• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان ملازمتوں کیلئے کاروباری اصلاحات کرے، عالمی بینک

شائع November 1, 2019
ورلڈ بینک گروپ کے صدر نے سرماریہ کاروں کا اعتماد جیتنے کے لیے نظام کو مزید ڈیجیٹلائز کرنے پر زور دیا—فوٹو: بشکریہ اے پی پی
ورلڈ بینک گروپ کے صدر نے سرماریہ کاروں کا اعتماد جیتنے کے لیے نظام کو مزید ڈیجیٹلائز کرنے پر زور دیا—فوٹو: بشکریہ اے پی پی

اسلام آباد: عالمی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کاروباری اصلاحات سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، سرمایہ کاری کے رحجان میں اضافہ ہوگا اور ٹیکسوں سے زیادہ آمدنی ہوگی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق عالمی بینک گروپ کے صدر ڈیوڈ آر میلپاس نے کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے سے متعلق عالمی انڈیکس پر بہترین درجہ بندی پر حکومت کی کوششوں کو سراہا۔

مزیدپڑھیں: عالمی بینک سے 2.3 ارب ڈالر کی فنڈنگ میں سرخ فیتہ حائل

ڈیوڈ آر میلپاس نے کہا کہ ’گزشتہ برس کے 136 ویں نمبر سے پاکستان 108 ویں نمبر پر آگیا، نئے کاروبار کے لیے کی گئی اصلاحات، بجلی اور تعمیراتی اجازت ناموں کے حصول، جائیداد کے اندراج، ٹیکسوں کی ادائیگی اور سرحد پار تجارت کرنے سے ماحول بہتر ہوا‘۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے عدالتی نظام میں بہتری، نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے اور خواتین کو بااختیار بنا کر کاروبار میں مزید بہتری اور آسانی لاسکتا ہے۔

ورلڈ بینک گروپ کے صدر نے سرماریہ کاروں کا اعتماد جیتنے کے لیے نظام کو مزید جدید (ڈیجیٹلائز) بنانے پر زور دیا۔

ڈیوڈ آر میلپاس نے کہا عالمی بینک، پاکستان کو کامیاب بنانے کے لیے سنجیدہ کوشش کرے گا کیونکہ ملک میں مزید اصلاحات اور چینلجز سے نمٹنے کی صلاحیت موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے منصوبوں کی منسوخی کیلئے رابطہ نہیں کیا، ورلڈ بینک

علاوہ ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام ، ٹیکس اصلاحات اور پسماندہ طبقات کی اقتصادی ترقی میں شمولیت کے ذریعے اقتصادی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ تمام مراحل میں شفافیت اور گڈ گورننس کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاروبار میں آسانی، ٹیکس نیٹ کو وسیع، گھریلو وسائل کو متحرک، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود، غربت کے خاتمے اور رہائش کے شعبوں کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں جس کے نتیجے میں معاشی ترقی ہوگی۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے ملک میں عالمی بینک کی مالی اور تکنیکی مدد پر ستائشی جملے بھی کہے۔

مزیدپڑھیں: پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان 91 کروڑ 80 لاکھ ڈالر قرض کا معاہدہ

مزید برآں ڈیوڈ آر میلپاس نے وزیر اعظم کی جانب سے حکومت کے مختلف اہم منصوبوں میں ذاتی دلچسپی لینے پر ان کے اقدام کی تعریف کی۔

انہوں نے معاشی تبدیلی، اخراجات میں کمی اور معیشت کے اہم شعبوں میں اصلاحات لانے کے لیے حکومت کی کوششوں کو بھی سراہا۔

علاوہ ازیں تربیلا ڈیم کے دورے پر ورلڈ بینک گروپ کے صدر ڈیوڈ آر میلپاس نے فورتھ ایکسٹنشن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ‘منصوبے پر کام متاثر کن ہے‘۔

تربیلا ڈیم منصوبے کا دورہ کرنے کے بعد بریفنگ میں انہوں نے کہا ’میں مقررہ وقت اور تخمینے کی لاگت سے کم پر منصوبے کی تکمیل پر خوش ہوں‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024