ایک ارب ڈالر کماتے ہی ہدایت کار نے سیکوئل نہ بنانے کا ارادہ بدل دیا
اکتوبر میں ریلیز ہونے والی ڈی سی کامکس کی فلم 'جوکر' نے دنیا بھر میں ایک ارب ڈالرز (ایک کھرب 55 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کما کر نئی تاریخ رقم کردی کیونکہ یہ پہلی آر ریٹیڈ فلم ہے جس نے یہ سنگ میل عبور کیا۔
ہولی وڈ اسٹوڈیو وارنر برادرز نے معروف سپرہیرو بیٹ مین کے روایتی حریف جوکر کی زندگی پر مبنی اس فلم کو اکتوبر میں ریلیز کیا تھا اور اب اس نے لگ بھگ ڈیڑھ ماہ کے عرصے میں ایک ارب ڈالرز کمائے۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل فلم کے ہدایت کار ٹوڈ فلپس سے جب فلم کے سیکوئل کے حوالے سے سوال کیا گیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ 'دوسری جوکر بنانے کے حوالے سے ابھی کوئی منصوبہ زیر غور نہیں'۔
تاہم اب ہولی وڈ رپورٹر کے مطابق فلم کے ایک ارب ڈالر سے زائد کماتے ہی فلم کے سیکوئل کے حوالے سے بھی رپورٹس سامنے آنا شروع ہوچکی ہیں۔
یہ تو ہمیشہ ہی دیکھا جاتا ہے کہ جیسے ہی کوئی فلم حد سے زیادہ کامیاب ہوتی ہے ہدایت کار اس کا سیکوئل بنا دیتے ہیں اور ایسا ہی کچھ ٹوڈ فلپس نے بھی کیا جو اس حوالے سے ڈی سی یونیورس سے بات چیت کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ایک ارب ڈالرز سے زائد کمانے والی 44 فلمیں
رپورٹس تھیں کہ اس سے قبل ٹوڈ فلپس نے ڈی سی یونیورس کے ساتھ مل کر صرف ایک فلم بنانے کا معاہدہ کیا تھا تاہم اب اس فلم کی کامیابی کے بعد وہ کچھ اور فلمیں بھی اکٹھے بنائیں گے جن میں سے ایک جوکر کا سیکوئل ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس فلم میں جوا کوائین فیونکس نے جوکر کا مرکزی ادا کیا ہے، ان کا کردار ایک ذہنی طور پر بیمار اور تنہا شخص کا ہے جو تشدد کے ذریعے شہرت حاصل کرتا ہے۔
تاہم یہ بات اب تک واضح نہیں کہ جوا کوائین فیونکس دوبارہ جوکر کا یہ کردار نبھائیں گے یا ان کی جگہ کوئی اور لے گا۔
جوکر فلم کو ناقدین کے ساتھ ساتھ مداحوں نے بھی خوب سراہا تھا۔
یاد رہے کہ اس وقت ڈی سی یونیورس کی فلم 'بیٹ مین سیکوئل' پر کام جاری ہے جس میں روبرٹ پیٹنسن پہلی مرتبہ بیٹ مین کے روپ میں نظر آئیں گے۔
اس فلم کو سال 2021 میں ریلیز کرنے کا ارادہ کیا جارہا ہے۔
اس کے علاوہ کامیاب فلم 'ونڈر وومن' کے سیکوئل پر بھی کام جاری ہے جو اگلے سال ریلیز ہوجائے گی۔