• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’چمکیلی‘ پر پابندی لگانے کی درخواست پر ابرارالحق نے جواب جمع کرادیا

شائع December 20, 2019
چمکیلی کو سوشل میڈیا پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا
چمکیلی کو سوشل میڈیا پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا

بھنگڑا گلوکار ابرارالحق نے رواں ماہ کے آغاز میں ریلیز کیے گئے اپنے گانے ’چمکیلی‘ پر پابندی لگانے والی درخواست کے خلاف لاہور کی مقامی عدالت میں درخواست جمع کرادی۔

ابرار الحق کے رواں ماہ سامنے آنے والے گانے 'چمکیلی' پر پابندی کے لیے گزشتہ روز لاہور کی سول عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

ایڈووکیٹ رانا عدنان اصغر نے عدالت میں گانے کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ گلوکار نے اپنے گانے میں مردوں اور خواتین دونوں کی تضحیک کی ہے، اس لیے گانے کی ویڈیو کو یوٹیوب سے ہٹانے کے ساتھ اس پر پابندی لگانے کا حکم دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: 'چمکیلی' پر مردوں کی تضحیک کا الزام

درخواست دائر کرنے کے بعد عدالت نے گلوکار ابرار الحق سمیت پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو بھی جواب جمع کرانے کے لیے نوٹس جاری کیے تھے اور عدالت نے حکم دیا تھا کہ 21 دسمبر تک دونوں پارٹیاں جواب جمع کرائیں۔

عدالتی نوٹس ملنے کے بعد گلوکار ابرارالحق نے عدالت میں اپنے گانے پر پابندی کے حوالے سے دائر کی گئی درخواست پر جواب جمع کرواتے ہوئے وکیل کے الزامات کو مسترد کردیا اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنے گانے میں مرد و خواتین کی تضحیک نہیں کی۔

گانے میں مہوش حیات ماڈلنگ کرتی دکھائی دیں—اسکرین شاٹ
گانے میں مہوش حیات ماڈلنگ کرتی دکھائی دیں—اسکرین شاٹ

گلوکار ابرارالحق نے اپنے وکیل منور قسود کے توسط سے عدالت میں جواب جمع کرایا اور عدالت سے استدعا کی کہ ان کے گانے پر پابندی لگانے والی درخواست کو خارج کیا جائے۔

گلوکار کے وکیل نے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں ابرارالحق کی جانب سے کہا کہ ’گانے میں مرد یا خواتین کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا اور نہ ہی دونوں کو غلط انداز میں دکھایا گیا ہے‘۔

مزید پڑھیں: ابرارالحق کے نئے گانے کی 'چمکیلی' مہوش حیات

درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ ’گانے کی تیاری قانون کے تمام تقاضوں کو نظر میں رکھ کر کی گئی اور اس میں کوئی بھی غیر قانونی چیز نہیں دکھائی گئی۔

جواب میں گلوکار ابرارالحق کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’گلوکار مرد یا خواتین کی تذلیل کا سوچ بھی نہیں سکتے‘ اور یہ کہ ان پر لگایا گیا الزام بے بنیاد ہے، اس لیے درخواست کو خارج کیا جائے۔

عدالت نے ابرار الحق کے جواب جمع ہونے کے بعد درخواست دائر کرنے والے فریقین سمیت گلوکار کے وکلا کو بھی آئندہ ماہ 3 جنوری کو دلائل دینے کے لیے بلا لیا۔

ابرارالحق کا گانا ’چمکیلی‘ رواں ماہ کے آغاز میں سامنے آیا تھا، اس گانے میں نامور اداکارہ مہوش حیات اور یوٹیوب اسٹار شاہ ویر جعفری نے اداکاری کی۔

گانے میں مہوش حیات چمکیلی نامی دلہن کے روپ میں نظر آئیں، جو اپنی بارات لےکر اپنے دلہا شاہ ویر کو رخصت کرانے ان کے گھر پہنچ گئیں تھی۔

گانے کی ریلیز کے بعد بھی سوشل میڈیا پر گلوکار کو روایات کو تبدیل کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024