• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارتی شخص سے ساڑھے 7 کلو وزنی گردہ نکال دیا گیا

شائع November 26, 2019
گردہ نکالنے کے لیے 2 گھنٹے تک آپریشن جاری رہا—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
گردہ نکالنے کے لیے 2 گھنٹے تک آپریشن جاری رہا—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ایک ہسپتال کے ڈاکٹروں نے گردوں کے مرض میں مبتلا ایک شخص کا 7 کلو 400 گرام وزنی گردہ نکال دیا۔

ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا ہے کہ مریض کے جسم سے نکالا گیا گردہ دنیا کا سب سے بڑا گردہ تھا۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق نئی دہلی کے شری گنگا رام ہسپتال کے یورولاجی ماہر ڈاکٹر سچن کٹوریا نے دعویٰ کیا کہ مریض کے جسم سے نکالا گیا گردہ کسی بھی جسم سے نکالا گیا دنیا کا بڑا گردہ ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق وہ خود بھی مریض کے جسم میں موجود 7 کلو 400 گرام وزنی گردہ دیکھ کر حیران رہ گئے اور انہوں نے مجبوری اور مریض کی زندگی بچانے کے لیے گردے کو جسم سے نکالا۔

ڈاکٹرز کے مطابق نکالا گیا گردہ دنیا کا سب سے بڑا گردہ ہے—فوٹو: اے ایف پی
ڈاکٹرز کے مطابق نکالا گیا گردہ دنیا کا سب سے بڑا گردہ ہے—فوٹو: اے ایف پی

ڈاکٹرز نے بتایا کہ 2 گھنٹے کی طویل آپریشن کے بعد گردہ نکالا گیا جس نے تقریبا متاثرہ شخص کے پورے پیٹ کا احاطہ کر رکھا تھا اور مریض کو سانس لینے سمیت دیگر مشکلات کا سامنا تھا۔

ڈاکٹرز کے مطابق متاثرہ شخص کے جسم سے نکالے گئے گردے کا وزن تقریبا 2 نوزائدہ بچوں کے برابر تھا اور یہ دنیا میں کہیں بھی مریض کےجسم سے الگ کیا گیا سب سے بڑا گردہ ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اس سے قبل گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ساڑھے 4 کلو وزنی گردے کو جسم سے نکالنے کا ریکارڈ موجود ہے اور وہ اپنا ریکارڈ درج کروانے کے لیے جلد گینز بک انتظامیہ سے رابطہ کریں گے۔

ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ جس 56 سالہ شخص کے جسم سے تقریبا ساڑھے 7 کلو وزنی گردہ نکالا گیا اب اس کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے اور انہیں امید ہے کہ اب وہ دیگر مسائل کا شکار نہیں ہوں گے۔

ڈاکٹرز نے یہ بھی بتایا کہ گردوں کے مرض ’آٹوسومل ڈومیننٹ پولیسٹکس کڈنی ڈزیز‘ (اے ڈی پی کے ڈی) نامی مرض میں مبتلا افراد کے گردوں کا سائز بڑھ جاتا ہے، تاہم انہیں بھی آپریشن سے قبل اندازہ نہیں تھا کہ مذکورہ مریض کا گردہ اتنا وزنی ہوگا۔

ڈاکٹرز کے مطابق عام طور پر انسانی گردے کا وزن 150 گرام تک ہوتا ہے اور اس کا سائز بھی نارمل ہوتا ہے، تاہم مذکورہ مریض کا گردہ 32 انچ چوڑا اور 21 انچ لمبا ہوگیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024