• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

بچوں کو موبائل و کمپیوٹر آلات سے دور رکھنے کے طاقتور طریقے

شائع October 31, 2019 اپ ڈیٹ November 1, 2019
عام طور پر بچے موبائل و کمپیوٹر آلات سے کھیلنے کی وجہ سے چڑچڑاہٹ کا شکار ہوجاتے ہیں—فوٹو: ایکٹو کڈز
عام طور پر بچے موبائل و کمپیوٹر آلات سے کھیلنے کی وجہ سے چڑچڑاہٹ کا شکار ہوجاتے ہیں—فوٹو: ایکٹو کڈز

عالیان کا ہروقت ایک ہی کام تھا، موبائل پر کارٹون دیکھنا، اگر موبائل اس کے بابا کے پاس ہے تو پھر ٹی وی پر ہی سہی، صبح و شام اور رات دن کی یہ مشغولیت آہستہ آہستہ عالیان کی جسمانی کمزوری کے ساتھ ساتھ شدید ذہنی دباؤ، چڑچڑے پن اور ہر کسی سے دور بھاگنے کی صورت میں نکلنی شروع ہوگئی۔

موبائل دور کرنے کی ہر کوشش ناکام ہو چکی تھی کیونکہ اس کے والد اور والدہ اسے کوئی متبادل نہیں دے پارہے تھے جو اتنا دلچسپ ہو کہ اسے موبائل سے دور رکھ سکے، اتفاق سے ایک کاؤنسلنگ کے ماہر سے بات ہوئی تو انہوں نے بچوں کو ہر طرح کی ڈیوائس کے استعمال کا وقت کم کرنے کا سب سے بہتر ٹول عالیان کے والد کو سکھایا اور وہ ٹول تھا کوئی بھی کھیل کھیلنا۔

بچوں کے لیے ڈیوائس کی رنگارنگ دنیا سے بھی زیادہ جو چیز، اتنی دلچسپ ہو سکتی کہ انہیں اسکرین دیکھنے کا خیال بھی نہ آئے وہ والدین کا بچوں کا ساتھ کھیلنا ہے، چاہے پھر کوئی سا بھی کھیل کیوں نہ ہو جو بچے کو اپنے اندر جذب کرلے۔

کھیل کی طاقت بچوں کے لیے اتنی زبردست ہے کہ یہ ڈیوائس اور اسکرین ٹائم کو بھی ثانوی بنا دیتی ہے۔

لیکن مسئلہ یہ ہے کہ والدین روزمرہ کے گھریلو کاموں اور بچوں کو سختی اور نظم و ضبط سے 'ٹھیک کرنے ' میں اتنا مصروف ہوتے ہیں کہ کھیل ان کی لغت میں موجود ہی نہیں ہوتا۔

لیکن بچوں کی پرورش اور کاؤنسلنگ سے متعلق ماہرین کہتے ہیں کہ کھیل کو آپ کی دن بھر کی ترجیحات میں کہیں اوپری نمبر میں ضرور ہونا چاہیے۔

والدین کا 'کھیلنا' کیوں ضروری ہے؟

ایک مشہور کہاوت ہے کہ 'کھیلنا بچپن کی تجارت ہے،' جب ایک بچہ یہاں تک کہ کوئی ننھا منّا بے بی بھی کھیلتا ہے تو وہ دراصل پرابلم سولونگ، جسمانی اعضا کی درست حرکات(Motor skills)، جسمانی اور ذہنی چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی سیکھ رہا ہوتا ہے۔

ان سب سے بڑھ کر والدین کا 'کھیل کے لیے وقت' نکالنا دراصل بچوں کے لیے ایک بہت قیمتی اور جذباتی لمحہ ہوتا ہے، یہ بچوں میں خود اعتمادی کی بنیاد رکھ رہا ہوتا ہے، بچوں میں یہ اعتماد پیدا ہو رہا ہوتا ہے کہ ان کے والدین ان کے تخیل اور تخلیقیت (Imagination & Creativity) کو قبول کر رہے ہیں اور ان کا کھیل آپ کے لیے بھی ایک فن اور اہمیت کا حامل ہے۔

بچوں کے ساتھ کا کھیل کا اہم اصول

والدین کے لیے یقینا اپنے بچوں کے پیچھے چلنا ایک مشکل کام ہوتا ہے کیونکہ اس کا مطلب ہے ہر کام کا بہت تیز ہوجانا یا بہت سست یا پھر ایک ہی کام کو 20 مرتبہ کرنا، لیکن بچوں کی ذہنی تربیت و کمیونیکیشن اسکلز بہتر کرنے کے لیے بار بار کیے جانے والے کھیل بہت اہم ہوتے ہیں۔

بچوں کے ساتھ 'صحیح' انداز میں کھیلنے کا اہم ترین اصول یہ ہے کہ انہیں بہت ہدایات دی جائیں نہ ہی ان کے ساتھ جلدی مچائی جائے، بچوں کو اپنی عمر اور اہلیت کے لحاظ سے فیصلہ لینے دیا جائے، جیسے کسی خاص کتاب کو پڑھنا، یا ڈاکٹر-ڈاکٹر کھیلتے ہوئے دوائیوں کا انتخاب، کسی مخصوص رنگ سے ڈرائنگ کرنا یا بلاکس سے کھیلنے کا فیصلہ خود بچوں کو لینے دیں۔

والدین اپنے لیے ایک اہم ہدف یہ طے کر سکتے ہیں کہ بچوں کے ساتھ کھیل کے دوران وہ بہتر طریقے سے اپنے بچے کی شخصیت کو جان سکتے ہیں کہ کن چیزوں سے انہیں خوشی ہوتی ہے اور دنیا ان کی نظروں سے کیسی دکھائی دیتی ہے، وہ یہ سب اور بہت کچھ جان سکتے ہیں۔

