• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
شائع December 11, 2019 اپ ڈیٹ December 14, 2019

2019 : پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ڈرامے اور فلمیں

دنیا کی سب سے بڑی اور معتبر سرچ انجن گوگل نے سال 2019 میں پاکستان کے اندر سرچ کی جانے والی 10 فلموں اور ڈراموں کی فہرست جاری کردی۔

گوگل یہ فہرست ہر سال کے آخری مہینے کے وسط تک شائع کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: 2019 میں پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات

گوگل سال کے اختتام پر ہر سال دسمبر کے دوسرے ہفتے کے آٓغاز میں ہی یہ فہرست جاری کرتا ہے۔

گوگل سرچ انجن پر لوگوں نے درج زیل فلموں اور ڈراموں کو سب سے زیادہ سرچ کیا:

10- گلی بوائے

بولی وڈ کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم گلی بوائے اس فہرست میں 10ویں نمبر پر ہے، اس فلم میں بولی وڈ کے جوشیلے اداکار رنویر سنگھ نے مرکزی کردار نبھایا، جبکہ ان کا ساتھ اداکارہ عالیہ بھٹ نے دیا تھا۔

فلم کی کہانی زویا اختر اور ریما کاگتی نے تحریر کی جبکہ ہدایات زویا اختر نے دی تھی۔

اس فلم میں رنویر سنگھ نے دھاراوی نامی کچی آبادی سے تعلق رکھنے والے نوجوان کا کردار نبھایا، جس کے والد ایک ڈرائیور ہیں اور وہ ریپر بننے کی خواہش رکھتا ہے۔

گلی بوائے رنویر سنگھ کا ’ٹائم آگیا‘

اس جدو جہد میں اس کی ملاقات ایم سی شیر نامی ریپر سے ہوتی ہے جس کے بعد یہ دونوں مل کر ریپینگ کی موسیقی کا سفر طے کرتے ہیں۔

فلم باکس آفس پر بہترین بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی جبکہ اسے مداحوں اور تجزیہ کاروں کا شاندار ردعمل موصول ہوا۔

واضح رہے کہ گلی بوائے کو بھارت کی جانب سے آسکرز ایوارڈز میں نامزدگی کے لیے بھی بھیجا گیا ہے۔

9- بھروسہ پیار تیرا

رواں سال جیو انٹرٹینمنٹ پر سامنے آئے ڈرامے 'بھروسہ پیار تیرا' کو بھی لوگوں نے گوگل پر بہت زیادہ سرچ کیا۔

اس ڈرامے میں عدیل چوہدری اور کوم عزیز نے مرکزی کردار نبھائے جبکہ سیمی پاشا اور بابر خان نے بھی معاون کردار نبھائے۔

ڈرامے کی ہدایات علی اکبر نے دی تھی جبکہ اس کا گانا ساحر علی بگا نے گایا تھا۔

ڈرامے کی کہانی دو لوگوں کے درمیان رومانوی تعلق اور خاندانی مسائل کے گرد گھومتی ہے۔

8- موٹو پتلو 2019

بھارتی کارٹون موٹو پتلو پاکستانی بچوں میں کس حد تک مقبول ہے اس کا اندازہ اس فہرست کو دیکھ کر لگایا جاسکتا ہے۔

موٹو پتلو کارٹون دو دوستوں پر مبنی ہے جو مشکلات میں ایک دوسرے کی مدد کرتے رہتے ہیں جبکہ پیسے کمانے کے لیے بھی کسی نہ کسی مشکل میں پھنس جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس کارٹون سیریز کا آغاز 2012 سے ہوا تھا اور اب تک اس کے چار سیزنز سامنے آچکے ہیں۔

نکالوڈین چینل پر نشر کیا جانے والا یہ کارٹون دنیا بھر میں بےحد مقبول ہورہا ہے۔

7- میرے پاس تم ہو

اے آر وائے ڈجیٹل پر نشر کیا جانے والا ڈراما 'میرے پاس تم ہو' اس وقت پاکستان میں دیکھا جانے والا سب سے مقبول ڈراما ہے۔

