دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹی 20 اور ٹیسٹ ٹیم کا اعلان، سرفراز باہر
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیموں کا اعلان کردیا جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد کو دونوں اسکواڈز سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ بطور چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ میری خواہش ہے کہ ہم آسٹریلیا میں جا کر اچھی کرکٹ کھیلیں۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہم نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی ہے اور ٹیم میں ایسے سرپرائز پیکج رکھنے کی کوشش کی ہے جس کے ذریعے آسٹریلیا کو چیلنج کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آسٹریلیا کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانی ہے اور آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقی میں دکھائی جانے والی کارکردگی کو دنیا مانتی ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف کرکٹ کھیلنی ہے تو ہمارے کھلاڑی بہترین ہونے چاہئیں، ہماری ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ تجربہ کار کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
ہیڈکوچ نے کہا کہ ہمیں نوجوان کھلاڑیوں پر یقین ہے اور نوجوانوں کو موقع دیں گے کیونکہ وہی ہمارا مستقبل ہیں۔
مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم کے حوالے سے ہم مکمل پراعتماد ہیں، ہمیں ان لڑکوں پر پورا یقین ہے کہ آسٹریلیا میں جاکر بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی20 اور ٹیسٹ ٹیم کا انتخاب ڈومیسٹک میچوں میں ٹیموں کے کوچز، سلیکٹرز اور دونوں ٹیموں کے کپتانوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔
مصباح الحق نے ٹی20 کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا کہ اور کہا کہ بابر اعظم کپتان ہیں اور اسکواڈ میں شامل بقیہ کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔
آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، محمد حسنین، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عامر، محمد عرفان، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، موسیٰ خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض۔
ہیڈکوچ نے بتایا کہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی ہیں اور ٹیم میں عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، امام الحق، عمران خان سینئر، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، موسی خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
قومی ٹیم میں شان مسعود کو شامل کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں مصباح الحق جنوبی افریقہ میں کھیلی گئی سیریز میں شان مسعود نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جسے دیکھتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
مصباح الحق نے سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد کو حالیہ ناقص کارکردگی کی بنیاد پر ہٹایا گیا۔
لیگ اسپنر عثمان قادر کی یکدم قومی ٹیم میں شمولیت پر کئی حلقوں نے حیرانی کا اظہار کیا کیونکہ وہ ماضی میں آسٹریلیا کے لیے مستقل کھیلنے کا ارادہ بھی ظاہر کر چکے ہیں لیکن مصباح نے ان کی شمولیت کا دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ عثمان قادر کی باؤلنگ میں ایک پھڑک نظر آئی ہے اور اسے آسٹریلیا کی بگ بیش میں بھی کھیلنے کا تجربہ ہے اور اس نے تجنی بھی وائٹ بال کرکٹ کھیلی اس میں اسے اپنے اونچے قد کی وجہ سے فائدہ پہنچتا ہے۔
مصباح نے کہا کہ عثمان قادر کے پاس اچھی ورائٹی ہے، فلیپر، گوگلی اچھی ہوتی ہے اور ان کے انتخاب کی ایک وجہ یہ ہے کہ ہمیں لیگ اسپن بیک اپ میں مسائل کا سامنا ہے اور آسٹریلیا میں ان کے تجربے اور مستقبل میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے سابق عظیم لیگ اسپنر عبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر ماضی میں اپنے کرکٹ کیریئر کو پروان چڑھانے کیلئے آسٹریلیا یا جنوبی افریقہ منتقل ہونے کا عندیہ دے چکے تھے اور اپنے اس لائحہ عمل کو عملی جامع پہناتے ہوئے آسٹریلیا میں ڈومیسٹک کرکٹ بھی کھیلنی شروع کردی تھی۔