• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

'میں کبھی بھی اداکار بننے کا خواہشمند نہیں تھا'

شائع January 7, 2020
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کے نامور اداکار و ہدایت کار عدنان ملک کو ان کے مداح اسکرین پر زیادہ سے زیادہ دیکھنے کے خواہشمند نظر آتے ہیں البتہ اداکار کم سے کم اداکاری کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

عدنان ملک نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا کہ وہ بہت زیادہ اداکاری کیوں نہیں کرتے۔

عدنان ملک 'ہم ٹی وی' کے کامیاب ڈرامے 'صدقے تمہارے' میں کام کرچکے ہیں جس میں ان کے ہمراہ ماہرہ خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا التبہ اداکار کے مطابق اس ڈرامے کے بعد وہ خوف زدہ رہنے لگے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ 'میں جب بھی کہیں جاتا ہوں لوگ یہ سوال ضرور کرتے کہ میں اب اداکاری کرتے ہوئے نظر کیوں نہیں آتا؟ ویسے تو میں بے حد شکر گزار ہوں کہ لوگ مجھے اتنا پسند کرتے ہیں اور اتنا پیار دیتے ہیں لیکن کبھی کبھی غیر مطمئن محسوس کرتا ہوں، اداکاری کرتے ہوئے میں بیان نہیں کرسکتا کہ مجھ پر کیا اثر پڑتا ہے'۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

عدنان ملک کے مطابق 'میں کبھی بھی اداکار بننے کا خواہشمند نہیں تھا، میرا ایسا کوئی ایجنڈا نہیں تھا، جب میں 20 سال کا تھا تو پتہ نہیں کیوں سب کو لگا کہ مجھے اداکاری کرنی چاہیے، اس وقت سب کو میں پرکشش اور بہترین انداز میں بات چیت کرنے والا نظر آتا تھا لیکن اندر سے میں اداس اور خود کو ادھورا اور غیر اہم محسوس کرتا تھا، مجھے بےحد شرم آتی تھی'۔

یاد رہے کہ 'صدقے تمہارے' عدنان ملک کا پہلا ڈراما تھا جس کی کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے تحریز کی تھی۔

اس ڈرامے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 'مجھے جو بات اداکاری کے بارے میں سمجھ نہیں آتی وہ یہ کہ جب ہدایت کار سین کٹ کرے تو اس کردار کو وہیں چھوڑ دینا چاہیے، لیکن میں نے ایسا نہیں کیا، میں اپنے کردار خلیل کو اپنے ساتھ گھر لے گیا، آہستہ آہستہ میں خلیل بن گیا، میں نہیں جانتا میں کہاں سے شروع ہوا اور وہ کہاں ختم ہوا'۔

عدنان ملک نے مزید لکھا کہ 'ایک وقت ایسا بھی آیا جب میں بہت زیادہ خوفزدہ رہنے لگا اور کیمرے کے آگے اس کیفیت میں اضافہ ہی ہوا، میری تربیت ایسی ہوئی ہے کہ میں ہمیشہ سے پرفیکٹ ہی نظر آیا، اس لیے میں ناکام نہیں ہوسکتا تھا، اس لیے میں نے بہترین نظر آنے کے لیے اور زور لگاتا، میں ایک سین کو 30 بار سے زائد شوٹ کرتا کہ شاید میں نے اچھا پرفارم نہیں کیا، شاید اپنے اندر ہی کوئی جنگ لڑرہا تھا'۔

اداکار کے مطابق 'یہ سب مجھ پر اتنا حاوی ہوگیا کہ میں نے اچانک بہت زیادہ وزن گرا لیا، پوری رات جاگتا تھا، سوچتا تھا میری پرفامنس اچھی رہی ہوگی، خود کو اپنے ہر دوست اور ہر رشتے سے دور کرلیا تھا، مجھے شرم آتی تھی پر مجھے مدد کی ضرورت تھی'۔

مزید پڑھیں: عدنان ملک کی ٹی وی پر واپسی

عدنان ملک نے لکھا کہ 'ڈرامے کی شوٹنگ کے بعد میں نے تھراپسٹ کے پاس جانے کا فیصلہ کیا اور یہ واحد مثبت فیصلہ تھا جو میں نے خود کے لیے کیا، یہ میرے سفر کا آغاز تھا، جہاں سے مجھے میری اصل شخصیت ملی'۔

اداکار کا کہنا تھا کہ 'صدقے تمہارے کو 5 سال گزر چکے ہیں اور تب سے اب تک میں تھراپسٹ کے پاس آتا جاتا رہتا ہوں، میرا سفر بہترین تھا، جس کے لیے میں بےحد شکر گزار ہوں، اس ڈرامے سے میں نے سیکھا کہ اپنے ساتھ مطمئن کیسے رہنا ہے، اب میں پرفیکٹ ہونے کی کوشش نہیں کرتا اور یہی وجہ ہے کہ میں کم سے کم پروجیکٹس میں کام کرتا ہوں'۔

عدنان ملک کے مطابق 'میں چاہتا ہوں کہ مزید اداکاری کروں، سیکھوں، لیکن وہ پروجیکٹ ایسے ہونے چاہیے کہ مجھے پسند آئیں، ان کا مقصد مجھے متاثر کرے'۔

یاد رہے کہ عدنان ملک 'صدقے تمہارے' کے علاوہ 'کیک' نامی فلم میں بھی کام کرچکے ہیں جو کامیاب ثابت ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024