بابر اعظم رواں سال ٹی20 ورلڈ کپ میں بہتر نتائج کیلئے پرامید
قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سال 2019 کو اپنی کارکردگی کے لحاظ سے شاندار قرار دیتے ہوئے آسٹریلیا میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ میں بہترین نتائج دینے کی امید ظاہر کی ہے۔
یاد رہے کہ بابر اعظم نے سال 2019 میں تینوں فارمیٹس میں عمدہ کھیل پیش کیا اور یہی وجہ ہے کہ وہ ٹی 20 کے عالمی نمبر ایک بلے باز ہونے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ اور ون ڈے رینکنگ میں بھی بالترتیب چھٹے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: بابر اعظم ٹیسٹ کیریئر کے بہترین چھٹے نمبر پر پہنچ گئے
بابر اعظم کا کہنا ہے کہ سال 2019 ان کے لیے ایک شاندار سال رہا اور اس دوران انہوں نے تمام کنڈیشنز میں بہترین کارکردگی دکھانے کا ہنر سیکھا۔
مڈل آرڈر بلے باز نے کہا کہ وہ اس سے قبل بھی رنز کر رہے تھے لیکن میچ وننگ پرفارمنس دینے میں کامیاب نہیں ہورہے تھے، لہٰذا رواں سال انہوں نے اس خامی پر قابو پاکر بہترین نتائج دینے کی کوشش کی۔
بابر نے ورلڈ کپ میں 67.71 کی اوسط سے 474 رنز بنانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میگا ایونٹ کے لیے قومی اسکواڈ میں منتخب ہوتے ہی انہوں نے اعلیٰ کارکردگی دکھانے کا عزم کر لیا تھا۔
بابر اعظم کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کا بہترین بیٹسمین بننا ان کا ہدف تھا، ورلڈکپ میں متاثر کن کارکردگی کے باعث انہیں پذیرائی ملی اور نیوزی لینڈ کے خلاف 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز میگا ایونٹ میں ان کی یادگار کارکردگی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے کیا امکانات ہیں؟
رواں سال بابر کی محدود اوورز کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی کارکردگی قابل ذکر رہی جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سال سے میں ٹیسٹ کرکٹ میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پارہا تھا لیکن رواں سال خامیوں پر قابو پاکر طویل طرز کی کرکٹ میں لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہا۔
انہوں نے کہا کہ جوں جوں ایک کھلاڑی طویل فارمیٹ کھیلتا رہتا ہے اس کی کارکردگی میں بہتری کے امکانات روشن ہوتے جاتے ہیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں نصف سنچری کو سنچری میں بدلنے کی صلاحیت رواں سال بہتر ہوئی جس کا منہ بولتا ثبوت آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچز میں کارکردگی ہے۔
بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف سنچری کو رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی بہترین اننگز قرار دیا۔
مزید پڑھیں: مکمل لباس پہن کر باڈی بلڈنگ کا مقابلہ جیتنے والی 19 سالہ مسلمان لڑکی
25 سالہ بلے باز نے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ کھیلنے کے احساس کو جداگانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ کے نعروں میں اپنے نام کی گونج سننا ناقابل بیان لمحہ ہوتا ہے، ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ کھیلنے پر کوئی اضافی دباؤ نہیں تھا بلکہ اس دوران شائقین کرکٹ کی سپورٹ سے انہیں اپنی بیٹنگ پر مزید توجہ دینے کا موقع مل گیا۔
بابر نے کہا کہ قومی ٹی 20 ٹیم کی کپتانی کرنا اعزاز کی بات ہے، گو کہ آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی تاہم وہ پرامید ہیں کہ پاکستان رواں سال ٹی20 ورلڈ کپ میں شاندار نتائج دینے میں کامیاب رہے گا۔