• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

'ہوم الون 2' میں جلوہ گر ہونا اعزاز تھا، ڈونلڈ ٹرمپ

شائع December 26, 2019
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فلم کا حصہ بنے تھے فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فلم کا حصہ بنے تھے فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

مسیحی برادری کے تہوار کرسمس کے موقع پر ٹی وی پر کچھ دکھایا جائے نہ دکھایا جائے، ہر سال ہولی وڈ کی کامیاب اور بچوں کی پسندیدہ فلم 'ہوم الون' اور اس کا سیکوئل ضرور دکھایا جاتا ہے۔

تاہم کیا آپ کو یہ معلوم ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اس فلم میں ایک سین کے لیے جلوہ گر ہوچکے ہیں؟

1990 میں ریلیز ہونے والی فلم 'ہوم الون' کے 1992 میں سامنے آئے سیکوئل کے سین میں ڈونلڈ ٹرمپ ایک سین کے لیے فلم کا حصہ بنے۔

اس سین میں ڈونلڈ ٹرمپ فلم کے مرکزی کردار کیون کو راستہ سمجھاتے نظر آئے۔

چند روز قبل ڈونلڈ ٹرمپ سے کرسمس کی تقریبات سے متعلق ایک انٹرویو کے دوران ہوم الون 2 کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ کیا یہ ان کی پسندیدہ کرسمس فلم ہے؟

اس پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں ہوم الون 2 میں جلوہ گر ہوا، ہر سال اس فلم کا ذکر بہت سے لوگ کرتے ہیں، خاص طور پر کرسمس کے موقع پر اس کا تذکرہ ہوتا ہے اور بچے اس فلم کو بہت پسند کرتے ہیں۔

امریکی صدر نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بچے مجھے اس طرح ٹی وی پر نہیں دیکھتے جیسا انہوں نے فلم میں دیکھا، تاہم یہ ایک اچھی فلم تھی اور اس وقت میری عمر کچھ کم تھی جبکہ میرے لیے اس فلم میں جلوہ گر ہونا اعزاز تھا۔

مزید پڑھیں: فلم ہوم الون کا وہ راز جس کا علم 28 سال بعد ہوا

واضح رہے کہ 'ہوم الون' کی طرح اس فلم کا سیکوئل 'ہوم الون 2: لوسٹ ان نیویارک بھی باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوا تھا۔

دوران گفتگو ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ کامیابی سب کو پسند ہے اور ایسی کامیاب فلم میں جلوہ گر ہونا بھی ایک اعزاز ہی ہے۔

یاد رہے کہ 1990 میں سامنے والی فلم ’ہوم الون‘ ایک ایسے شرارتی بچے کی کہانی ہے جو کرسمس کے موقع پر دعا مانگتا ہے کہ اس کے گھر والے غائب ہوجائیں۔

اسی دوران حالات کچھ یوں پیش آتے ہیں کہ وہ سمجھتا ہے کہ اس کی دعا قبول ہوگئی کیونکہ اس کا خاندان کرسمس کی چھٹیاں منانے پیرس روانہ ہوتا ہے اور وہ 10سالہ شرارتی بچے کو گھر پر ہی بھول جاتے ہیں۔

فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

اس فلم کی کامیابی نے ہولی وڈ اداکار میکولی کلکن کو اسٹار بنادیا تھا جنہوں نے فلم میں مرکزی کردار نبھایا تھا۔

اس فلم کے مزید 3 سیکوئل بھی سامنے آئے جن میں سے دوسرے میں مرکزی فلم کی اصل کاسٹ کو ہی حصہ بنایا گیا تھا جبکہ تیسرے اور چوتھے سیکوئل میں بالکل نئے اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ ہوم الون کی پوری کہانی اس خیال پر مبنی تھی کہ والدین اپنے بچے کو گھر میں اکیلا چھوڑ کر چلے گئے، جس کے بعد اسے چوروں کا اکیلے سامنا کرنا پڑا۔

1992 میں فلم ہوم الون 2 نے دنیا بھر میں 36 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی کمائی کی تھی۔

خیال رہے کہ امریکی کمپنی ڈزنی 1990 کی دہائی کی اس یادگار فلم کا ریمیک بنانے کا بھی اعلان کرچکی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024