• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پاکستان سال 2020 میں سیاحت کے لیے بہترین ممالک میں شامل

شائع January 8, 2020
فوربز کے ایک مضمون میں سیاحت کے 10 بہترین مقامات میں پاکستان کا نام بھی شامل کیا گیا — فوٹو: سید مہدی بخاری
فوربز کے ایک مضمون میں سیاحت کے 10 بہترین مقامات میں پاکستان کا نام بھی شامل کیا گیا — فوٹو: سید مہدی بخاری

کراچی: معروف کاروباری میگزین فوربز میں شائع ایک آرٹیکل میں 2020 میں سفر کے لیے 10 بہترین ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نام بھی شامل کرلیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی جریدے کا کہنا تھا کہ بند ممالک اب کھل رہے ہیں اور لگژری ایجنسیاں ان جگہوں کو لوگوں کی رسائی تک لارہی ہیں جہاں وہ کھوج لگانا نہیں چاہتے اور نہ ہی زیادہ خطرہ مول لیتے تھے۔

فوربز کی فہرست میں ارمینیا، چاڈ، ایریٹریا، گواتی مالا، مونگولیا اور سعودی عرب بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: سال کے 12 ماہ، پاکستان میں سیاحت کیلئے کب،کہاں جاسکتے ہیں؟

معروف ٹریول ایجنسی وائلڈ فرنٹیئرز کا حوالہ دیتے ہوئے میگزین نے نشاندہی کی کہ لوگوں میں پاکستان کی جانب سفر کرنے کی دلچسپی بڑھ رہی ہے بالخصوص برطانوی شہزادہ اور شہزادی کے حالیہ دورے کے بعد اس میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

وائلڈ فرنٹیئر کے بانی جونی بیل بی نے فوربز کو بتایا کہ 'پاکستان ایڈوینچر کے لیے سب سے بہترین مقام ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہاں قدیم سندھی تہذیب موجود ہے جو 4 ہزار سال پرانی ہے اور لاہور جیسے خوبصورت شہر ہیں جہاں قلعے، مساجد اور دیگر مقامات ہیں جبکہ سب سے اہم یہاں شمالی علاقوں کے نظارے ہیں، جہاں 3 بڑے پہاڑی سلسلے آپس میں ٹکراتے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں سیاحت کی اجازت، خواتین کیلئے عبایا کی شرط ختم

انہوں نے کہا کہ 'پاکستان ٹریکنگ، پہاڑوں پر بائیکس چلانا، رافٹنگ یا ثقافتی سیاحت کے لیے بہترین مقام ہے'۔

انفراسٹرکچر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کے انفرااسٹرکچر میں بہت بہتری آئی ہے، نئی سڑکیں، نئے ٹنلز (سرنگوں) کی وجہ سے سفر کا وقت بھی کم ہوگیا ہے جبکہ خطے میں نئے پرتعیش ہوٹل بھی کُھل رہے ہیں'۔

واضح رہے کہ پاکستان گزشتہ برس بھی امریکی جریدے کونڈے ناسٹس کی چھٹیوں میں سفر کرنے کے لیے بہترین مقام کی فہسرت میں شامل ہوا تھا۔

اس کے علاوہ دسمبر کے مہینے میں سفری میگزین ونڈرلسٹ نے بھی پاکستان کے 9 مقامات کو 2020 میں ایڈوینچر کے لیے بہترین قرار دیا تھا۔

ان مقامات میں ہمالیہ کی وادیاں اور مٹی کے آتش فشاں شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024