• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

'حضرت محمد ﷺ نے فلاحی ریاست اور مثالی معاشرہ قائم کیا'

شائع November 10, 2019
پاکستان  بھر میں یوم ولادت رسول ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے
— فائل فوٹو: ڈان
پاکستان بھر میں یوم ولادت رسول ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے — فائل فوٹو: ڈان

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی قوم سمیت امت مسلمہ کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ حضرت محمد ﷺ نے بہترین نظم ونسق کے ذریعے ایک فلاحی ریاست اور مثالی معاشرہ قائم کیا۔

خیال رہے کہ آج پاکستان بھر میں یوم ولادت رسول صلی اللہ علیہ وسلم مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے عیدمیلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کہ حکومت پاکستان کو ریاست مدینہ کے سنہری اصولوں کی بنیاد پر فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ملک کے مختلف شعبوں میں اقتصادی و سماجی اصلاحات کررہی ہے جن کے مثبت نتائج بہت جلد سامنے آئیں گے۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے شہریوں، علما و مشائخ پر پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں یوم ولادت رسولﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر جاری پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ اپنے اندر اعلیٰ اخلاق کی ایک دنیا لیے ہوئے ہے، آپ ﷺ نے دشمنوں سے خود کو صادق اور امین کہلوایا۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے اپنے حسن انتظام سے روئے زمین پر مثالی فلاحی ریاست اور رول ماڈل معاشرہ قائم کیا، جہاں تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لیے اُن کے مذہبی عقائد کے مطابق عبادت کرنے کی آزادی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریاست مدینہ کے یہ وہ روشن پہلو تھے جو اُس زمانے کی کسی ایک ریاست میں بھی رائج نہیں، انسانی تاریخ میں فلاحی ریاست کا تصور سب سے پہلے اسلام نے متعارف کرایا اور حضرت محمد ﷺ اور خلفائے راشدین نے اس تصور کو عملی جامہ پہنایا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی ولادت سے ظلم وستم، جہالت، ناانصافی اور راہ ہدایت سے بھٹکی ہوئی انسانی تاریخ کے دور کا خاتمہ اور انسانی عظمت اور رواداری کی عظیم خصوصیات پر مبنی تہذیب کے دور کا آغاز ہوا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا پیغام

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے حضرت محمدﷺ کے یوم ولادت پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ حیات طیبہ ایک کامل نمونہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ربیع الاول کا چاند نظر آگیا، عید میلاد النبیؐ 10 نومبر کو ہوگی

عیدمیلاد النبیﷺ کے موقع پر جاری پیغام میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ذات ہمارے لیے رہنمائی اور دنیا اور آخرت کی نجات کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نفرتوں کے خاتمے کے لیے نبی اکرم ﷺ کی ذات اقدس روشن ترین مثال ہے، آپ ﷺ کی سیرت طیبہ کو اپنا کر ہم دنیا کو بتا سکتے ہیں کہ اسلام کا دامن کتنا وسیع اور دل کس قدر فراخ ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے جہالت، نفرت، عصبیت اور تنازعات کو ختم فرمایا، آج ضرورت ہے کہ ہم بھی وہی طرز عمل اور رویہ اختیار کریں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اللہ تعالی اور اس کے محبوب کی اطاعت کا مطلب انسانیت سے محبت، اس کی فلاح اور خیر خواہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024