• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

میشا شفیع و دیگر شوبز شخصیات کی فلم ساز جامی کی حمایت

شائع October 24, 2019
جامی ایک بہادر مرد ہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں، اداکارائیں
جامی ایک بہادر مرد ہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں، اداکارائیں

کچھ دن قبل فلم ساز جمشید محمود عرف جامی نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں 13 سال قبل ایک طاقتور شخصیت کی جانب سے ’ریپ‘ کا نشانہ بنایا گیا۔

فلم ساز نے اگرچہ ’ریپ‘ کرنے والے شخص کا نام نہیں بتایا تھا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ طاقتور شخصیت ہیں اور جب انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کی بات دوستوں کے ساتھ کی تو وہ ان پر مذاق کرنے لگے۔

جامی نے اپنی ٹوئٹس میں بھی بتایا کہ چوں کہ وہ خود بھی ’ریپ‘ کا شکار ہوئے، اس لیے ہی وہ بڑھ چڑھ کر ’می ٹو مہم‘ کا ساتھ دیتے ہیں اور ہراسانی کا شکار ہونے والی خواتین کی آواز بنتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: میرا 13 سال قبل ریپ کیا گیا، معروف فلم ساز جامی

اگرچہ جامی کی ٹوئٹس پر دیگر کئی افراد نے بھی ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا، تاہم اب گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع، اداکارہ ارمینا خان، فلم ساز مہرین جبار اور اداکارہ و فلم ساز انجلینا ملک نے بھی ان کی حمایت کرتے ہوئے انہیں مکمل ساتھ کا یقین دلایا ہے۔

یاد رہے کہ میشا شفیع نے بھی گزشتہ برس گلوکار و اداکار علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا اور اب ان کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔

ماضی میں جامی بھی میشا شفیع کی حمایت کر چکے ہیں اور اب گلوکارہ نے بھی ان کا ساتھ دیا ہے۔

میشا شفیع نے اپنی 2 ٹوئٹس میں جامی کو یقین دلایا کہ وہ ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گی اور انہیں ان پر مکمل یقین ہے۔

میشا شفیع نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس پر ہراسانی کے شکار افراد پر طنز کرنے والے افراد کے حوالے سے بھی لکھا اور ساتھ ہی کہا کہ بعض افراد ہراسانی کا شکار ہونے والے افراد کا کسی خاص مقصد کے تحت وقتی ساتھ بھی دیتے ہیں۔

گلوکارہ نے ایک ٹوئٹ میں فلم ساز کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ وہ نہ صرف انہیں دیکھ رہی ہیں بلکہ وہ انہیں سن بھی رہی ہیں اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔

میشا شفیع نے ایک صارف کی جانب سے کی جانے والی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ جب سے وہ ہراسانی کا معاملہ سامنے لائی ہیں، تب سے انہیں آن لائن تضحیک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے خلاف لاکھوں بار نامناسب الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔

اداکارہ ارمینا خان نے بھی فلم ساز جامی کا ساتھ دیتے ہوئے انہیں بہادر مرد بھی قرار دیا۔

فلم ساز مہرین جبار نے بھی جامی کے حوصلے کی تعریف کی اور لکھا کہ ہمیں چاہیے کہ ہمیں ہراسانی کا شکار ہونے والے افراد کا ساتھ دیں اور ’ریپ‘ کرنے والے درندوں کے خلاف اٹھ کھڑےہوں۔

اداکارہ و فلم ساز اینجلینا ملک نے بھی دیگر شوبز شخصیات کی طرح جامی کا ساتھ دیا اور کہا کہ وہ ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔

ساتھ ہی انہوں نے فلم ساز کی جانب سے اپنا قصہ سامنے لانے کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے دیگر کئی افراد کو ہمت فراہم کی ہےکہ وہ بھی اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو سامنے لائیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024