علی ظفر کی اہلیہ نے پہلی بار شوہر پر’جنسی ہراسانی‘ کے الزام پر خاموشی توڑ دی
گلوکار و اداکار علی ظفر کی اہلیہ عائشہ فضلی نے پہلی بار شوہر پر لگے ’جنسی ہراسانی‘ کے الزام پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان نے انتہائی کم عرصے میں بہت مشکلات حالات دیکھے۔
سابق کرکٹر شعیب اختر کے ساتھ ان کے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے علی ظفر کی اہلیہ نے پہلی بار شوہر پر لگے الزام کے بعد اپنے گھر میں پیدا ہونے والے حالات اور خود کو آنے والی پریشانیوں پر کھل کر بات کی۔
تقریبا 35 منٹ دورانیے کے پروگرام میں علی ظفر کی اہلیہ سمیت گلوکار نے بھی شعیب اختر کے ساتھ مختلف معاملات پر بات چیت کی جب کہ ویڈیوز کے دوران شعیب اختر اور علی ظفر ایکسر سائیز سمیت دیگر کھیل بھی کھیلتے دکھائی دیے۔
ویڈیو میں جہاں علی ظفر گلوکاری کرتے دکھائی دیے، وہیں انہوں نے شعیب اختر کی پینٹنگ بھی بنائی۔
ویڈیو کے دوران شعیب اختر گلوکار علی ظفر کے گھر پہنچے اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: علی ظفر نے اگر معاف کر بھی دیا تو میں ایسا نہیں کر پاؤں گی، اہلیہ
شعیب اختر نے علی طفر کے بچوں سے ملاقات کرنے کے بعد ان کی اہلیہ عائشہ فضلی کے ساتھ بھی کچھ وقت گزارا اور ان سے شوہر پر لگے جنسی ہراسانی کے الزام پر بات کی۔
ویڈیو کے دوران شعیب اختر نے دعویٰ کیا کہ علی ظفر جنسی ہراسانی کا کیس جیت چکے ہیں اور دنیا کو سچ اور جھوٹ کا پتہ چل چکا ہے۔
ویڈیو کے دوران شعیب اختر اور علی ظفر کی اہلیہ نے اگرچہ گلوکار پر لگے جنسی ہراسانی کے الزام سے متعلق بات کی، تاہم انہوں نے الزام لگانے والی کسی خاتون کا نام نہیں لیا۔
علی ظفر کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر پر جنسی ہراسانی کے الزام لگائے جانے سے انہوں نے اہل خانہ سمیت مشکل وقت دیکھا اور انہیں شدید پریشانی اور دکھ کا سامنا کرنا پڑا۔
عائشہ فضلی نے کہا کہ ان کے شوہر پر الزام لگنے سے انہیں دوستوں اور دشموں کا پتہ چلا اور انہیں یہ بھی سمجھ میں آگئی کہ اچھا دکھائی دینے والا ہر شخص اچھا نہیں ہوتا۔
مزید پڑھیں: میشا شفیع سوشل میڈیا پر جھوٹا الزام لگانے کے بجائے میرے خاندان کو شکایت کرتیں، علی ظفر
ویڈیو کے دوران شعیب اختر نے علی ظفر سے بھی مختلف موضوعات پر بات کی اور پوچھا کہ انہوں نے عائشہ سے شادی کیسے کی اور ان دونوں کی محبت کیسے ہوئی؟
علی ظفر نے بتایا کہ 18 سال قبل 2000 میں وہ لاہور کے ایک نجی ہوٹل کے کونے میں بیٹھ کر پینٹنگز بناتے تھے تب عائشہ وہاں آئیں اور ان سے اپنی پینٹنگ بنوائی اور اسی لمحے ان دونوں میں محبت ہوئی جو بعد ازاں شادی میں بدل گئی۔
علی ظفر نے اپنی بیوی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ عائشہ کی وجہ سے بہت طاقتور بنے۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ وہ آج جو کچھ بھی ہیں اس کے پیچھے دو خواتین کا کردار ہے، جن میں سے ایک ان کی اہلیہ اور دوسری والدہ ہیں۔
تاہم ویڈیو میں علی ظفر نے خود کھل کر اپنے خلاف لگے جنسی ہراسانی کے معاملے پر بات کی۔
یہ بھی پڑھیں: ہتک عزت کیس: میشا شفیع پہلی مرتبہ عدالت میں پیش
خیال رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں گلوکارہ میشا شفیع نے علی ظفر نے جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا جسے علی ظفر نے جھوٹا قرار دیا تھا۔
بعد ازاں علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف لاہور کی سیشن کورٹ میں جھوٹا الزام لگانے پر ایک ارب روپے کے ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا تھا جس کی متعدد سماعتیں ہوچکی ہیں اور کیس تاحال زیر سماعت ہے۔
مذکورہ مقدمے میں علی ظفر اور ان کی جانب سے پیش کیے گیے 11 گواہوں نے اپنے بیانات ریکارڈ کروادیے ہیں اور اب میشا شفیع اور ان کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔
اسی کیس میں میشا شفیع 6 دسمبر کو پہلی بار سیشن کورٹ میں پیش ہوئیں، تاہم ان کا بیان ریکارڈ نہ ہوسکا۔