• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ریسٹورنٹ ملازم سے بدتمیزی پر علی رحمٰن کی وضاحت

شائع November 23, 2019
وائرل ہونے والی ویڈیو آگاہی مہم کا حصہ ہے، اداکار—فوٹو: ٹوئٹر
وائرل ہونے والی ویڈیو آگاہی مہم کا حصہ ہے، اداکار—فوٹو: ٹوئٹر

نامور اداکار علی رحمٰن کی 23 نومبر کی دوپہر کو ٹوئٹر پر اچانک ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک ملٹی نیشنل فوڈ چین کے ایک ملازم سے انتہائی غصے اور تحکمانہ لہجے میں بات کرتے دکھائی دے رہے تھے۔

مختصر دوانیے کی ویڈیو میں علی رحمٰن کی میکڈونلڈ ملازم سے بدتمیزی سے بات کرنے کی ویڈیو سامنے آتے ہی وائرل ہوگئی تھی اور محض ایک منٹ میں ٹوئٹر پر یہ معاملہ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تھا۔

ویڈیو میں علی رحمٰن کو ملازم سے تحکمانہ انداز میں بات کرتے ہوئے ان سے یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا تھا کہ وہ انہیں پہچانتے نہیں وہ کون ہیں؟ کیا انہوں نے انہیں کبھی ٹی وی پر دیکھا ہے؟

ویڈیو میں علی رحمٰن کو دیکھا جا سکتا تھا کہ وہ ملازم پر اپنی بات منوانے کے لیے زور ڈال رہے ہیں اور ملازم ان سے بار بار معذرت کیے جا رہا ہے۔

اگرچہ ویڈیو سے یہ واضح نہیں ہو پا رہا تھا کہ علی رحمٰن نے ملازم پر غصہ کیوں اتارا اور ان سے کس بات پر بدتمیزی کی، تاہم ویڈیو سے اندازہ ہوتا تھا کہ اداکار ملازم پر اپنا رعب بٹھانا چاہتے ہیں۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر کئی مداحوں نے علی رحمٰن پر خوب تنقید کی اور ان کی ویڈیو سوشل میں جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی۔

تاہم کچھ ہی دیر بعد اداکار نے ایک اور ویڈیو جاری کرکے ریسٹورنٹ ملازم سے بدتمیزی پر وضاحت کی۔

اپنے ٹوئٹر پر علیٰ رحمٰن نے مختصر ویڈیو جاری کرتے ہوئے اس بات پر فخر کیا کہ ان کی ویڈیو فوری وائرل ہوگئی اور وہ جو مقصد حاصل کرنا چاہتے تھے وہ ہو گیا۔

علیٰ رحمٰن نے ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ دراصل انہوں نے ریسٹورنٹ ملازم سے مل کر ویڈیو ایک آگاہی مہم کے لیے بنائی۔

اداکار نے کہا کہ وہ اس ویڈیو کے ذریعے دراصل ملک میں بااثر افراد کی جانب سے عام افراد سے کی جانے والی بدتمیزی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا چاہتے تھے۔

علی رحمٰن کا کہنا تھا کہ وہ اس ویڈیو کے ذریعے’تم جانتے ہو، میں کون ہوں؟‘ کلچر کے خلاف مہم چلانا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ملک میں رائج وی آئی پی کلچر کے خلاف ہیں اور اس حوالے سے مہم چلانا چاہتے ہیں۔

ساتھ ہی اداکار کا کہنا تھا کہ عام طور پر عوام وی آئی پی کلچر کے خلاف ہوتے ہیں اور اس پر تھوڑی بہت آواز بھی اٹھائی جاتی ہے، تاہم سوشل میڈیا سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر اس حوالے سے منظم آواز نہیں اٹھائی جاتی۔

علی رحمٰن نے مداحوں کو بھی کہا کہ وہ ان کا ساتھ دیں اور ’وی آئی پی‘ کلچر کے خلاف ان کی اور ’میکڈونلڈ‘ کی جانب سے شروع ہونے والی مہم میں ان کا ساتھ دیں۔

علی رحمٰن نے کی وضاحتی ویڈیو آنے کے بعد کئی لوگوں نے ان کی تعریف بھی کی اور اداکار کو غلط سمجھنے والے افراد سے شکایت بھی کی کہ انہوں نے اداکار کا مؤقف آنے سے قبل ہی ان پر الزامات لگائے۔

اگرچہ علی رحمٰن نے ریسٹورنٹ ملازم کے ساتھ بدتمیزی پر وضاحت کی ویڈیو جاری کی تاہم دوسری جانب میکڈونلڈ نے تاحال اس سارے معاملے پر کسی قسم کا بیان جاری نہیں کیا ہے۔

علی رحمٰن نے دعویٰ کیا کہ ملازم پر غصے والی ویڈیو مہم کا حصہ تھی—فوٹو: ٹوئٹر
علی رحمٰن نے دعویٰ کیا کہ ملازم پر غصے والی ویڈیو مہم کا حصہ تھی—فوٹو: ٹوئٹر

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024