’جوکر‘ 11 نامزدگیوں کے ساتھ بافٹا ایوارڈز میں سرفہرست
آسکر اور گولڈن گلوب ایوارڈز کے بعد اہم ترین برٹش فلمی ایوارڈز ’دی برٹش اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلی وژن آرٹس‘ (بافٹا) کے لیے فلموں، اداکاروں و ڈائریکٹرز سمیت تمام کیٹیگریز کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیا۔
مجموعی طور پر بافٹا ایوارڈز 2020 کے لیے 25 کیٹیگریز کی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا ہے ہولی وڈ ہارر کامیڈی فلم ’جوکر‘ زیادہ نامزدگیوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔
’جوکر‘ کو مجموعی طور پر 11 نامزدگیاں ملی ہیں جب کہ نیٹ فلیکس کی ڈرامہ فلم ’دی آئرش مین‘ اور ’ونس اپن ٹائم ان ہولی وڈ‘ کو 10 نامزدگیاں ملی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ’گولڈن گلوب‘ ایوارڈز میں بہترین فلم کا ایوارڈ جیتنے والی فلم ’1917‘ کو 9 نامزدگیاں ملی ہیں۔
بہترین فلم کی کیٹیگری میں ’جوکر، 1917، دی آئرش مین، ونس اپن ٹائم ان ہولی وڈ اور پیراسائیٹ کو نامزد کیا گیا ہے۔
اسی طرح بہترین اداکاروں کی کیٹیگری میں لیونارڈو ڈی کیپریو، ایڈم رور، ٹارن اگرٹن، جیکوئن فیونکس اور جوناتھن پرائس کو نامزد کیا گیا ہے۔
بہترین اداکارہ کی کیٹیگری کے لیے جیسی بکلی، اسکارلٹ جانسن، سائروسی رونن، چارلیز تھرون اور رنی زلوگر کو نامزد کیا گیا ہے۔
بافٹا کے لیے بہترین برطانوی فلم، بہترین غیر ملکی زبان کی فلم، بہترین ہدایت کار، بہترین معاون اداکارہ اور بہترین معاون اداکار سمیت مجموعی طور پر 25 کیٹیگریز کی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
بافٹا ایوارڈز کی تقریب آئندہ ماہ 2 فروری کو لندن میں ہوگی۔