• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

جنگل میں صرف ’منگل‘ ہی کیوں؟ بدھ، جمعرات یا جمعہ کیوں نہیں؟

شائع January 2, 2020

’جنگل میں منگل‘ عام محاورہ ہے، لیکن منگل ہی کیوں؟ بدھ، جمعرات یا جمعہ کیوں نہیں؟ بلکہ ہونا تو اتوار چاہیے کہ ہم مغرب کی تقلید میں اتوار کی چھٹی کرتے ہیں اور جہاں تک ممکن ہو تفریح کرتے ہیں خواہ 6 دن کام کرنے والے پورا دن سوکر گزار دیں۔

ہر ایک کا جنگل میں جانا تو ممکن نہیں اور جنگل بھی آہستہ آہستہ ختم ہورہے ہیں۔ ایک حاکمِ بے وقت نے انکشاف کیا ہے کہ جنگل رات کو آکسیجن خارج کرتے ہیں تو وہاں رات ہی کو جانا چاہیے۔ لیکن یہ بات کہی جارہی ہے کہ منگل کا جنگل سے کیا تعلق ہے۔

ہندوؤں میں تو لوگوں کا نام بھی منگل ہوتا ہے جیسے ’منگل پانڈے‘۔ مسلمانوں میں دنوں پر نام رکھنے کے لیے جمعہ کو ترجیح دی جاتی ہے مثلاً ’جمعہ خان‘۔ کوئی جمعرات کو پیدا ہوجائے تو اس کا نام ’جمعراتی‘ رکھ دیتے ہیں، باقی دنوں کو نظر انداز کردیتے ہیں۔

جنگل میں منگل کی وجہ جاننے کے لیے لغت سے رجوع کیا تو اس میں صرف اتنا ہے ’ویرانے میں رونق ہونا، ویرانے میں عیش و عشرت کا سامان مہیا ہونا‘۔ اس تعریف سے واضح نہیں کہ منگل کا جنگل سے کیا تعلق ہے۔ نوراللغات نے اس حوالے سے صبا کا شعر دے دیا

آیا اپنے پاس وہ ماہِ دو ہفتہ شہر سے

اے جنوں لے دن پھرے، جنگل میں منگل ہوگیا

شاعر صاحب کے تو دن پھر گئے لیکن معلوم نہیں ہوسکا کہ ماہِ دو ہفتہ (چودھویں کا چاند) کو کیا پریشانی تھی کہ شہر چھوڑ کر جنگل میں آگیا۔ منگل دراصل سنسکرت کا لفظ اور مذکر ہے۔ اس کا مطلب ہے خوشی، خوشی کے گیت، رونق، چہل پہل۔ اب بات واضح ہوئی کہ جنگل میں منگل کیا ہے۔ ویسے منگل ستارہ مریخ کو بھی کہتے ہیں۔ آج بھی جہاں جنگل قریب ہوں استطاعت رکھنے والے وہاں جاکر پکنک مناتے اور جنگل میں منگل کرتے ہیں۔

پنجاب کے کچھ جنگلات سیاسی سرگرمیوں کے لیے بھی مشہور ہیں، مثلاً چھانگا مانگا کا جنگل۔ محاورے کے بارے میں ڈاکٹر عشرت جہاں ہاشمی نے بھی روشنی ڈالی ہے کہ ’ہندوستان اب سے کچھ پہلے تک جنگلوں سے بھرا پڑا تھا۔ یہ جنگل طرح طرح کے تھے اور جنگل پر محاورے بھی کئی ہیں۔ جنگل کا تصور ویرانی کا تصور بھی ہے۔ اس لیے جب میلے ٹھیلے لگتے تھے اور طرح طرح کی دکانیں اور کھیل تماشہ (تماشے) جنگل میں ہوتے تھے تو اس کو جنگل میں منگل ہونا کہتے تھے۔ خانہ بدوش قبائل جنگلوں میں کچھ دن کے لیے آباد ہوجاتے تھے، تو بھی جنگل میں منگل ہوجاتا تھا‘۔ موصوفہ نے ’منگل‘ کی وضاحت نہیں کی۔

