• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

'دباؤ کے باوجود پیچھے نہیں ہٹیں گے اور سلیکٹڈ حکومت کو للکاریں گے'

شائع December 9, 2019
حکومت مخالفین پر دباؤ ڈالنے کے حربوں سے باز نہیں آرہی، چیئرمین پیپلز پارٹی — فوٹو: ڈان نیوز
حکومت مخالفین پر دباؤ ڈالنے کے حربوں سے باز نہیں آرہی، چیئرمین پیپلز پارٹی — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومتی دباؤ کے باوجود پیچھے نہیں ہٹیں گے اور 27 دسمبر کو بےنظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر لیاقت باغ میں جلسہ کر کے سلیکٹڈ حکومت کو للکاریں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 'آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت کی درخواستوں پر 11 دسمبر کو سماعت ہوگی، امید ہے عدالت کی طرف سے انصاف ملے گا اور سابق صدر کو وہ طبی سہولتیں ملیں گی جو ہر شہری کا حق ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'حکومت مخالفین پر دباؤ ڈالنے کے حربوں سے باز نہیں آرہی لیکن پیپلز پارٹی عوامی جدوجہد ہر حال میں جاری رکھے گی، حکومتی دباؤ کے باوجود پیچھے نہیں ہٹیں گے اور 27 دسمبر کو بےنظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر لیاقت باغ میں جلسہ کر کے سلیکٹڈ حکومت کو للکاریں گے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کے عوام ایسی حکومت اور کٹھ پتلی تماشے دیکھنا نہیں چاہتے، موجودہ حکومت میں عوامی مسائل حل کرنے کی اہلیت نہیں اور نااہل حکومت کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔'

مزید پڑھیں: جن سے ایک نوٹی فکیشن نہیں بن سکا، وہ 6 ماہ میں قانون کیسے بنائیں گے، بلاول

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 'آج وزیر اعظم عمران خان نے اینٹی کرپشن ایپ کا افتتاح کیا، کیا وہ اپنی کابینہ کے کرپٹ اراکین کی نشاندہی نہیں کر سکے؟ آپ کے پاناما کے جو خصوصی معاون ہیں ان کے خلاف تحقیقات کا کیا ہوا؟ جبکہ پشاور کے بی آر ٹی منصوبے پر بھی آج تک کوئی تحقیقات نہیں ہوئی۔'

انہوں نے کہا کہ 'وزیر اعظم، نواز شریف اور شہباز شریف کا رونا رو رہے ہیں، نواز شریف سزا کے باوجود ملک سے باہر چلے گئے، اس کے بعد آپ کس منہ سے کہہ رہے ہیں کہ انہیں نہیں چھوڑیں گے، پاکستان کے عوام نے آپ کو پہچان لیا ہے، آپ ویسے ہی سلیکٹڈ ہیں جیسے ماضی میں آتے رہتے تھے، وہ بھی اپنی غیر قانونی حکومت قائم کرنے اور اقتدار میں رہنے کے لیے عوام پر بوجھ ڈالتے تھے، آپ بھی غریب پر بوجھ ڈال رہے ہیں۔'

چیئرمین پیپلز پارٹی نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹ بولنا بند کردے اور عوام کے مسائل حل کرنا شروع کردے، اگر عوام کے مسائل حل ہوئے تو ان کا جمہوریت پر اعتماد بڑھتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کو آئینی و جمہوری طریقے سے نہیں ہٹایا جاسکتا، بلاول بھٹو

سندھ حکومت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 'جب سے عمران خان کی حکومت آئی ہے اس کا یہ خواب ہے کہ سندھ میں بھی ایک کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ ہو جو ہمارے صوبے کے عوام کے حقوق کا سودا کرکے وفاق کا ساتھ دے لیکن ہر بار اس کی یہ کوشش ناکام ہوئی، پیپلز پارٹی کے پاس سندھ میں تاریخی مینڈیٹ ہے اور 18ویں ترمیم کے بعد اس صورتحال میں جمہوری طریقے سے صوبائی حکومت ختم کرنا بہت مشکل ہے۔'

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے لیے ماہر قلب ڈاکٹر ندیم قمر کا انتخاب کیا ہے اور ضمانت ملنے کی صورت میں سابق صدر کا علاج کراچی میں کرایا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024