بچوں کے ساتھ کھیل کا پہلا مگر ضروری قدم

بچوں کے ساتھ کھیل کے لیے سب سے ضروری قدم وقت اور توجہ کو پوری طرح مختص کرنا ہے، طے شدہ وقت میں صرف 'بچہ اور اس کا کھیل' ہی ہونا چاہیے، نہ کہ ساتھ میں دیگر کام اور ڈیوائس کا استعمال بھی ہو رہا ہو، بچے کی عمر کے لحاظ سے اس سے گفتگو کریں کہ وہ کیا کھیلنا پسند کرے گا، بچے کو لیڈرشپ پوزیشن دینے سے جہاں ایک طرف وہ اعتماد حاصل کرے گا وہیں دوسری طرف اس کی نگاہ میں آپ کا کردار مثبت اور ساتھ دینے والا ہو جائے گا۔

مختلف عمر کے بچوں کے لیے چند ابتدائی کھیل یہ ہو سکتے ہیں تاہم آپ اور بچے مل کر کچھ نئے، دلچسپ اور منفرد کھیل سوچ سکتے ہیں۔

نوزائیدہ بے بیز(Infants) کے کھیل

1- پی کا بو (Peek-a-boo) یا جیسے مقامی زبان میں آئی تا کہتے ہیں کھیلیں۔

2 - بے بی کو کسی جھنجھنے تک پہنچنے میں مدد دیں تاکہ وہ اسے ہلا کر بجا سکے۔

3 - گیند کو آگے پیچھے کریں یا اسے بڑی سائز کی گیند پر سیر کروائیں۔

4 - 'چھونے اور محسوس' کروانے کا کھیل، ۔جس میں مختلف چیزوں کو چھونا اور اس کا نام بتانا جیسے 'یہ میز ہے' کھیلیں۔

5 - آئینے میں دیکھنا اور مختلف جسمانی اعضا کا بتانا۔

چلنا شروع کرنے والے بچوں(Toddlers) کے لیے

1 - گھٹنوں چلتے ہوئے اس کی پیروی کرنا اور ساتھ میں مختلف چیزوں کی کمنٹری کرتے رہنا۔

2 - مختلف طرح کے کھلونے یا گھریلو اشیا دینا جو شور مچا سکیں، جو بچے کو دلچسپ لگے گا۔

3 - کتاب پڑھ کر سنائیں اور اسے اپنی پسند کی کتاب اٹھا کر دینے دیں۔

4 - اس کے ساتھ جسمانی کھیل مثلا بھاگ کر اسے پکڑنا کھیلیں۔

5 - بچے سے اس کے جسمانی اعضا کا پوچھنا کہ ناک کہاں ہے؟ آنکھیں کہاں ہیں؟ وغیرہ۔

6 - ٹب یا بالٹی کے پاس بیٹھوا کر پانی سے کھلوانا۔

7 - اس کے ساتھ مل کر کلرنگ کرنا کیونکہ اس عمر میں بچے یہ بات پسند کرتے ہیں کہ جیسا وہ کر رہے ہیں بڑے بھی ویسا ہی کریں۔

اسکول جانے والے بچوں کے لیے

1- اسے اپنی پسند کا بورڈ گیم لانے کا کہیں جسے پوری فیملی کھیلے۔

2 - مختلف کھلونوں، گڑیا گھروں، بلاکس سے کھیلیں اور بچوں کو ان پر کمنٹری اور اپنا تخیل بیان کرنے کی حوصلہ افزائی کریں۔

3 - باہر جائیں، پارک جائیں اور جو وہ کھیلنا چاہے اس میں ان کا ساتھ دیں۔

4 - گھر یا آفس کے ایسے کام جس میں بچہ کوئی مدد کر سکتا ہو، اس میں شریک کریں جیسے کوئی چیز لکھنا، صفائی، کھانا بنانا، برتن دھونا وغیرہ۔**

8 سے 12 سالہ بچوں اور ٹین ایجرز کے لیے کھیل

1- بچے کو کسی بھی ٹرپ - جیسے پارک، سی سائیڈ یا میوزیم وغیرہ کی پلاننگ کرنے کا کہیں جس میں آپ کے مشورے بھی شامل ہوں۔

2 - اس کی پسند کا کوئی پروگرام مل کر دیکھیں۔

3 - گھر میں بک کلب بنائیں، اسے اپنی مرضی کی کتابیں چننے اور اس سے متعلق سوالات کا کہیں۔

4 - گھر کی مرمت سے متعلق کوئی کام ایک ٹیم کی صورت کریں جس میں وہ اپنی مرضی کا کام کرنے کے لیے آزاد ہو۔

5 - جسمانی گیمز جیسے ریسنگ، جوگنگ وغیرہ کھیلیں۔


فرحان ظفر اپلائیڈ سائیکالوجی میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ہولڈر ہیں، ساتھ ہی آرگنائزیشن کنسلٹنسی، پرسنل اور پیرنٹس کاؤنسلنگ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ان کے ساتھ [email protected] اور ان کے فیس بک پر ان سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔


ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دیئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (4) بند ہیں

سارا Oct 31, 2019 08:50pm
Great tips... Devices control is must now
asad khan Oct 31, 2019 10:11pm
بہت عمدہ تجاویز۔۔۔۔۔۔اس پر مزید لکھیں اگر ممکن ہو کہ والدین کیسے بچوں کو انگیج رکھ سکتے ہیں صحت مند انداز میں
Farhan zafar Oct 31, 2019 10:12pm
@SARA جی آپ نے درست کہا سارا۔۔۔۔۔۔
Farhan zafar Nov 01, 2019 12:13pm
@asad khan جی ارادہ ہے۔۔۔۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024