• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ترکی میں مہاجرین کی کشتی کے حادثے میں 2 پاکستانی جاں بحق

شائع December 27, 2019
حادثے کا شکار کشتی میں مجموعی طور پر 25 پاکستانی سوار تھے—فوٹو:اے ایف پی
حادثے کا شکار کشتی میں مجموعی طور پر 25 پاکستانی سوار تھے—فوٹو:اے ایف پی

دفترخارجہ نے ترکی کے صوبے بیتلیس میں لیک وین میں مہاجرین کی کشتی کو پیش آنے والے حادثے میں 2 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے جبکہ حادثے میں مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق ہوئے۔

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ‘ترکی کے سمندر میں حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 71 افراد سوار تھے جن میں 25 پاکستانی بھی شامل تھے’۔

ان کا کہنا تھا کہ دو پاکستانی جاں بحق ہوگئے ہیں تاہم دیگر 23 پاکستانیوں کو بچالیا گیا ہے جو مقامی ترک حکام کے پاس موجود ہیں اور ‘جن کو طبی امداد کی ضرورت تھی انہیں امداد دی جارہی ہے’۔

ترک حکام نے حادثے کی اطلاع ملتے ہیں امدادی کارروائیاں شروع کیں اور آپریشن کو مکمل کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:لیبیا:مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے 11 پاکستانیوں سمیت 90 افراد جاں بحق

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ ‘ترکی میں ہمارا سفارت خانہ اور استنبول میں قونصل جنرل مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ مزید معلومات حاصل کی جائیں اور پاکستان کے شہریوں کو ممکنہ امداد فراہم کی جائیں’۔

بیان کے مطابق ترک حکام جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے بھرپور کام کررہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ ‘جاں بحق افراد کی شناخت ہوتے ہی ان کے اہل خانہ کو آگاہ کیا جائے گا اور لاشوں کی وطن واپسی کے لیے متاثرہ خاندانوں سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا’۔

64 مسافروں کو بچالیا گیا

خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق کشتی ڈوبنے کا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا جس میں پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے افراد سوار تھے۔

مزید پڑھیں:ترکی:مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے 15 افراد ہلاک

بیتلیس کے گورنر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق کشتی ترکی میں بیتلیس کے ضلع ایدیلسیواز میں لیک وین میں حادثے کا شکار ہوئی۔

ترکی کی لیک وین پڑوسی ملک ایران کی سرحد کے قریب ہے جہاں سے مہاجرین ترکی میں داخل ہوتے ہیں اور یورپ چلے جاتے ہیں تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ لیک وین میں حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں سوار افراد یہاں کیا کررہے تھے کیونکہ یہ حادثہ مکمل طور پر ترکی کے اندر پیش آیا۔

گورنر کے دفتر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کشتی کے حادثے میں 5 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے اور دو افراد ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشتی میں سوار دیگر 64 افراد کو بچالیا گیا اور انہیں قریبی ہسپتالوں اور پناگاہوں میں منتقل کردیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024