• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

پی ٹی آئی کو بھارت سمیت دنیا بھر سے کس کس نے فنڈ دیا، قوم جاننا چاہتی ہے، احسن اقبال

شائع November 21, 2019
مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز
مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے وزیر اعظم عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو بھارت، مشرق وسطیٰ اور امریکا سے کس کس نے فنڈز دیے سامنے لے کر آئیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ 'وزیر اعظم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی غیر ملکی فنڈنگ کا منی ٹریل کیوں ظاہر نہیں کر رہے'۔

انہوں نے پی ٹی آئی پر الیکشن کمیشن آف پاکستان اور عوام سے پارٹی کے 23 اکاؤنٹ چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 'اب وقت آگیا ہے، قوم رسیدیں طلب کر رہی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'نہ ظاہر کیے گئے اکاؤنٹس سے کروڑوں، اربوں ڈالر کی ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'معصوم تارکین وطن پاکستانیوں کو فنڈز دینے کے لیے دھوکا دیا گیا اور ریاست کے امور کی جھوٹی تصویر پیش کی گئی جبکہ ان چندوں کو کہیں بھی ظاہر نہیں کیا گیا'۔

انہوں نے کہا کہ 'عمران خان نے پاکستان کی سیاست میں سب سے بڑا ڈاکہ ڈالا ہے'۔

لیگی رہنما نے تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ کیس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ دوسری جماعتوں پر کرپشن کا الزام عائد کرتے ہیں اور خود کو مسٹر کلین ظاہر کرتے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف غیر ملکی فنڈنگ کیس میں تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے تاکہ ای سی پی میں کیس التوا کا شکار رہے۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ای سی پی پر اثر انداز ہونے کے حکومتی ترجمان فردوس عاشق اعوان کے الزامات پر رد عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'ہم صرف معاملے کو حل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ای سی پی کو معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کی درخواست دی ہے جبکہ پی ٹی آئی ای سی پی کو حکمت عملی کے تحت کام کرنے سے روک رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'اب ہم سمجھ چکے ہیں کہ تحریک انصاف نے 2 نئے ای سی پی کے اراکین کی تعیناتی میں رکاوٹیں کیوں ڈالیں، وہ چیف الیکشن کمشنر کی ریٹائرمنٹ کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ وہ یہ نقطہ اٹھا سکیں کہ 3 اراکین کی غیر موجودگی میں ای سی پی اپنا کام نہیں کرسکتا ہے'۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 'میں بحیثیت سیکریٹری جنرل مسلم لیگ (ن) بتانا چاہتا ہوں کہ ہماری جماعت کے کوئی بھی اکاؤنٹ غیر ظاہر شدہ نہیں ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'وزیر اعظم دعویٰ کرتے ہیں کہ تحریک انصاف کو غیر ملکی فنڈنگ کیس سے کوئی خطرہ نہیں، اگر یہی بات ہے تو کیس کو خفیہ کیوں رکھا جارہا ہے، عدالتوں میں ای سی پی کو عوام اور میڈیا سے کیس کی تفصیلات سے دور رکھنے کی درخواستیں دی جارہی ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم اوپن ٹرائل کا مطالبہ کر رہے ہیں، جو شخص خود کو دیانت دار بتاتا ہے وہ کیس کو خفیہ رکھنا چاہتا ہے'۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 'جمہوری تاریخ کی سب سے بڑی چوری سامنے آگئی ہے، آپ پی ٹی آئی بیرونی فنڈنگ کیس کا منی ٹریل کیوں نہیں پیش کرتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'آپ دوسروں پر بے نامی اکاؤنٹ رکھنے کا الزام عائد کرتے ہیں، اب تحریک انصاف کے 23 بے نامی اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا ہے، آپ نے ان اکاؤنٹس کو عوام سے کیوں دور رکھا، ملنے والے چندوں کو کہاں استعمال کیا گیا اور پیسے عوام سے کیوں چھپائے گئے؟'

'پی ٹی آئی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے'

معیشت پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ 15 ماہ میں ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'بجلی کی قیمت، مہنگائی، عوام کی قوت خرید کم ہونا اور تاجروں اور کسانوں میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے، صنعتوں سے لوگوں کو نوکری سے نکالا جارہا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی فنڈنگ بھی آدھی کردی ہے جس کی وجہ سے نئے منصوبوں پر کام نہیں ہورہا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 'اس صورتحال میں بھی وزیر اعظم کہتے ہیں کہ معیشت پروان چڑھ رہی ہے، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جعلی اعداد و شمار پیش کرکے حقائق چھپائے نہیں جاسکتے'۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024