ٹھوڑی کے نیچے لٹکتی چربی سے نجات چاہتے ہیں؟
اکثر ایسا ہوتا ہے جب ٹھوڑی کے پیچھے چربی بڑھ کر ڈھلکنے لگتی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ ایک اور ٹھوڑی نمودار ہوگئی ہے جس کو بڑھی ہوئی یا دوہری ٹھوڑی (ڈبل چن) بھی کہا جاتا ہے۔
ٹھوڑی کے نیچے لٹکنے والی یہ چربی کسی نقصان کا باعث ہو یا نہ ہو مگر شخصیت کو ضرور بدنما بنادیتی ہے۔
یہ ایک عام عارضہ سمجھا جاسکتا ہے جو اس وقت سامنے آتا ہے جب ٹھوڑی کے نیچے چربی کی تہہ بن جاتی ہے اور عام طور پر اسے جسمانی وزن میں اضافے کا نتیجہ سمجھا جاتا ہے، مگر ضروری نہیں کہ موٹاپے کے شکار افراد کو ہی اس کا سامنا ہو۔
جینیاتی مسائل ، والدین کے چہرے پر ایسا ہو تو آپ کے اندر بھی ہوسکتا ہے، گردن کے مسلز میں کمزوری، یا عمر بڑھنے سے چہرے کی کھال لٹکنے سے بھی ٹھوڑی کے نیچے یہ اضافی چربی نمودار ہوسکتی ہے۔
مگر اچھی بات یہ ہے کہ اگر آپ اس ڈبل چن سے نجات چاہتے ہیں تو متعدد آسان طریقے موجود ہیں، جس سے ایسا ممکن ہے۔
ورزشیں
1۔ اپنے سر کو پیچھے کی جانب جھکائیں اور چھت کی جانب دیکھیں۔ نچلے جبڑے کو آگے کی طرف ایسے بڑھائیں کہ ٹھوڑی کے نیچے کھچاﺅ محسوس ہو، اس پوزیشن کو 10 گننے تک برقرار رکھیں، اس کے بعد جبڑے کو معمول پر لاکر سر سیدھا کرلیں۔
2۔ 9 سے 10 انچ کی گیند کو ٹھوڑی اور گلے کے درمیان رکھ لیں اور پھر ٹھوڑی سے گیند کو دبائیں، یہ عمل روزانہ 25 بار دہرائیں۔
3۔ سر کو پیچھے کی جانب جھکا کر چھت کی جانب دیکھیں اور ہونٹوں کو ایسے کریں جیسے چھت کو بوسہ دے رہے ہوں۔ کچھ دیر بعد رک کر سر کو سیدھا کرلیں۔
4۔ بالکل سیدھا دیکھیں اور زبان کو باہر جس حد تک نکال سکتے ہیں، نکالیں۔ پھر زبان کو اوپر کی جانب یعنی ناک کی جانب اٹھائیں، 10 سیکنڈ تک اس پوزیشن میں رہے اور پھر سیدھا کرلیں۔
5۔ سر کو پیچھے کی جانب جھکا کر چھت کی جانب دیکھیں، زبان سے منہ کی چھت پر زور لگائیں، 5 سے 10 سیکنڈ تک ایسا کریں۔
غذا سے ٹھوڑی کی اضافی چربی کو گھلائیں
اگر یہ بڑھی ہوئی ٹھوڑی جسمانی وزن میں اضافے کا نتیجہ ہے تو اس وزن میں کمی لانا بھی ٹھوڑی کو معمول پر لاسکتا ہے، جسمانی وزن میں کمی کا بہترین طریقہ صحت بخش غذا اور ورزش کو معمول بنانا ہے۔
جیسے سبزیوں اور پھلوں کا زیادہ استعمال کریں۔
ریفائن اجناس اور پراسیس غذاﺅں سے گریز کریں۔
سرخ گوشت کا کم جبکہ مرغی اور مچھلی کو زیادہ ترجیح دیں۔
زیتون کے تیل اور گریوں کا استعمال عادت بنالیں۔
تلی ہوئی غذاﺅں سے بچیں۔
کم چکنائی والی دودھ کی مصنوعات کو ترجیح دیں۔
چینی کا استعمال کم از کم کردیں۔
جیسے جیسے جسمانی وزن میں کمی آئے گی، چہرہ بھی پتلا ہوجائے گا۔
جسمانی وزن میں کمی کے لیے ہر ہفتے 300 منٹ کی جسمانی سرگرمیوں یا روزانہ 45 منٹ کا مشورہ دیا جاتا ہے جیسے چہل قدمی، بازار سے سودا سلف لانا یا جاگنگ وغیرہ۔
خیال رہے کہ یہ ورزش ہو یا غذا، ڈبل چن کا مسئلہ راتوں رات ختم نہیں ہوگا بلکہ چند ماہ میں فرق نظر آنا شروع ہوگا، فوری نجات کے لیے ڈاکٹروں کے مشورے سے مختلف طریقہ علاج بھی دستیاب ہیں۔