• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ملکہ نیدرلینڈز کی 3 روزہ دورے پر پاکستان آمد

شائع November 25, 2019
نیدرلینڈز کی ملکہ فروری 2016 میں بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
نیدرلینڈز کی ملکہ فروری 2016 میں بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

نیدرلینڈز کی ملکہ میکسیما اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی خصوصی ایڈووکیٹ فنانس فار ڈیولپمنٹ کی حیثیت سے 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں۔

سرکاری خبررساں ایجنسی ' اے پی پی' کی رپورٹ کے مطابق پاکستان آمد پر وزارت خارجہ کے سینئر عہدیداران اور نیدرلینڈز کے سفارت خانے کے نمائندوں نے نور خان ایئر بیس پر ملکہ میکسیما کا استقبال کیا۔

خیال رہے کہ نیدرلینڈز کی ملکہ ‏ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل (یو این ایس جی ایس اے) انتونیو گوتیرس کی خصوصی ایڈووکیٹ فنانس فار ڈیولپمنٹ کی حیثیت سے پاکستان آئی ہیں۔

دورہ پاکستان کے دوران ملکہ میکسیما صدرِ مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گی۔

مزید پڑھیں: ملکہ نیدرلینڈز کا 25 نومبر سے تین روزہ دورہ پاکستان

علاوہ ازیں نیدرلینڈز کی ملکہ سرکاری اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے دیگر اسٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔

نیدرلینڈز کی ملکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے منصوبے مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔

اسٹیٹ بینک کے مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے کے اقدام کا مقصد چھوٹے قرضوں پر شرح منافع میں کمی اور رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کو فروغ دینا ہے تاکہ عوام کو فائدہ پہنچایا جائے اور انہیں مالیاتی شعبے میں بھی شامل کیا جاسکے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے دفتر خارجہ سے جاری بیان میں نیدرلینڈز کی ملکہ میکسیما کے دورہ پاکستان سے متعلق بتایا گیا تھا۔

اس حوالے سے جاری بیان میں دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ ملکہ میکسیما اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی خصوصی ایڈووکیٹ کی حیثیت سے 2009 سے خدمات انجام دے رہی ہیں اور اسی کے تحت وہ سماجی اور معاشی لحاظ سے ترقی کے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے دنیا بھر میں انفرادی طور پر اور کمپنیوں کی رسائی کو فروغ دینے میں مصروف رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑا پہلے سرکاری دورے کے دوران پاکستان سے دیرینہ دوستی کا خواہاں

نیدرلینڈز کی ملکہ اس سے قبل فروری 2016 میں بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں۔

قبل ازیں گزشتہ ماہ برطانیہ کی شہزادی کیٹ میڈلٹن اور شہزادہ ولیم نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا لیکن وہ معاشی حوالے سے نہیں تھا تاہم دفتر خارجہ کے مطابق نیدرلینڈز کی ملکہ معاشی حوالے سے اقوام متحدہ میں ان کے منصب کے تحت دورہ کررہی ہیں۔

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اعلامیے میں پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو قرض کی دوسری قسط جاری کرنے کی سفارش کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024