قدیم ہندوستان میں راجے، مہاراجے کسی سے ناراض ہوکر بھی بطور سزا جنگل بھجوا دیتے تھے۔ اسے بن باس کہا جاتا تھا جو عموماً 12 برس کا ہوتا تھا۔ اس کی بڑی مثال ہندوؤں کی مقدس شخصیت رام چندرجی ہیں جنہوں نے اپنی اہلیہ اور بھائی کے ساتھ بن باس کاٹا۔

ایک مشہور جنگل ’سندر بن‘ ہے جس کو ’سندر بن کا جنگل‘ بھی لکھ دیا جاتا ہے، حالانکہ ’بن‘ کا مطلب ہی جنگل ہے۔ سندر بن اپنے شیروں کے لیے مشہور تھا۔ پاکستان میں جو جنگل مصنوعی طور پر اگائے جاتے ہیں وہ ذخیرہ کہلاتے ہیں۔ یہ اصطلاح پنجاب میں عام ہے۔

جنگل کے حوالے سے ’جنگل میں مور ناچا‘ اور ’جنگل جلیبی‘ بھی معروف ہیں۔ جنگل جلیبی سے آج کل کی نسل شاید کم واقف ہو۔ یہ جلیبی کی شکل کا ایک پھل ہوتا ہے جو کھٹا میٹھا ہوتا ہے۔ پہلے تو کراچی میں اس کے درخت عام تھے مگر اب نظر نہیں آتے۔

’جنگل میں مور ناچا، کس نے دیکھا‘ یہ معروف کہاوت ہے، اور مطلب واضح ہے کہ پردیس میں کوئی خواہ کتنے ٹھاٹھ باٹھ سے رہ رہا ہو، اس کے ہم وطن اور عزیز و اقارب اس کی آن بان اور شان دیکھنے سے محروم رہتے ہیں۔ گوکہ اب ویڈیو لنک کے ذریعے کوئی مور اپنے پنکھ دکھا سکے تو اس کی آسانی ہے۔ کہتے ہیں ناں کہ دنیا ایک عالمی گاؤں بن چکی ہے، تو اس میں دُور دراز کے جنگل اور وہاں کے مور بھی دیکھے جاسکتے ہیں مثلاً لندن کے مور۔

ایک لفظ بہت دن سے ٹی وی اینکرز کی زبان پر اور ان کے مہمانوں سے سننے میں آرہا ہے اور وہ ہے ’بھینٹ‘۔ اس میں ’بھ‘ پر زبر ہے لیکن تلفظ بروزن اینٹ کیا جارہا ہے یعنی ’بھ‘ کو بالکسر بنالیا ہے۔ کتنے ہی الفاظ ایسے ہیں جن میں زبر کی جگہ زیر اور زیر کی جگہ زبر لگا کر بولا جارہا ہے۔ کبھی موقع ملا تو ایسے الفاظ کی فہرست مرتب کی جائے گی۔ زیر و زبر کرنے میں ہرج تو کوئی نہیں، بس یہ ہے کہ نئی نسل کا تلفظ مزید بگڑ رہا ہے۔

روزنامہ جسارت میں 22 دسمبر کی اشاعت میں ایک دلچسپ سرخی ہے ’’کرتارپور راہداری اسرائیل کو تسلیم کرنے کی ایک ’کھڑی‘ ہے‘‘۔ اگلے دن یہ سرخی دیکھ کر ہم بھی چکرا گئے کہ کون کھڑی ہے، کہاں کھڑی ہے۔ متن میں بھی یہ کھڑی موجود ہے۔ جس نے یہ خبر پڑھی اور سرخی نکالی وہ قابلِ داد ہے۔ اردو اخبار میں کام کرنے والے کو ’کھڑی‘ اور ’کڑی‘ کا فرق نہیں معلوم۔ اصل لفظ ’ایک کڑی‘ تھا جو ’کھڑی‘ ہوگیا۔

بعض الفاظ اتنے پختہ ہوگئے ہیں کہ ٹھیک ہونے میں نہیں آرہے۔ ان میں سے ایک لفظ ’مذبح خانہ‘ ہے۔ حیرت ہے کہ یہ غلطی ’عالمی ترجمان القرآن‘ کے تازہ شمارے (دسمبر2019ء) میں بھی موجود ہے۔ صفحہ 93 پر جملہ ہے ’وادیٔ کشمیر ایک مذبح خانہ ہے‘۔ اس طرف بارہا توجہ دلائی گئی ہے کہ مذبح میں خانہ موجود ہے۔ اگر خانہ لکھنا ناگزیر ہے تو ’ذبح خانہ‘ لکھ کر تسلی کرلی جائے۔ اسی طرح ’مقتل گاہ‘ ہے، صرف ’مقتل‘ لکھنا کافی ہے۔

