تین سرکاری املاک 'نیا پاکستان ہاؤسنگ' کو دینے کی منظوری
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے حوالے سے کہا کہ اتحادی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ کے دوران فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تمام اتحادی جماعتیں ملکی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ متفق ہیں، تاہم جمہوری نظام میں اختلاف رائے ہر سیاسی جماعت کا حق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس، آرمی ایکٹ میں ترامیم منظور
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت سے ناراض نہیں ہے تاہم ان کے تحفظات کا ہر ممکن ازالہ کریں گے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے کابینہ اجلاس سے متعلق انہوں نے بتایا کہ 16 میں سے 15 نکات کی منظوری دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات پر خصوصی طور پر اہمیت دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل کی سطح پر احساس پروگرام کے دفاتر کھولے جارے ہیں اور مزدوروں کے مالی و نفسیاتی استحصال کے حوالے سے آگاہی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔
معاون خصوصی نے کابینہ کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں اور منظوریوں سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ایئر پورٹس کے نزدیک اونچی عمارتوں کی تعمیرات کے لیے بین الاقوامی اصولوں سے رہنمائی لی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں صحت کارڈ کے تحت سہولتوں کی فراہمی میں رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی گئی۔
مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ای کامرس پالیسی کی منظوری
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اجلاس میں وزارت صحت میں مجوزہ اصلاحات کی منظوری دی گئی جس کے تحت وزارت صحت کی تشکیل نو ہوگی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کے اجلاس میں 5 ہومیو پیتھک میڈیکل کالجز میں شکایات کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے موٹرویز پر معذور افراد کے لیے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے دیہی خواتین کے شناختی کارڈ کے لیے ملک بھر میں جمعہ کا روز مختص کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'خواتین کی شکایات کے تدارک کے لیے ٹول فری نمبر سے آگاہ کیا گیا'۔
فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ موسمیاتی تغیرات اور سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے تدارک سے متعلق معلومات کے لیے ایپ متعارف کرائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع:حکومتی نظرثانی درخواست سماعت کیلئے منظور
انہوں نے بتایا کہ کابینہ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ موسم سے متعلق معلومات کی فراہمی کے لیے تمام ٹی وی چینلز کچھ وقت مقرر کریں اور وزارت توانائی عوام کی آگاہی کے لیے اشتہاری مہم شروع کر رہی ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ مختلف وزارتوں میں ایک لاکھ 6 ہزار 343 ملازمتوں کے کیسز زیر التوا ہیں جبکہ وفاقی حکومت کے مختلف اداروں میں ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد آسامیاں خالی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کہ متعلقہ ادارے خالی آسامیوں کا بجٹ لے رہے ہیں لیکن بھرتیاں نہیں کی جارہی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ملازمین کے زیر التوا معاملات حل کرنے کے لیے 45 دن کا وقت دیا ہے۔
علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم نے ڈیلیوری یونٹ کی کارکردگی کو سراہا۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ کابینہ میں فیصلہ کیا گیا کہ سعودی عرب کی جیلوں سے رہا پاکستانیوں کے اہل خانہ کی سہولت کا ڈیٹا بیس بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ گمشدہ بچوں کی بازیابی کے لیے 'میرا بچہ' ایپ متعارف کرائی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: ثابت ہوکر رہے گا رانا ثناللہ کے خلاف کیس حقیقت ہے، شہریار آفریدی
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قومی ایئر لائن (پی آئی اے) سے متعلق شکایات و تجاویز کے لیے ای سروس کا آغاز کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ترمیم ایئر لائن معاہدے کی منظوری دے دی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے تین سرکاری املاک 'نیا پاکستان ہاؤسنگ' کو دینے کی منظوری دی۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی میں ڈی جی اور سردار عبد المجید خان کو وفاقی محتسب سیکریٹریٹ ریجن کراچی کا ممبر تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا نام لیے بغیر کہا کہ 'لندن میں علاج کے لیے جانے والے دل بہلانے میں مصروف ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'نواز شریف لندن میں بیٹھ کر ووٹ کو عزت دے رہے ہیں'۔