• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ہاروی وائنسٹن پر اہم ترین کیس میں ’ریپ‘ الزامات عائد

شائع January 7, 2020
فلم پروڈیوسر پر مجموعی طور پر 100 کے قریب خواتین نے الزامات عائد کیے تھے — فائل فوٹو: رائٹرز
فلم پروڈیوسر پر مجموعی طور پر 100 کے قریب خواتین نے الزامات عائد کیے تھے — فائل فوٹو: رائٹرز

معروف ہولی وڈ پروڈیوسر 67 سالہ ہاروی وائنسٹن پر اہم ترین مقدمے کے دوران امریکی شہر لاس اینجلس کی عدالت میں ’ریپ‘ کے الزامات عائد کردیے گئے۔

تقریبا 2 سال بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ہاروی وائنسٹن پر کسی کیس میں ’ریپ‘ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، اس سے قبل ان پر 2 کیسز میں خواتین کو جنسی استحصال کا نشانہ بنائے جانے کی فرد جرم بھی عائد کی گئی تھی۔

ہاروی وائنسٹن پر کم سے کم 100 خواتین و اداکاراؤں نے جنسی ہراسانی اور ’ریپ‘ کے الزامات عائد کر رکھے ہیں۔

فلم پروڈیوسر اس وقت ضمانت پر رہا ہیں اور ان کے خلاف لاس اینجلس و نیویارک کی عدالتوں سمیت امریکا کے مختلف شہروں میں خواتین کے جنسی استحصال، انہیں ہراساں کرنے اور’ریپ‘ کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’ ہاروی وائنسٹن نے خواتین کا ریپ کیلئے دوست کا ہوٹل استعمال کیا‘

گزشتہ ماہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ ہاروی وائنسٹن خود پر الزامات لگانے والی 30 خواتین کے ساتھ پیسوں کے عوض معاہدہ کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

ہاروی وائنسٹن پر الزام لگانے والی خواتین میں معروف اداکارائیں بھی شامل ہیں—فوٹو: یو ایس ٹوڈے
ہاروی وائنسٹن پر الزام لگانے والی خواتین میں معروف اداکارائیں بھی شامل ہیں—فوٹو: یو ایس ٹوڈے

مذکورہ معاہدے کا تعلق ہاروی وائنسٹن کے ’ریپ‘ الزامات اور فوجداری کیسز سے کوئی تعلق نہیں البتہ ان کے خلاف دائر کیے گئے سول مقدمات خارج ہونے کا امکان ہے۔

ہاروی وائنسٹن پر اکتوبر 2017 میں پہلی بار درجنوں خواتین نے جنسی ہراسانی اور ریپ کے الزامات عائد کیے تھے جس کے بعد دنیا بھر میں ’می ٹو مہم‘ شروع ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: ہاروی وائنسٹن اور ان پر’ریپ‘ الزامات لگانے والی خواتین میں معاہدہ طے پاگیا

ہاروی وائنسٹن نے خود پر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے خواتین کے ساتھ باہمی رضامندی کے ساتھ تعلقات استوار کیے تھے۔

لاس اینجلس کی عدالت میں شروع ہونے والے کیس کو ہاروی وائنسٹن کے لیے سب سے اہم کیس قرار دیا جا رہا ہے کیوں کہ اگر مذکورہ کیس میں ان پر جرم ثابت ہوجاتا ہے تو انہیں 28 سال قید کی سزا سمیت جرمانے کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

فلم پروڈیوسر پر 100 خواتین و اداکاراؤں نے الزام لگائے تھے —فائل فوٹوگلیمر یوکے
فلم پروڈیوسر پر 100 خواتین و اداکاراؤں نے الزام لگائے تھے —فائل فوٹوگلیمر یوکے

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق لاس اینجلس کی عدالت نے ہاروی وائنسٹن پر ’ریپ‘ سمیت خاتون کو جنسی ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سماعت کرنے والے جج نے مختصر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو یقین ہے کہ ہاروی وائنسٹن کے خلاف پیش کیے گئے ثبوت کافی ہیں اور ثبوتوں کی بنیاد پر ہی ان پر الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

ہاروی وائنسٹن پر فروری 2013 میں ایک خاتون کا ’ریپ‘ جب کہ دو دن بعد ہی دوسری خاتون کو ہوٹل کے کمرے میں جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ہاروی وائنسٹن کی ’ریپ‘ کیسز خارج کرنے کی درخواست مسترد

دلچسپ بات یہ ہے کہ ہاروی وائنسٹن پر لاس اینجلس کی عدالت نے ایسے موقع پر الزامات عائد کیے جب کہ نیویارک کی عدالت میں بھی ان کے خلاف ایک اہم ترین کیس کا ٹرائل شروع ہوا۔

ہاروی وائنسٹن کے خلاف نیویارک کی عدالت میں بھی 6 جنوری کو اہم ترین کیس کی سماعت شروع ہوئی۔

نیویارک کی عدالت میں شروع ہونے والے ٹرائل کیس کو بھی ہاروی وائنسٹن کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے کیوں کہ اگر مذکورہ عدالت میں بھی ان پر ’ریپ‘ الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو انہیں عمر قید سمیت جرمانے کی سزا بھی ہوگی۔

تاہم نیویارک کی عدالت میں شروع ہونے والے ٹرائل کے پہلے دن ہاروی وائنسٹن پر کوئی الزامات عائد نہیں کیے گئے لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی ان پر الزامات عائد کردیے جائیں گے۔

ہاروی وائنسٹن پر ریپ الزامات ثابت ہونے پر انہیں 28 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے—فوٹو: زمبیو
ہاروی وائنسٹن پر ریپ الزامات ثابت ہونے پر انہیں 28 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے—فوٹو: زمبیو

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024