• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ایمرجنگ ایشیا کپ: سیمی فائنل میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی

شائع November 21, 2019 اپ ڈیٹ November 23, 2019
سیف بدر نے آل راؤنڈر کارکردگی کا مظاہرہ کیا—فوٹو:پی سی بی ٹویٹر
سیف بدر نے آل راؤنڈر کارکردگی کا مظاہرہ کیا—فوٹو:پی سی بی ٹویٹر

پاکستان انڈر 23 کرکٹ ٹیم نے ایمرجنگ ایشیا کپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت کو 3 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کے کپتان روحیل نذیر نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

عمیر یوسف اور حیدرعلی نے پراعتماد آغاز کیا اور ابتدائی 21 اوورز میں پہلی وکٹ کی شراکت میں 90 رنز بنائے۔

حیدر علی 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کپتان روحیل خود بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے اور 41 گیندوں پر 35 رنز بنا کر عمیر کا ساتھ نبھایا لیکن عمیر یوسف کی 66 رنز کی سست اننگز 138 کے مجموعے پر ختم ہوگئے جس کے لیے انہوں نے 97 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:رکی پونٹنگ نے آسٹریلین باؤلرز کو بابر اعظم کے خطرے سے خبردار کردیا

سعود شکیل 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان روحیل کی اننگز بھی 168 رنز پر ختم ہوگئی جس میں انہوں نے 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 35 رنز بنائے تھے۔

سیف بدر نے پاکستان کی جانب سے ایک اہم وقت میں 48 گیندوں پر 47 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی اور عمران رفیق نے 28 رنز بنا کر کسی حد تک ان کا ساتھ دیا۔

پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 267 رنز بنا کر بھارت کی ٹیم کو قدرے آسان ہدف دیا تھا لیکن قومی ٹیم کے باؤلرز نے اس کو جیت میں بدل دیا۔

سیف بدر نے بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں اچھی کارکردگی دکھائی جبکہ قومی ٹیم کا حصہ رہنے والے فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے بھی دو وکٹیں لے کر بھارتی بلے بازوں کو ہدف حاصل کرنے میں ناکام بنا دیا۔

محمد حسنین نے پہلی وکٹ آریان جویال کی حاصل کی جس کے بعد 47 رنز بنانے والے شرات کو سیف بدر نے آؤٹ کرکے پاکستان کے لیے اہم کامیابی دلائی جس کے بعد بھارت کے مڈل آرڈر بلے باز سینور سنگھ نے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔

سیف بدر نے بھارت کے نمایاں بلےباز سینور سنگھ کو رن آوٹ کرکے پاکستان کی جیت کی امیدیں بحال کرادی لیکن ارمان جعفر مسلسل خطرہ بنے ہوئے تھے جنہیں محمد حسنین نے حیدر علی کے ہاتھوں کیچ کرادیا تو پاکستان کی گرفت مضبوط ہوگئی، ارمان جعفر 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کو چھوٹے مجموعے کے باعث اس کے دفاع کے لیے بڑی محنت کرنا پڑی اور آخر میں میچ سنسنی خیز بھی بن گیا تھا اور چنمے سوتر نے آؤٹ ہوئے بغیر 28 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو جیت کے قریب لایا لیکن مقررہ اوورز میں وہ کامیاب نہ ہو سکے۔

بھارت کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں8 وکٹوں پر 264 رنز بنا سکی اور پاکستان نے اس میچ کو محض 3 رنز سے جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

محمد حسنین اور سیف بدر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، عماد بٹ اور عمرخان کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

سیف بدر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024