کیٹی پیری اور دعا لیپا کی پہلی بار ممبئی میں پرفارمنس
بولڈ پرفارمنس کے حوالے سے دنیا بھر میں معروف امریکی گلوکارہ کیٹی پیری اور برطانوی گلوکارہ دعا لیپا کی جانب سے بھارت کے سب سے بڑے شہر ممبئی میں پہلی بار پرفارمنس پر بھارتی انتہائی خوش دکھائی دے رہے ہیں۔
دونوں گلوکاراؤں نے دیگر گلوکاروں سمیت مہاراشٹر کے دارالحکومت اور بھارت کے فلمی دارالحکومت ممبئی کے ایک اسٹیڈیم میں شاندار نیم عریاں پرفارمنس کی۔
یہ پہلا موقع تھا کہ دونوں اداکاراؤں نے ممبئی میں ایک ساتھ کسی میوزیکل فیسٹیول میں شرکت کی تھی۔
اس سے قبل اگرچہ کیٹی پیری بھارت میں مختصر پرفارمنس کرچکی تھیں، تاہم انہوں نے پہلی بار ممبئی میں ایک بہت ہی بڑے میوزک کنسرٹ میں پرفارمنس کی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دونوں گلوکاراؤں نے ’ون پلس‘ موبائل کمپنی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے میوزک کنسرٹ میں 16 نومبر کی شب کو پرفارمنس کی۔
دعا لیپا اور کیٹی پیری سمیت اس میوزک فیسٹیول میں دیگر بھارتی گلوکاراؤں سمیت چند عالمی گلوکاراؤں اور موسیقاروں نے بھی پرفارمنس کی، تاہم امریکی و برطانوی گلوکارہ کی بولڈ پرفارمنس نے سب کو دیوانہ کردیا۔
جہاں دونوں گلوکاراؤں نے بولڈ پرفارمنس کرکے میوزک کنسرٹ کا میلہ لوٹا، وہیں بولی وڈ کے بڑے بڑے اسٹار بھی دونوں گلوکاراؤں سے ملنے کے لیے بے تاب دکھائی دیے۔
کیٹی پیری اور دعا لیپا نے ممبئی کے اپنے پہلے میوزک ٹوئر کے دوران متعدد بولی وڈ شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں اور بولی وڈ اسٹارز گلوکاراؤں کے ساتھ تصاویر بنواکر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کرتے رہے۔
دوسری جانب ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کیٹی پیری کی جانب سے میوزک کنسرٹ کے بعد واپسی پر ایئرپورٹ عملے کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر ان کے مداح ان سے خفا بھی دکھائی دیے۔
اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کیٹی پیری نے واپسی پر ایئرپورٹ حکام کو اپنا پاسپورٹ تک نہیں دکھایا جب کہ ایئرپورٹ حکام انہیں پاسپورٹ دکھانے کے لیے منتیں کرتے دکھائی دیے۔
اخبار نے ایک ویڈیو بھی شائع کی جس میں کیٹی پیری کو اپنے عملے کے ارکان کے ساتھ ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایئرپورٹ کے سیکیورٹی حکام کیٹی پیری سے اپنا پاسپورٹ دکھانا کا کہ رہے ہیں، تاہم گلوکارہ نے ان کی ایک بھی نہ سنی اور کوئی پرواہ کیے بغیر سیکیورٹی حدود پار کرگئیں۔
کیٹی پیری کی جانب سے ایئرپورٹ حکام کی عزت نہ کیے جانے اور اپنا پاسپورٹ نہ دکھانے پر بھارتی مداح ان سے ناخوش دکھائی دیے اور ان پر بھارتیوں کی توہین کا الزام بھی لگایا۔