سلیم منصور خالد خود ایک بڑے ادیب ہیں، انہیں توجہ کرنی چاہیے، ورنہ یہ غلطیاں ان کے سر جائیں گی اور رسالے کا وقار بھی مجروح ہوگا۔ ویسے تو کچھ قارئین کا کہنا ہے کہ ’دامن کو ذرا دیکھ، ذرا بند قبا دیکھ‘۔ لیکن ہم اپنی غلطیوں کی خود نشاندہی کرنے سے گریز نہیں کرتے۔ ’ز‘ کی جگہ ’ذ‘ اور ’ذ‘ کی جگہ ’ز‘ عام ہے۔

22 تا 28 دسمبر کے سنڈے میگزین میں ایک نوجوان ادیب و شاعر نے ’آگہی کی منزل پر‘ کی تقریبِ پزیرائی کے احوال میں لکھا ہے ’انشا اللہ اللہ نے چاہا‘۔ ویسے تو ’انشا اللہ‘ کی جگہ ’ان شا اللہ‘‘ لکھنا چاہیے، کیوں کہ اللہ کا انشا پردازی سے کوئی تعلق نہیں، لیکن ’ان شا اللہ‘ کے بعد ’اللہ نے چاہا‘ لکھنے کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں تھی کیونکہ ’ان شا اللہ‘ کا مطلب ہی یہ ہے اگر اللہ نے چاہا۔ یہ ایک دعائیہ کلمہ ہے کہ ’اللہ کرے ایسا ہو‘۔ اسی طرح ’ماشا اللہ‘ ہے۔

’حوصلہ‘ بہت عام لفظ ہے اور اس کا مطلب ان کو بھی معلوم ہے جن کا حوصلہ نہیں ہوتا۔ مزے کی بات یہ ہے کہ یہ عربی کا لفظ ہے اور اس کا مطلب ہے پرندوں کا معدہ جو گردن میں ہوتا ہے اور جسے اردو میں پوٹا کہتے ہیں۔ اہلِ فارس نے اسے ہمت کے معنوں میں لے لیا، جانے کیوں۔ تاہم اردو میں بھی ہمت کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے، ہمت اور حوصلہ۔


یہ مضمون ابتدائی طور پر فرائیڈے اسپیشل میں شائع ہوا اور بہ اجازت یہاں شائع کیا گیا ہے۔


اطہر ہاشمی

اطہر ہاشمی روزنامہ جسارت کے مدیرِ اعلیٰ ہیں۔ گزشتہ چار دہائیوں سے شعبۂ صحافت سے منسلک ہیں اور زبان و بیان پر گہری گرفت رکھتے ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (11) بند ہیں

