجہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے سے خصوصی تعلقات کا اعادہ کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تلور کے شکار کے اجازت نامے دینے سے پاکستان کا 'جی ایس پی پلس' اسٹیٹس خطرے میں
ایک اور اجازت نامے میں عدیل پرویز نے کہا کہ 20-2019 کے شکار کے سیزن میں تلور کے شکار کے لیے شیخ راشد بن خلیفہ المکتوم کو ضلع بدین، جنگ شاہی اور ٹھٹہ میں دھابیجی میں زمین فراہم کی گئی ہے۔
اجازت نامے کے ساتھ جاری کیے گئے ضابطہ اخلاق کے مطابق شکار کے سیزن کے دوران 10 دن میں شکار کیے جانے والے پرندوں کی حد 100مقرر کی گئی ہے۔