• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بچوں کو موٹاپے کا شکار کرنے والی عام عادت سامنے آگئی

شائع December 11, 2019
یہ بات اسپین میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات اسپین میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

والدین اگر اپنے بچوں کو موٹاپے سے بچانا چاہتے ہیں تو طرز زندگی کے جو عناصر اس کی وجہ بن سکتے ہیں، ان میں ٹیلی ویژن کے سامنے وقت گزارنا سب سے بدترین ہے۔

یہ بات اسپین میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی۔

ہاسپٹل ڈیل مار میڈیکل ریسرچ انسٹیٹوٹ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ جسمانی وزن اور موٹاپے کے شکار بچوں میں اس کی وجہ بننے والی عادات کو شناخت کرنے سے ہمیں بلوغت میں دیگر امراض جیسے خون کی شریانوں سے جڑے امراض اور میٹابولک امراض سے بچانے کے طریقہ کار تشکیل دینے میں مدد مل سکے گی۔

تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے طرز زندگی کی 5 عادات کا تجزیہ کیا جن میں جسمانی سرگرمیاں، سونے کا وقت، ٹیلی ویژن دیکھنے کا دورانیہ، نباتاتی غذا کا استعمال اور بہت زیادہ پراسیس یا جنک فوڈ کا استعمال۔

اس تحقیق کے نتائج جریدے جرنل پیڈیاٹرک اوبیسٹی میں شائع ہوئے جس کے لیے 1480 بچوں کا ڈیٹا لیا گیا۔

تحقیق کے دوران والدین سے 4 سال کی عمر کے بچوں کی طرز زندگی کی عادات کے حوالے سے مختلف سوالنامے بھروائے گئے، پھر ان عادات سے صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کا تعین کرنے کے لیے محققین نے ان کا جسمانی وزن، کمر کی پیمائش اور بلڈ پریشر کا جائزہ 4 اور 7 سال کی عمر میں لیا۔

محققین نے دریافت کیا کہ 4 سال کی عمر میں وہ بچے جو جسمانی طور پر کم سرگرم اور زیادہ وقت ٹی وی کے سامنے گزارتے ہیں، ان میں جسمانی وزن بڑھنے، موٹاپے اور میٹابولک سینڈروم کا خطرہ 7 برس کی عمر میں زیادہ ہوتا ہے۔

محققین نے بچوں کی دیگر سرگرمیوں جیسے مطالعہ، ڈرائنگ اور پزل وغیرہ کے وقت کا بھی جائزہ لیا اور دریافت کیا کہ ان سرگرمیوں سے جسمانی وزن پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔

محققین نے بتایا کہ جب بچے ٹی وی دیھتے ہیں تو وہ صھت کے لیے نقصان دہ غذاﺅں کے حوالے سے بہت زیادہ اشتہارات دیکھتے ہیں، اور ممکنہ طور پر وہ ان مصنوعات کو استعمال بھی کرتے ہیں۔

الٹرا پراسیس غذائیں جیسے پیسٹریاں، میٹھے مشروبات، نمک، چینی اور چربی سے بھرپور غذائی اشیا کا استعمال ان بچوں میں زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں ثابت ہوا کہ 4 سال کی عمر میں ان اشیا کا زیادہ استعمال اور 7 سال کی عمر میں زیادہ جسمانی وزن کے درمیان تعلق موجود ہے۔

محققین کے مطابق ٹی وی دیکھنے سے بچوں میں جسمانی سرگرمیوں سے دوری بڑھتی ہے اور نیند کا طے شدہ وقت بھی متاثر ہوتا ہے اور اس عمر میں اچھی نیند لڑکپن میں جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے ضروری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024