• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

'بولی وڈ نے ہمارے اداکاروں کو ٹشو کی طرح استعمال کرکے پھینک دیا'

شائع October 26, 2019
مہوش حیات کو رواں سال تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا — فوٹو/ اسکرین شاٹ
مہوش حیات کو رواں سال تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا — فوٹو/ اسکرین شاٹ

اداکارہ مہوش حیات ان دنوں ہولی وڈ اور بولی وڈ میں پاکستان کو غلط انداز میں پیش کیے جانے پر عالمی سطح پر آواز اٹھانے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں صحت اور تعلیم پر بھی کام کررہی ہیں۔

اس حوالے سے اداکارہ نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی اردو سروس کو بھی ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے بولی وڈ میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں، بولی وڈ ہولی وڈ پر تنقید اور اپنی آنے والی فلموں پر بات کی۔

مہوش حیات نے رواں سال اوسلو میں ایک تقریب کے دوران کہا تھا کہ ہولی وڈ اور بولی وڈ کی فلموں میں پاکستان کو متنازع انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانیوں کے خلاف فلمیں بنانے پر مہوش حیات کی بولی وڈ پر تنقید

اس حوالے سے انٹرویو میں مہوش حیات سے سوال کیا گیا کہ اگر ان کے اس بیان سے کوئی ایسا شخص ناراض ہوجائے جو مستقبل میں انہیں کوئی اچھی آفر کرنے والا ہو تو اس پر وہ کیا کہیں گی؟

مہوش حیات کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 'اگر میرے سچ بولنے سے وہ مجھے کاسٹ نہیں کریں گے تو میرا پہلا انتخاب سچ بولنا ہی ہوگا، نہ کہ وہ مجھے کاسٹ کریں'۔

مہوش حیات نے بولی وڈ میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں کے ساتھ بھارت میں کیے گئے سلوک کے حوالے سے بتایا کہ 'ہمارے اداکاروں نے ان کی فلموں میں زبردست کام کیا لیکن انہوں نے کیا کیا؟ انہوں نے نہ تو ہمارے اداکاروں کو ویزا دیے، نہ فلموں کی پروموشنز کا حصہ بنایا، بس اپنا کام نکالا اور ٹشو پیپر کی طرح پھینک دیا لیکن میرے لیے میری عزت نفس سب سے اہم ہے، ایمانداری سے بات کروں تو ہمیں بولی وڈ کی ضرورت نہیں اور نہ ہی بولی وڈ کو ہماری ضرورت ہے، ان کی انڈسٹری بہت بڑی ہے اور ہمیں اپنی انڈسٹری کے لیے کام کرنا چاہیے'۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ کو 'رئیس' کی تشہیر کیلئے نہیں بلوائیں گے: شاہ رخ خان

یاد رہے کہ پاکستان کے دو کامیاب اداکاروں فواد خان اور ماہرہ خان نے بولی وڈ کی کامیاب فلموں میں کام کیا، البتہ پاک-بھارت تنازع کے دوران فواد خان کی بولی وڈ فلم 'اے دل ہے مشکل' اور ماہرہ کی ڈیبیو بولی وڈ فلم 'رئیس' بھی مشکل میں پڑ گئی تھیں۔

یہ دونوں فلمیں ہٹ تو ہوئیں البتہ ماہرہ خان اور فواد خان ان فلموں کی تشہیر نہیں کرسکے۔

مہوش حیات کی بات کریں تو وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔

اداکارہ پینی اپیل نامی فلاحی تنظیم کے ساتھ مل کر پاکستان میں بچوں کی تعلیم پر کام کررہی ہیں۔

مزید پڑھیں: مہوش حیات سکھر میں نئے اسکولوں کے قیام کے لیے لندن میں دوڑیں گی

اس حوالے سے مہوش حیات کا کہنا تھا کہ 'ایسے وقت میں صرف اداکار یا اداکارہ ہونا کافی نہیں، اپنی آواز ان مسائل کے لیے اٹھائیں جو ضروری ہیں، چاہے پھر وہ سماجی ہو یا سیاسی، اداکار مل کر امن کی بات کریں تو دو ممالک کو باآسانی قریب لاسکتے ہیں، ایک فنکار کو امن کے لیے کام کرنا چاہیے'۔

مہوش حیات نے اپنے کیریئر میں ماڈلنگ، ڈرامے، فلمیں، گلوکاری ہر طرح کا کام کیا ہے تو اگر انہیں موقع ملتا تو وہ اپنے ماضی سے کچھ بدلنا چاہیں گی؟

اس سوال کے جواب پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'کچھ بھی نہیں، میں نے جو کچھ کیا اس کی وجہ سے میں آج یہاں بیٹھی ہوں، مجھے لگتا ہے کہ سب کچھ صحیح کیا ہے، مجھے کوئی افسوس نہیں'۔

واضح رہے کہ مہوش حیات کو رواں سال پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اپنی کارکردگی پر تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔

اس موقع پر سوشل میڈیا پر اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا جبکہ کئی افراد کا یہ بھی کہنا تھا کہ مہوش حیات آئٹم سانگز پر ڈانس کرتی ہیں جس کے باعث انہیں تمغہ امتیاز نہیں دینا چاہیے تھا۔

اس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'جو آج کا دور ہے، اسے دیکھتے ہوئے لوگوں کو اپنی سوچ کو آگے بڑھانا چاہیے، سوشل میڈیا پر فالوورز کی تعداد کے سائز سے زیادہ اہم ذہن کا سائز ہے، یعنی آپ کی سوچ بڑی ہونی چاہیے، اس میں اتنی جگہ ہونی چاہیے کہ میرا بلی (آئٹم سانگ) اور تمغہ امتیاز دونوں فٹ آسکیں'۔

مہوش حیات نے یہ بھی بتایا کہ وہ بینظیر بھٹو کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار نبھانے جارہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی اس فلم کا اسکرپٹ تحریر کیا جارہا ہے اور یہ کافی مشکل فلم ہوگی لیکن وہ اس کے لیے بےحد پرجوش ہیں۔

مہوش حیات نے یہ بھی بتایا کہ وہ فلموں کے علاوہ مستقبل میں ایک ڈراما سائن کرنے جارہی ہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

میر اکبر خان Oct 26, 2019 08:56pm
دوسروں کیلیئے ٹشو بنو گے تو ایسا ہی ہوگا۔ پیسہ عزت نہیں دیتا اور عزت خریدی نہیں جاتی۔ خود اپنی عزت کرنا سیکھو تو ساری دنیا تمہاری عزت کرے گی۔
John Oct 27, 2019 12:24pm
Why did they go in the first place?

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024