اس ڈرامے میں ہمایوں سعید، عدنان صدیقی اور عائزہ خان نے مرکزی کردار نبھائے جبکہ حرا مانی اور سویرا ندیم اس ڈرامے میں معاون کردار نبھارہی ہیں۔

سپر ہٹ ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کو 4 ہدایت کاروں نے کیوں ٹھکرایا؟

ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کا آغاز رواں سال اگست میں ہوا تھا اور اب تک اس کی صرف 17 اقساط سامنے آئیں ہیں، اس کے باوجود یہ گوگل کی اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوا۔

اس ڈرامے کی کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے تحریر کی جبکہ ندیم بیگ نے اس کی ہدایات دی ہے۔

میرے پاس تم ہو ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جس کی بیوی پیسوں کی لالچ میں اسے چھوڑ کر کسی دوسرے مرد کے ساتھ چلی جاتی ہے، جس کے بعد وہ صرف امیر ہونے کی کوشش کرتا اور اس کوشش میں کامیاب بھی ہوجاتا ہے۔

6- کیپٹن مارول

اس فہرست میں ہولی وڈ ایکشن فلم کیپٹن مارول بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی۔

مارول اسٹوڈیو کے بینر تلے بننے والی اس پہلی خاتون سپر ہیرو فلم میں 28 سالہ اداکارہ بری لارسن نے سپر ہیرو کا روپ اختیار کیا تھا۔

‘کیپٹن مارول’ غیر معمولی صلاحیتوں کی مالک خاتون

فلم کی کہانی بری لارسن یعنی کیپٹن مارول کی غیر معمولی صلاحیتوں کے گرد گھومتی ہے، وہ اگرچہ ایئر فورس کی پائلٹ بنتی ہیں، تاہم جلد ہی اسے اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ عام خاتون پائلٹ سے بڑھ کر ہیں۔

کیپٹن مارول نے دنیا بھر سے ابتدائی 3 دن میں 44 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 62 ارب روپے سے زائد کی کمائی کرکے ایک نیا اعزاز اپنے نام کرلیا تھا۔

5- کبیر سنگھ

بولی وڈ اداکارہ شاہد کپور کی فلم 'کبیر سنگھ' ویسے تو باکس آفس پر شاندار بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی البتہ اس فلم کو ریلیز کے بعد تجزیہ کاروں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

فلم میں شاہد کپور نے ایک میڈیکل کالج میں پڑھنے والے طلبہ کا کردار نبھایا جو آگے جاکر ایک کامیاب سرجن بنتا ہے۔

اس سفر میں اسے اپنے کالج کی ایک لڑکی (کیارہ اڈوانی) سے محبت ہوجاتی ہے، جبکہ اس کا غصہ اسے کئی بار مشکلات کا شکار بھی بناتا ہے۔

خواتین پر تشدد پیش کرتی فلم 'کبیر سنگھ' کامیاب

فلم میں شاہد کپور کو شدید نشے کا عادی بھی دکھایا، جو اپنے پیار کی جدائی کے بعد خود کو تباہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے۔

تجزیہ کاروں نے فلم میں شاہد کے اس ہی کردار کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ ایک سین کو خاص طور پر ہائی لائٹ کیا جس میں شاہد کپور نے فلم کی مرکزی اداکارہ کو تھپڑ مارا، جبکہ ایک موقع پر انہیں یہ تک کہا کہ کالج میں ان کی کوئی پہچان نہیں، بلکہ اسے صرف کبیر کی گرل فرینڈ ہونے کے طور پر جانا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ ’کبیر سنگھ‘ تیلگو فلم ’ارجن ریڈی‘ کا ہندی ریمیک ہے۔

4- سنو چندا سیزن 2

رواں سال رمضام کے موقع پر سامنے آیا پاکستانی ڈراما 'سنو چندا 2' 2018 کے کامیاب ڈرامے سنو چندا کا سیکوئل تھا۔

اس ڈرامے میں اداکارہ اقرا عزیز اور فرحان سعید نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