معظم Jan 02, 2020 02:22pm
بہت اعلی ہاشمی صاحب ۔ میں اکثر “جنگل میں منگل” محاورےکے متعلق سوچتا تھا ۔ آج آپ نے اس کو اچھے انداز میں سمجھا دیا ۔ برائے مہربانی اسی طرح زبان و بیان کی اصلاح کے لیے لکھتے رہیے۔ شکریہ
khalilullah Jan 02, 2020 02:56pm
kia bat hy sir ji,,aap ki bahut hi zaberdast kawish hy ..hamain bhi maloom nai tha aysy alfaz ka ..apni koshish jari rakhiy
Khan Jan 02, 2020 06:45pm
منگل پٹھانوں کا نام بھی ہوتا ہے۔ منگل باغ آفریدی بڑا مشہور رہا۔
honorable Jan 02, 2020 08:33pm
جنگل میں منگل کی وجہ جاننے کے لیے لغت سے رجوع کیا تو اس میں صرف اتنا ہے ’ویرانے میں رونق ہونا، ویرانے میں عیش و عشرت کا سامان مہیا ہونا‘۔My computer does not support urdu writing. Otherwise I would have loved to write it in Urdu. The definition of mangal u wrote is correct. It is a Turkish word. Single word translation of mangal is "picnic"Picnic is always celebrated at place with greenwery. It could be a ungle or garden etc The translations you have provided are correct but are very poor and bad translations. these translations are like the "haj rehber" translations in urdu being sold in Pakistan that u read but could not understand.
honorable Jan 02, 2020 08:34pm
Sir mangal is "picnic"
یمین الاسلام زبیری Jan 02, 2020 10:58pm
ہمیشہ کی طرح پر علم۔ میں نے پچھلی قسط کے تبصرے میں لکھا تھا کہ یہ کالم اردو کے اساتذہ کو ضرور پڑھنا چاہیے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے وزیر تعلیم، میں تعلیم بالغاں والےخواجہ معین الدین کے الفاظ نہیں لکھنا چاہتا، ویسے تو ہم سب ہی زیر تعلیم ہیں۔ ہاں تو میں کہہ رہا تھا کہ ہمارے وزیر تعلیم کو اس سلسلے میں آگے بڑھنا چاہیے اور اردو کے تمام اساتذہ کو ہدایات جاری کرنی چاہیے ہیں کہ وہ اسے پڑھا کریں، ویسے بھی آن لائین ہے، سیل فون پر بھی پڑھا جا سکتا ہے، جہاں نہیں پہنچ سکتا تو خیر کوئی بات نہیں لیکن کم از کم کراچی لاہور اور دوسرے بڑے شہروں میں تو اسے پڑھا ہی جاسکتا ہے۔ وزیر تعلیم کو کچھ خاص کرنا بھی نہیں پرنسپلوں کے فون پر بھی یہ بات پہنچائی جا سکتی ہے۔ خیر انہیں کیا کرنا ہے ہم کچھ نہیں کہہ سکتے، لیکن انہیں کچھ کرنا چاہیے اس پر ہم ذور دے سکتے ہیں۔
یمین الاسلام زبیری Jan 03, 2020 11:35pm
جناب آنرایبل، آپ اپنے کمپیوٹر پر مائکرو سافٹ میں اردو لکھ سکتے ہیں، کیسے کریں یوٹیوب سے مدد لیں۔ نہ کر سکیں تو اس ویب گاہ http://www.aruuz.com/taqti ہر لکھ سکتے ہیں بغیر کچھ ڈائون لوڈ کیے ہوئے، ذرا سا کی بورڈ کی مشق کرنی ہوگی۔ اس کے بعد کٹ پیسٹ کر لیں۔ اگر آپ اردو استعمال کریں گے تو میں آپ کا شکر گزار ہوں گا۔
QURESHI Tufail Jan 24, 2020 11:38pm
جناب بہت عمدہ معلومات دی ہے آپ نے۔ جنگل میں منگل کے حوالے سے مجھے ایک پاکستانی فلم یاد آگئی "زندگی" جس میں ایک گانا آپ کے آج کے موضوع پر ہے۔ "جنگل میں منگل" تیرے ہی دم سے سب نے یہ شور مچایا ہے سالگرہ کا دن آیا ہے۔ اس فلم میں ندیم کے بیٹے کی سالگرہ ایک جنگل میں مناتے ہوئے دکھایا ہے۔ یعنی کے یہ لوگ بچے کی سالگرہ کی منگل ایک جنگل میں منانے جاتے ہیں۔
QURESHI Tufail Jan 24, 2020 11:54pm
اطہر صاحب آپ سے ایک چھوٹی سی گذارش ہے اور آپ کے جواب سے میری معلومات میں اور شاید پڑھنے والوں کی معلومات میں بھی اضافا ہوجائےگا۔ اردو زبان کے وہ الفاظ جن میں دوہرے ڈبل حروف آتے ہیں، جیساکہ لفظ "کارروائی" میں دو بار "رر" آئے ہیں کو کیا کہتے ہیں اور ایسےکتنے اور الفاظ ہیں؟ آپ کے جواب کا منتظر رہوں گا۔ سیکھنے کا طلبار طفیل قریشی حیدرآباد
honorable Jan 25, 2020 12:44pm
ı have down loaded the application and will try to write it in urdu next time. I m very busy and occasionally check and comment on news. ı saw your post just now. Thank you.
QURESHI Tufail Feb 04, 2020 08:02pm
جناب آپ کے جواب کا منتظر رہوں گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024