آسٹریلین شائقین کی تنقید کے بعد 'حارث رؤف کا آداب'
بگ بیش لیگ میں عمدہ کارکردگی سے داد و تحسین سمیٹنے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث سہیل نے آسٹریلین شائقین اور سابق کرکٹرز کی تنقید پر اپنے جشن کا انداز تبدیل کرتے ہوئے نیا منفرد انداز اپنا لیا۔
حارث رؤف کو ڈیل اسٹین کی انجری کے بعد متبادل کے طور پر اسکواڈ میں طلب کیا گیا تھا لیکن انہوں نے عمدہ کارکردگی سے ایک بہترین متبادل سے بڑھ کر کھیل پیش کیا۔
جہاں فاسٹ باؤلر کو ان کی عمدہ باؤلنگ پر خوب داد ملی وہیں ان کے جشن منانے کا انداز کچھ آسٹریلین شائقین کو پسند نہ آیا جنہوں نے اسے 'گلا کاٹنے' سے تعبیر کرتے ہوئے پرتشدد انداز قرار دیا۔
جہاں کچھ لوگوں نے انہیں ایکشن تبدیل کرنے کا مشورہ دیا تو وہیں چند لوگ ایسے تھے جنہوں نے بگ بیش سے مطالبہ کیا کہ وہ اس متنازع ایکشن پر حارث رؤف پر پابندی اور جرمانہ عائد کریں۔
پاکستانی فاسٹ باؤلر نے اس تنقید کو مثبت انداز میں لیتے ہوئے کسی بھی قسم کا جواب نہ دیا اور اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنے جشن کے انداز کو ہی طلب کر لیا۔
حارث نے جب بدھ کو سڈنی تھنڈرز کے خلاف وکٹ حاصل کی تو ان کے جشن منانے کے نئے انداز کی جھلک نظر آئی جس میں انہوں نے کھلاڑی کو آؤٹ کرنے کے بعد 'آداب' کیا۔
واضح رہے کہ حارث رؤف نے آج بگ بیش میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا اور آسٹریلین لیگ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔
حارث بگ بیش کے صرف 4 میچوں میں 13 وکٹیں لے چکے ہیں اور زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