• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

جے یو آئی (ف) کی ذیلی تنظیم 'انصار الاسلام' پر پابندی عائد

شائع October 21, 2019 اپ ڈیٹ November 1, 2019
آئین کا آرٹیکل 256 مسلح تنظیم بنانے سے روکتا ہے، سمری وزارت داخلہ — فائل فوٹو / اے ایف پی
آئین کا آرٹیکل 256 مسلح تنظیم بنانے سے روکتا ہے، سمری وزارت داخلہ — فائل فوٹو / اے ایف پی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی ذیلی تنظیم 'انصار الاسلام' پر پابندی عائد کردی۔

کابینہ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے انصار الاسلام پر پابندی کی منظوری دی اور کابینہ ارکان سے تنظیم پر پابندی کی منظوری بذریعہ سرکولیشن لی گئی۔

وفاقی حکومت نے آرٹیکل 146 کے تحت وزارت داخلہ کو صوبوں سے مشاورت کا اختیار دے دیا۔

قبل ازیں وزارت داخلہ کی جانب سے وفاقی کابینہ کو بھیجی گئی سمری میں کہا گیا تھا آرٹیکل 256 اور 1974 ایکٹ کے سیکشن 2 کے تحت انصار الاسلام پر پابندی عائد کی جائے گی اور مشاورت کے بعد وفاقی حکومت، وزارت داخلہ کے ذریعے صوبوں کو انصار الاسلام کے خلاف کارروائی کا اختیار سونپے گی۔

وفاقی حکومت کی ہدایت پر مکمل عملدرآمد کے لیے صوبوں کو ہر قسم کی کارروائی کا اختیار ہوگا۔

مزید پڑھیں: جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ سے قبل ہی مدارس کی نگرانی شروع

سمری میں کہا گیا کہ حساس اداروں کی رپورٹس کے مطابق جے یو آئی (ف) نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کے شرکا کی سیکیورٹی کے نام پر ایک مسلح تنظیم تشکیل دی ہے۔

یہ مسلح تنظیم بظاہر حکومت کی رٹ چیلنج کرنا چاہتی ہے جس کے رضاکاروں نے خاردار تاروں سے لیس لاٹھیاں اٹھا کر پشاور کے ورکرز کنونشن میں ریہرسل اور مارچ پاسٹ کیا جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیلا۔

وزارت داخلہ نے کہا کہ ورکرز کنونشن میں مسلح فورس قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ٹکرانے کی تیاری کرتی نظر آئی اور80 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل مسلح فورس کے آزادی مارچ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

سمری میں کہا گیا کہ آئین کا آرٹیکل 256 مسلح تنظیم بنانے سے روکتا ہے اور مسلح فورس کے طور پر 'انصار الاسلام' کا قیام اس آرٹیکل کی خلاف ورزی ہے۔

وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ انصار الاسلام فورس کا اسلحے سے لیس ہونا بھی خارج از امکان نہیں لہٰذا اس کی سرگرمیاں اسلام آباد اور چاروں صوبوں کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد سے جے یو آئی (ف) کے 2 کارکن گرفتار

سمری میں کہا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے مطابق کسی مسلح تنظیم کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی جبکہ پرائیویٹ ملٹری آرگنائزیشن ایکٹ 1974 کے تحت وفاقی حکومت مسلح تنظیم کو ختم کرنے کی ہدایت کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل جے یو آئی (ف) کی فورس 'انصار الاسلام' کے دستے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں پارٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان محافظ دستے سے سلامی لیتے نظر آئے تھے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے بھی جمعیت علمائے اسلام (ف) کی ملیشیا فورس کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کے اعلان کے بعد پولیس کی جانب سے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

اسلام آباد کے تھانہ شمس کالونی میں جے یو آئی (ف) کے 2 کارکنان کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مولانا شفیق الرحمٰن اور مولانا محمد ارشاد آزادی مارچ اور دھرنے کے سلسلے میں بینرز لگا رہے تھے اور عوام کو احتجاج میں شرکت کرنے کے لیے اکسا رہے تھے۔

قبل ازیں پولیس افسران نے بتایا تھا کہ اسلام آباد پولیس نے 550 سے زائد شپنگ کنٹینرز کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک دیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024