• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملالہ کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’گل مکئی‘ کی ریلیز کا اعلان

شائع December 29, 2019
فلم کا ٹریلر جولائی 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ/ فیس بک
فلم کا ٹریلر جولائی 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ/ فیس بک

دنیا کی کم عمر ترین نوبیل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’گل مکئی‘ کا ٹریلر یوں تو کئی ماہ قبل ہی ریلیز کیا گیا تھا، تاہم اس کی ریلیز کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

تاہم اب اس فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا اور اسے 31 جنوری 2020 یعنی آئندہ ماہ ریلیز کیا جائے گا۔

بولی وڈ تجزیہ نگار ترن آدرش نے اپنی ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ ملالہ یوسف زئی کی فلم ’گل مکئی‘ کو آئندہ ماہ ریلیز کیا جائے گا۔

’گل مکئی‘ کو بھارتی فلم پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے بنایا گیا ہے، تاہم اس کی ہدایات ایوارڈ یافتہ ایرانی نژاد ہدایت کار امجد خان نے دی ہے۔

بھارتی اداکارہ ریم شیخ نوبیل انعام یافتہ ملالہ کا کردار ادا کریں گی—پرومو فوٹو
بھارتی اداکارہ ریم شیخ نوبیل انعام یافتہ ملالہ کا کردار ادا کریں گی—پرومو فوٹو

’گل مکئی‘ میں نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کا کردار نوجوان بھارتی اداکارہ ریم شیخ ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

فلم کے جاری کیے گئے ے ٹیزر ٹریلر میں ان کی ابتدائی زندگی کے دنوں اور افغانستان و پاکستان کے قبائلی علاقہ جات میں طالبان کی جنگ کو دکھایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ملالہ ڈے پر ‘گل مکئی‘ کی جھلک

ٹریلر کے آغاز میں ہی بولی وڈ اداکار کبیر بیدی کی پس پردہ آواز سنائی دیتی ہے جو اسلام میں جہاد اور پھر پاکستان اور افغانستان میں طالبان کی جانب سے کیے گئے حملوں اور جنگ کی بات کرتے سنائی دیتے ہیں۔

ٹریلر میں کبیر بیدی کی آواز ختم ہوتے ہے ملالہ یوسف زئی کی آواز سنائی دیتی ہے جو اپنی والدہ سے اپنے نام کا مطلب پوچھتے ہوئے کہتی ہیں کہ ان کے نام کے معنی تو غمزدہ کے ہیں۔

دیویا دتا نوبیل انعام یافتہ ملالہ کی والدہ کا کردار ادا کریں گی—پرومو فوٹو
دیویا دتا نوبیل انعام یافتہ ملالہ کی والدہ کا کردار ادا کریں گی—پرومو فوٹو

ملالہ کا سوال ختم ہوتے ہی ان کی والدہ بولتی ہوئی سنائی دیتی ہیں، وہ اپنی معصوم بیٹی کو اپنے نام کا مطلب سناتے ہوئے ماضی کا قصہ سناتی ہیں۔

مزید پڑھیں: ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر فلم کے لیے اجازت نہ لینے کا انکشاف

ان کی والدہ اپنی بیٹی کو پاکستان کے پڑوسی ملک افغانستان پر برطانوی حملے کا قصہ سناتے ہوئے کہتی ہیں کہ اس وقت ملالئی نے اپنے ملک کے فوجیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے حجاب اتار کر ان کی حوصلہ افزائی کے لیے لکھنا شروع کیا، جس پر فوج میں حوصلہ بڑھا اور وہ ہمت سے لڑنے لگے۔

فلم کی کہانی ملالہ کی جدوجہد کے گرد گھومتی ہے—فائل فوٹو: فیس بک
فلم کی کہانی ملالہ کی جدوجہد کے گرد گھومتی ہے—فائل فوٹو: فیس بک

ٹریلر میں ملالہ یوسف زئی اور اس کی والدہ کی آوازیں پس پردہ سنائی دیتی ہیں، جب کہ اس دوران عکس بندی کے لیے ملالہ یوسف زئی اور افغانستان میں جنگ کے مناظر کو دکھایا گیا ہے۔

فلم میں ملالہ یوسف زئی کی والدہ کا کردار اداکارہ دیویا دتا کرتی دکھائی دیں گی۔

فلم میں عطل کلکرنی نوبل انعام یافتہ ملالہ کے والد کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

فلم میں مولانا فضل اللہ، بیت اللہ محسود اور صوفی محمد سمیت متعدد طالبان رہنماؤں کو بھی مختصر کردار میں دکھایا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024