پاکستان مخصوص روایتی ہتھیاروں کے کنونشن کے سالانہ اجلاس کا چیئرپرسن منتخب
پاکستان متفقہ طور پر مخصوص روایتی ہتھیاروں (سی سی ڈبلیو) کے کنونشن کے سالانہ اجلاس کا چیئر پرسن منتخب ہو گیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی کو متفقہ طور پر مخصوص روایتی ہتھیاروں کے کنونشن کے رکن ممالک کے سالانہ اجلاس کا چیئر پرسن منتخب کیا گیا۔
روایتی ہتھیاروں کا کنونشن اسلحہ کنٹرول فریم ورک کا اہم جزو ہے جو مخصوص روایتی ہتھیاروں پر پابندی لگاتا ہے، ان مخصوص ہتھیاروں میں وہ ہتھیار شامل ہیں جو فوجیوں اور شہریوں کو بلاامتیاز متاثر کرتے ہیں۔
کنونشن اور اس کے پانچ پروٹوکولز انسانیت کو درپیش خطرات اور فوجی مقاصد میں توازن فراہم کرتے ہیں، رکن ممالک کا کنونشن کے حقیقی اطلاق کے لیے سالانہ اجلاس منعقد ہوتا ہے جس میں وہ نئے روایتی ہتھیاروں سے درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے اضافی پروٹوکولز بھی مرتب کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ رواں سال کے اجلاس میں خود مختار ہتھیاروں کے کردار اور کنونشن کی مالیاتی استحکام کا جائزہ لیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کا متفقہ طور پر انتخاب اس بات کا مظہر ہے کہ عالمی برادری ہتھیاروں کے کنٹرول کے ذریعے بین الاقوامی سلامتی کو فروغ دینے میں پاکستان کے طویل کردار کو سراہتی ہے، جبکہ یہ پاکستان کی مضبوط کثیرالجہتی سفارتکاری کا واضح ثبوت ہے۔