• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

فارن فنڈنگ کیس:ایک جماعت کو نشانہ بنانےکی حوصلہ شکنی کی جائے، معاون خصوصی

شائع November 24, 2019 اپ ڈیٹ November 25, 2019
فردوس عاشق اعوان پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کے اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کررہی تھیں—فوٹو:ڈان نیوز
فردوس عاشق اعوان پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کے اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کررہی تھیں—فوٹو:ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فارن فنڈنگ کیس سے متعلق حقائق جمع کراچکی ہے اور پارٹی کی کور کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ دیگر جماعتوں کی تحقیقات بھی کی جائیں۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں سب سے پہلے ناروے میں افسوس ناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ ایسے واقعات مسلمانوں کی دل آزاری کا باعث بنتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسلامو فوبیا کے ساتھ جڑا بیانیہ دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور یورپی یونین میں اس افسوس ناک واقعے کو بھرپور طریقے سے اٹھایا جائے گا، حکومت پاکستان اور 22 کروڑ عوام کی طرف سے مذمتی قرارداد پیش کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم تینوں جماعتوں کے فنڈنگ کیس کی مشترکہ سماعت کے خواہشمند

ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ ہوا ہے کہ دفتر خارجہ متعلقہ پلیٹ فارم کے ذریعے یہ قرارداد او آئی سی کے جدہ میں ہونے والے اجلاس کے دوران پیش کرے گا۔

’معاشی بہتری کو سراہا گیا’

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کور کمیٹی نے معیشت کی بہتری کے لیے کاوشوں کو سراہا اور معاشی بہتری پر وزیراعظم عمران خان کو مبارک باد پیش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے معاشی اشاریوں میں بہتری پر معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور ملک کو درپیش دو بڑے چیلنجز مہنگائی اور بے روزگار ی پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے معاشی اشاریے میں بہتری کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کے لیے صوبوں کے ساتھ ایک موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کاروبار میں آسانی کے مواقع سمیت مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، اجلاس میں قلیل اور طویل المدتی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

’فارن فنڈنگ کیس پر اپوزیشن کا بیانیہ گمراہ کن’

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے روزگار اپوزیشن میڈیا کے ذریعے پی ٹی آئی کی قیادت پر ہرزہ سرائی میں مصروف ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے آئینی کردار سے متعلق اپوزیشن کے بیانیے پر بھی کمیٹی نے تحفظات کا اظہار کیا اور کہا گیا کہ اپوزیشن ایسا بیانیہ عوام کو گمراہ کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی آئی کے فنڈنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں جاری کیس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے قانونی لائحہ عمل بنا کر عوام اور میڈیا کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے ملنے والی فنڈنگ کے حوالے سے تمام آئینی و قانونی جواب جمع کرا چکی ہے اور تحریک انصاف کا دامن صاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے خلاف بھی سنگین الزامات ہیں الیکشن کمیشن اپوزیشن کے حوالے سے ہماری جماعت کی درخواستیں بھی سنے، ایک جماعت کو نشانہ بنا کر میڈیا میں پروپیگنڈا کیا جارہا اور الیکشن کمیشن کے وقار کو خراب کیا جا رہا ہے جس کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:غیر ملکی فنڈنگ کیس پر پارٹی رہنما پریشان نہ ہوں، وزیر اعظم

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف کے ڈونرز اور ارکان کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف تمام قانونی تقاضے پورے کر رہی ہے اور کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا پر فارن فنڈنگ کے حوالے سے غلط تشریح بیان کر کے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے، فارن فنڈنگ کی اصطلاح ہی ٹھیک نہیں کیونکہ فارن فنڈنگ دیگر ممالک اور حکومتوں کی طرف سے دیے جانے والے فنڈ کو کہا جاتا ہے اور پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے دیے جانے والے عطیات اس زمرے میں نہیں آتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی پہلی حکومت ہے جس پر اپوزیشن کرپشن کا کوئی واضح الزام نہیں لگا سکتی اور اس طرح کے ہتھکنڈوں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ایسا ادارہ ہے جس کو با اختیار بنانا پی ٹی آئی کا عزم اور وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن جس پر اپوزیشن نے ڈیڑھ سال تک تنقید کی اور یہ کہتے رہے ہیں کہ انتخابات صاف شفاف نہیں ہوئے، ہر جگہ اپوزیشن کی طرف سے ایک ہی بات سامنے آ رہی تھی کہ الیکشن صاف و شفاف نہیں ہوئے، اچانک راتوں رات اپوزیشن ایشو بنا کر الیکشن کمیشن کے پاس پہنچتی ہے۔

فارن فنڈنگ کیس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن یہ کہہ رہی ہے کہ اس کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اپوزیشن کی دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ ساری دال ہی کالی ہے۔

مزید پڑھیں:الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ خود کرے، اکبر ایس بابر

معاون خصوصی نے کہا کہ افراد آتے رہتے ہیں، عوام اس کے وارث اور مالک ہیں، کسی کو اتنی جلدی کیوں ہے، ہمارا موقف ہے کہ تحریک انصاف کی دیگر جماعتوں کے خلاف درخواستوں کو بھی سنا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور آج کے اجلاس میں بھی اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ملک میں انصاف اور قانون کا بول بالا ہونا چاہیے۔

‘وزیراعظم پر تنقید کی مذمت کی گئی’

اجلاس کی کارروائی سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی نے وزیراعظم عمران خان کی ذات پر میڈیا پمیں ہونے والی تنقید کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ اپوزیشن کے اراکین اپنی چوریاں چھپانے اور بدعنوانی سے توجہ ہٹانے کے لیے میڈیا کو قابو میں کیے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں مہنگائی اور دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، صوبائی حکومتوں کو وفاق سے مل کر میڈیا کمیونی کیشن کو موثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میگا منصوبوں میں ہونے والی کامیابیوں سے عوام کو آگاہ کریں گے، وزیراعظم کو اختیار دیا گیا ہے کہ گڈگورننس اور عوامی مفادات میں تمام حکمت عملیوں کو فی الفور نافذ کرائیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024