• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم: درخواست گزاروں میں ساڑھے 5 ہزار خواجہ سرا شامل

شائع December 8, 2019
ہاؤسنگ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں سب سے زیادہ درخواستیں اسلام آباد سے موصول ہوئیں — فائل فوٹو:سارہ فرید
ہاؤسنگ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں سب سے زیادہ درخواستیں اسلام آباد سے موصول ہوئیں — فائل فوٹو:سارہ فرید

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے جاری ڈیٹا کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے لیے درخواست دینے والے 19 لاکھ سے زائد افراد میں ساڑھے 5 ہزار خواجہ سرا شامل ہیں۔

درخواست گزاروں میں ایک لاکھ 84 ہزار 355 کچی آبادی کے رہائشی، 36 ہزار 654 بیوائیں، 9 ہزار 325 طلاق یافتہ خواتین اور مزدور طبقے سے تعلق رکھنے والے 7 لاکھ 15 ہزار 473 افراد شامل ہیں۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ نزدیک ہونے کی وجہ سے اسکیم کی رجسٹریشن کی رفتار میں تیزی آئی ہے۔

گزشتہ ماہ حکومت نے رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے آخری تاریخ 15 دسمبر طے کی تھی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم نے نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کردیا

نادرا کے ترجمان کے مطابق ملک بھر سے بڑی تعداد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے لیے درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

خیال رہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام وزیراعظم عمران خان کے وژن کی ترجمانی کرے گا جس کے تحت معاشرے کے غریب طبقے سے وابستہ افراد آسان قرضوں پر اپنے گھر حاصل کرسکیں گے۔

اس سلسلے میں نادرا نے اپنی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کے علاوہ ملک بھر میں اپنے سہولت نیٹ ورک کے ذریعے رجسٹریشن کی خدمات فراہم کررہا ہے۔

ترجمان نادرا کے مطابق اب تک 19 لاکھ 18 ہزار افراد نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے لیے رجسٹریشن کرواچکے ہیں جن میں سے 10 لاکھ سے زائد افراد نے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت سے فائدہ اٹھایا۔

ترجمان نے کہا کہ ہاؤسنگ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں سب سے زیادہ درخواستیں اسلام آباد سے موصول ہوئیں جہاں 2 لاکھ 59 ہزار 2 سو 76 افراد نے درخواست دی۔

علاوہ ازیں ضلع لاہور سے 22 ہزار 89، کراچی کے مختلف اضلاع سے ایک لاکھ 21 ہزار 7 سو 59، ملتان سے 77 ہزار 5 سو 69، ضلع بہاولپور سے 57 ہزار 4 سو 42 اور ضلع پشاور سے 44 ہزار 6 سو 85 درخواستیں موصول ہوئیں۔

نادرا نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی کہ آخری تاریخ کا انتظار نہ کریں اور وہ کسی بھی سہولت مرکز پر 250 روپے کی فیس جع کروا کے خود کو رجسٹر کرواسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم: رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع

ساتھ ہی اوورسیز پاکستانی اور قسطوں پر اپنا گھر لینے کے خواہش مند دیگر افراد گھر بیٹھے کسی اضافی فیس کے بغیر نادرا کی ویب سائٹ پر آن لائن بھی درخواست کرسکتے ہیں۔

رواں برس جولائی کے وسط میں وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی رجسٹریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا تھا اور کہا تھا کہ اس اسکیم سے معاشرے کے کم آمدن والے افراد کو سستے گھر فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے اس حوالے سے ویب پورٹل کا آغاز کیا تھا جس کے ذریعے کسی دفتر کا دورہ کیے بغیر درخواست گزار گھر بیٹھے خود کو رجسٹر کرسکتے ہیں۔

اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ کابینہ ضروری قانون سازی منظور کرے گی جس کے تحت کمرشل بینکس ان افراد کو قرض فراہم کرنے کی سہولت میں توسیع دے سکیں گے جو اپنا گھر خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔


یہ خبر 8 دسمبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024