'فرحان سعید سنو چندا 2' کے بارے میں پرجوش اور نروس

رومانوی کامیڈی ڈرامہ مداحوں کے درمیان کافی مقبول ہوا۔ اس کی کہانی ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے جہاں کزنز کی آپس میں شادی ہوجاتی ہے، ارسل اور جیا نامی کرداروں کی لڑائی جھگڑے اور رومانوی کہانی کو مداحوں نے بےحد پسند کیا تھا۔

سنو چندا 2 کی ہدایات احسن تالش نے دی جبکہ اس کی کہانی صائمہ اکرم چوہدری نے تحریر کی۔

3- عہد وفا

ہم ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ڈرامے عہد وفا کی اب تک صرف 12 اقساط سامنے آئی ہیں، اس کے باوجود یہ ڈراما اس فہرست میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

ڈرامے میں احد رضا میر، عثمان خالد بٹ، وہاج علی، احمد علی، ونیزہ احمد، زارا نور عباس اور علیزے شاہ نے اہم کردار نبھائے ہیں۔

ڈرامے کی کہانی چار دوستوں کی دوستی، ان کے درمیان ہوئے تنازع اور ملک کے لیے قربانی دینے کے عزم پر مبنی ہے۔

احد رضا میر اور عثمان خالد بٹ کی 'لازوال دوستی'

4 دوست جو کالج میں تو اکٹھے تھے مگر پھر ایک واقعے کے بعد ان کی دوستی متاثر ہوتی ہے اور وہ الگ ہوجاتے ہیں۔

احد رضا میر کا کردار سعد اپنے والد بریگیڈئیر فراز کی طرح فوج میں چلا جاتا ہے جبکہ عثمان خالد بٹ کا کردار شاہ زین جاگیردار گھرانے سے تعلق رکھتا ہے۔

ڈرامے کی ہدایات محمد سیفی حسن دے رہے ہیں جبکہ اسے ایم ڈی پروڈکشنز کمپنی نے پروڈیوس کیا۔

2- بگ باس 13

بھارت کے مشہور ترین ریئلٹی شو ‘بگ باس’ کے 13 ویں سیزن کو بھی پاکستانیوں نے گوگل پر بہت زیادہ سرچ کیا۔

اس سیزن کا آغاز رواں سال 29 ستمبر کو ہوا تھا، بولی وڈ اداکار سلمان خان اس شو کے 10سیزنز کی میزبانی کرچکے ہیں۔

بگ باس 13 میں مجموعی طور پر 21 کانٹیسٹنر(گھر والے) شامل ہیں، جنہیں بگ باس کے گھر میں 140 دن گزارنے ہیں جہاں یہ گھر کے باہر کسی سے بھی رابطہ نہیں کرسکتے۔

یہ سیزن فی الحال بھارتی چینل کلرز پر نشر کیا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ سیزن 13 اب تک کا سب سے طویل عرصے چلنے والا سیزن ثابت ہوگا۔

یاد رہے کہ 2006 میں اس شو کا پہلا سیزن سامنے آیا تھا، جس کی میزبانی اداکار ارشد وارثی نے کی تھی۔

1- ایونجرز اینڈ گیم

اس فہرست میں نمبر ون پر آنے والی فلم مارول کمپنی کی ایونجرز اینڈ گیم کے جس نے ریلیز کے صرف 5 روز میں اب تک کی سامنے آئی ہر فلم کا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔

پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی یہ فلم اب تک 2 ارب 79 کروڑ 78 لاکھ ڈالر کا بزنس کرچکی ہے۔

ایوینجرز اینڈ گیم تیز ترین 2 ارب ڈالرز کمانے میں کامیاب

یاد رہے کہ ایوینجرز اینڈ گیم رواں سال 26 اپریل کو ریلیز ہوئی تھی جس میں رابرٹ ڈاﺅنی جونیئر، کرس ایونز، کرس ہیم ورتھ، مارک روفالو، اسکارلٹ جونسن، جرمی رنر، بری لارس جیسے اداکاروں نے کام کیا۔

خیال رہے کہ ایونجرز اینڈ گیم اب تک کی سب سے زیادہ کمانے والی فلم بھی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

miandad Dec 11, 2019 02:56pm
Zabar10