• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

'خصوصی اقتصادی زونز چینی صنعتوں کو پاکستان منتقل کرنے کا ماحول فراہم کریں گے'

شائع January 3, 2020
وزیراعظم عمران خان نے پناہ گاہ کا بھی افتتاح کیا—فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعظم عمران خان نے پناہ گاہ کا بھی افتتاح کیا—فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیز) چینی صنعتوں کو پاکستان منتقل کرنے کا ماحول فراہم کریں گے۔

فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرا پاکستان کے لیے وژن ہے کہ یہ وہ ریاست بنے جس کی ترجیح اپنے کمزور طبقے کو اوپر لانا ہو، جس طرح مدینے کی ریاست تھی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے اندر رحم اور انصاف سے ہی انسان اور جانوروں کا فرق واضح ہوتا ہے، انسانی معاشرہ کمزور طبقے کو تحفظ دیتا ہے جبکہ جانوروں کے معاشرے میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس والی بات ہوتی ہے۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں ہر تقریب میں انگریزی میں خطاب کیا جاتا ہے، یہاں تک کہ پاکستان کی اسمبلی میں بھی انگریزی میں تقریر کردی گئی، ہمیں اپنی ذہنیت کو تبدیل کرنا ہے، یہ ہماری غلام ذہنیت ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا اسلام آباد میں پناہ گاہ کا اچانک دورہ

انہوں نے کہا کہ انگریزی کو ہمیں اعلیٰ تعلیم کے لیے استعمال کرنا چاہیے، اس کے لیے یہ ضروری ہے لیکن جو ہم کلاس کا فرق کرتے ہیں اس سے ہم ان غریب لوگوں کی توہین کرتے ہیں جنہیں انگریزی سمجھ نہیں آتی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ قومی اسمبلی میں کتنے لوگ انگریزی سمجھتے ہیں اور کتنے نہیں لیکن پھر بھی انگریزی میں تقریر کی جارہی ہے، جسے انگریزی نہیں آتی اسے پڑھا لکھا نہیں سمجھتے۔

صنعتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک، نوجوان اور مسقبل کے لیے ضروری ہوگیا ہے کہ یہاں صنعتوں کو بڑھائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں زراعت اور اس کی پیداوار کو بھی بڑھانا ہے، اس کے علاوہ سیاحت کو بھی فروغ دینا ہے کیونکہ اس سے ہم بہت آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین سے بہت زیادہ دلچسپی ہے کہ پاکستان میں، ہمیں اللہ نے بہت زبردست موقع دیا ہے، ایک تو چین سے ہماری پرانی دوستی ہے دوسرا وہ دنیا میں سب سے تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے جبکہ دنیا اس سے خوف زدہ ہے۔

دوران خطاب عمران خان نے کہا کہ چین سے کئی صنعتیں یہاں آنا چاہتی ہیں لیکن ابھی تک ہم نے انہیں وہ ماحول فراہم نہیں کیا، جبھی یہ صنعتیں تھائی لینڈ اور ویتنام جارہی ہیں لیکن یہ خصوصی اقتصادی زونز وہ ماحول ہیں جو چین کی صنعتیں چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان زونز کا یہ فائدہ ہوگا کہ ہم انہیں موقع فراہم کریں گے کیونکہ چین کے بہت سرمایہ کار پاکستان آنا چاہتے ہیں بلکہ ان کے وزیراعظم لی نے بھی واضح کہا تھا کہ آپ اگر ہمیں ماحول فراہم کریں گے تو ہم پاکستان کی طرف صنعتیں بھیجیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف یہی نہیں کہ وہ صرف پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں بلکہ وہ ٹیکنالوجی منتقل کرکے ہماری پیداوار کو بڑھائیں گے جس سے ہمیں فائدہ ہوگا۔

انہوں نے آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کو مبارک باد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نے بڑے بڑے ڈاکوؤں اور قاتلوں کو پکڑنا شروع کیا ہے، پنجاب کے ہر ضلع میں یہ چھوٹا سی مافیا بیٹھی ہوتی ہے جو لوگوں کو ڈرا کر رقم اکٹھا کرتے ہیں، تاہم میں یہ امید کرتا ہوں کہ 2 سے 3 ماہ بعد یہ ڈاکو، مافیا پنجاب میں نظر نہ آئے۔

علامہ اقبال انڈسٹریل زون کا سنگ بنیاد

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد کے دورے کے دوران علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد رکھا تھا ساتھ ہی انہوں نے حکومت کے پناہ گاہ اقدام کے تحت فیصل آباد میں پہلے شیلٹر ہوم کا افتتاح بھی کیا۔

وزیراعظم نے سنگ بنیاد سے قبل ایک پودا بھی لگایا—فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعظم نے سنگ بنیاد سے قبل ایک پودا بھی لگایا—فوٹو: ڈان نیوز

صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کے دورے کے دوران عمران خان کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر و دیگر موجود تھے۔

وزیراعظم نے فیصل آباد کے دورے کے دوران علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ وہاں ایک پودا بھی لگایا۔

واضح رہے کہ یہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں معاشی سرگرمیاں فروغ دینے کا موقع ملے گا۔

یہ انڈسٹریل سٹی پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت فیصل آباد ای اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اور منیجمنٹ کمپنی (ایف آئی ای ڈی ایم سی) کے خصوصی اقتصادی زون کا میگا پروجیکٹ ہے۔

فیصل آباد میں پناہ گاہ کا افتتاح

اس سے قبل وزیراعظم نے فیصل آباد میں پہلی پناہ گاہ کا افتتاح کیا۔

افتتاح کے موقع پر وزیراعظم نے پناہ گاہ میں حکومت کی جانب سے بے گھر اور بے سہارا افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا، اس دوران انہوں نے شیلٹر ہوم میں کھانا بھی نوش کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرا اعلیٰ کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپنے صوبوں میں سرد موسم کے پیش نظر ہر متعلقہ شخص کو خوراک اور عارضی پناہ گاہ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

اسی حوالے سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر انہوں نے لکھا تھا کہ انتہائی سرد موسم کو دیکھتے ہوئے میں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور خیبرپختونخوا کو کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی شخص بغیر پناہ گاہ کے نہ ہو، ساتھ ہی ان کی انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ وہ ان لوگوں کے لیے عارضی پناہ گاہ اور خوراک کا انتظام کریں جو موجودہ پناہ گاہوں میں نہیں رہ سکتے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024